لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ یوکے کے چھیالیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد
٭… اجتماع کے دوسرے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ سے بصیرت افروز خطاب
٭…تین روزہ اجتماع میں تقاریر، مقابلہ جات، تربیتی اجلاسات اور روحانی سرگرمیاں شامل رہیں
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ یوکے کا ۴۶واں سالانہ اجتماع ’’وَاعۡتَصِمُوۡا بِحَبۡلِ اللّٰہِ جَمِیۡعًا (اور اللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے پکڑ لو)‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۶تا ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء ہُک لین، پٹنم کے سبزہ زار میں نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

پہلا دن:اجتماع کا آغاز جمعہ ۲۶؍ستمبر کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کی براہِ راست سماعت سے ہوا۔
سہ پہر کو پہلے اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ بعد ازاں تلاوت و حفظِ قرآن کے مقابلے، انگریزی تقریر اور شاعری کے پروگرام ہوئے جن میں بچیوں اور خواتین نے نہایت شوق و جوش سے حصہ لیا۔
صدر احمدیہ مسلم وومنز سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن (AMWSA) مکرمہ عفت مرزا صاحبہ نے ’’خلافت ہمیں کس طرح تعلیم حاصل کرنے کی تحریک کرتی ہے‘‘ کے موضوع پر مؤثر انداز میں تقریر کی جس میں علم و خدمتِ انسانیت کے عملی پہلوؤں کو اجاگر کیا ۔ شاعری کے مقابلے میں شہداء کی قربانیوں، صفاتِ الٰہی اور خلافت کی برکات کو نہایت والہانہ انداز میں پیش کیا گیا۔

اسی دن علمی ایوارڈز کی تقریب بھی ہوئی جس میں کامیاب طالبات کو میڈلز، سرٹیفکیٹس اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سےقرآن کریم کی دستخط شدہ کاپیاں عطا کی گئیں۔ اس کے اختتام پر صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ نے دعا کروائی جس کے بعد مغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔
ناصرات کے پروگرام میں شاعری کے مقابلے، بچوں کی سرگرمیاں اور دن کا اختتام ناصرات کے ساتھ بان فائر نشست کے ذریعہ ہوا جس میں صدر صاحبہ، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دختر اور نواسی صاحبہ کے ساتھ سوال و جواب کا بابرکت اجلاس شامل تھا جس میں بچیوں نے پردہ، موبائل فون اور دیگر موضوعات پر راہنمائی حاصل کی۔

دوسرا دن:دوسرے دن کی کارروائی صدر لجنہ کی صدارت میں تلاوت و عہد سے شروع ہوئی۔ انگریزی تقاریر اور شاعری کے مقابلے ہوئے جبکہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نواسی یسریٰ ڈاہری صاحبہ نے ’’قول و فعل میں ہم آہنگی‘‘ کے موضوع پر ایمان افروز اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر انعامات کی تقسیم جس میں انگلش تقریری مقابلہ جات، نظم، حفظِ قرآن، مجالس کے انعامات اور ناصرات کےانعامات میں پہلی تین پوزیشنز کوٹرافیاں دی گئیں اور عائشہ اکیڈمی کی فارغ التحصیل طالبات کو اسناد اور قرآن کریم پیش کیے گئے۔ ناصرات کے لیے تقاریر، نظم اور تخلیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آگاہی اور قرآن کریم میں مذکور جانوروں پر دلچسپ پروگرام بھی رکھا گیا۔
دوپہر کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنفس نفیس اجماع گاہ تشریف لائے اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ خلاصہ خطاب کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۴؍اکتوبر۲۰۲۵ء۔
دن کا اختتام دعا اورامورطالبات کے ساتھ صدر صاحبہ یوکے، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دختر اور نواسی صاحبہ، صدر امورطالبات اور صدر AMWSA کے ساتھ سوال و جواب اور بان فائر نشست کے ذریعے ہوا۔

تیسرا دن:اختتامی دن کا آغاز بھی تلاوت و عہد سے ہوا۔ اردو اور فی البدیہہ تقاریراور نظم کے مقابلے منعقد ہوئے۔ اس کے ساتھ GCSE اور A Levels میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو انعامات دیے گئے۔ اسی طرح خصوصی ضروریات کی حامل شاملین (SEND) کے مقابلے میں لجنہ اور ناصرات کی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں یہ ممبرات اور بچیاں اپنی اپنی استعداد کے مطابق تلاوت و نظم پیش کرتیں اور اپنے ذاتی تجربات بیان کرتی نظر آئیں اور تمام شاملین کو بعد ازاں انعامات سے نوازا گیا۔
صدر صاحبہ نے انگریزی اور اردو میں اپنی تقریر میں کہا کہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ سے حقیقی محبت محض جذباتی نہیں بلکہ اپنی اصلاح، عبادات، عاجزی، استغفار اور روزمرہ زندگی میں حضور انور کی ہدایات پر عمل کے ذریعے ثابت ہوتی ہے۔
دن کے اختتامی اجلاس میں بیت بازی کا مقابلہ ہوا اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں مستورات اور ناصرات نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امامت میں نمازیں ادا کیں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس انصاراللہ کے اجتماع سے اختتامی خطاب سماعت کیا۔ دعا کے ساتھ اجتماع اپنی روح پرور فضا میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
ناصرات کے پروگرامز: ناصرات گاہ میں مختلف عمر کے گروپس (۷تا ۹، ۱۰تا۱۲ اور ۱۳تا ۱۵؍ سال) کی بچیوں کے لیے تلاوت، انگلش تقاریر، نظم اور اردو تقاریر کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ مقابلہ جات کے اختتام پر پہلی تین پوزیشنز کا اعلان کیا گیا اور کامیاب ناصرات کو ٹرافیوں سے نوازا گیا۔
ناصرات کے لیے تعلیمی و معلوماتی سرگرمیاں:ایگزیبشن مارکی میں ناصرات کے لیے مختلف معلوماتی اور تخلیقی سٹالز کا اہتمام کیا گیا جن میں AMRA کی جانب سے کلائمیٹ چینج، خطرے سے دوچار جانوروں (Endangered Species) اور قرآن میں جانوروں سے متعلق معلوماتی پریزنٹیشنز شامل تھیں۔ مارکی میں Microscopy, Spin Wheel Food Chain, Animal Quiz جیسے سٹالز لگائے گئے جن کے ذریعے بچیوں کو ماحول، جانوروں کی حفاظت اور فوڈ چین کے بارے میں عملی طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔
مارکی کے ایک حصے میں زندہ جانوروں کی نمائش بھی منعقد ہوئی، جہاں بچیوں نے جانوروں کو قریب سے مشاہدہ کیا اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک سیکھا۔ اس کے علاوہ فن فئیر میں جمپنگ کاسل، باسکٹ بال، سلائیڈز اور دیگر کھیلوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی جس سے ناصرات کے لیے علم و تفریح دونوں مواقع میسر آئے۔ مجموعی طور پر یہ سرگرمیاں بچیوں کی دینی، علمی اور عملی تربیت میں معاون ثابت ہوئیں۔
ناصرات ایکٹیویٹیز مارکی اور فن فیئر:اجتماع کے دوران ناصرات ایکٹیویٹیز مارکی میں بچیوں کے لیے متنوع، تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں کا نہایت منظم طور پر اہتمام کیا گیا۔ مارکی کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے دلکش انداز میں سجایا گیا جہاں ڈیوٹی پر موجود کارکنات بچیوں کو منظم طریق پر مختلف سٹالز اور سرگرمیوں تک لے جاتی رہیں۔ سرگرمیوں میں پوسٹرز بنانا، رنگ بھَرنا، لکڑی کے کوسٹرز اور فوٹو فریم تیار کرنا، موتیوں سے بریسلٹ بنانا، عربی خطاطی، چار سوتی کڑھائی اور مختلف ہنر سیکھنے کے عملی مواقع شامل تھے۔
ناصرات کی محنت سے تیار کردہ اشیاء مثلاً مسجد فضل، مسجدمبارک اور خانہ کعبہ کے ماڈلز، قروشیہ کے سویٹرز اور اون سے بنے آرائشی نمونے نمائش کے لیے پیش کیے گئے جنہوں نے ان کی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
AMRA مارکی میں ناصرات کو قرآنِ کریم میں مذکور جانوروں اور حشرات کے بارے میں دلچسپ اور معلوماتی پریزنٹیشنز دکھائی گئیں۔
مارکی میں بچیوں کے لیے ریفریشمنٹ اور ایک معلوماتی ہیلپ ڈیسک کا انتظام بھی کیا گیا تھا جہاں روزانہ کی سرگرمیوں کا شیڈول نمایاں طور پر آویزاں تھا تاکہ بچیاں اور ان کی مائیں بآسانی معلومات حاصل کر سکیں۔ مجموعی طور پر یہ مارکی ناصرات کی دینی، اخلاقی، تخلیقی اور سماجی تربیت کا بہترین ذریعہ ثابت ہوئی۔
لیکچرز مارکی اور تربیتی اجلاسز:اجتماع کے دوران لیکچرز مارکی میں AMRA اور AMWSA ٹیم کی جانب سے متنوع علمی و تربیتی تقاریر پیش کی گئیں جن کا مقصد لجنہ ممبران میں دینی فہم، خود اصلاح اور روحانی تربیت کو فروغ دینا تھا۔ ان موضوعات میں حجاب کا فلسفہ، حیاء کی روح، خلافت کی برکات، نیورو ڈائیورسیٹی، ازدواجی زندگی میں اخلاقی اوصاف اور عربی زبان کی اہمیت جیسے موضوعات شامل تھے۔
اس کے علاوہ امورِ طالبات کے زیرِ اہتمام اجلاسز میں گھر سے دُور تعلیم حاصل کرنا، وصیت اور فلسطین و غزہ کی صورتحال پر پریزنٹیشنز شامل تھیں جنہوں نے سامعین پر گہرا روحانی اور جذباتی اثر چھوڑا اور شکرگزاری و ہمدردی کے جذبے کو فروغ دیا۔
شعبہ کڈز انڈر ۷:سات سال سے کم عمر بچوں کے لیے پہلی بار تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں کہانی سنانا، کوئز، رنگ بھرنا اورعملی کھیل شامل تھے۔ سرگرمیوں میں Spot the Difference, Look and Remember نیز نماز کی پوزیشنز پہچان اور پانچ ارکانِ اسلام کی تعلیم دی گئی۔ ہر سرگرمی مکمل کرنے پر بچوں کو سٹار سٹیکر اور کم از کم چھ مکمل کرنے پر خصوصی انعامات دیے گئے۔
شعبہ رہائش گاہ:سالانہ اجتماع میں شامل مستورات اور بچیوں کے لیے آرامدہ اور محفوظ رہائش گاہ فراہم کی گئی جس میں ہلکا ناشتہ، چائے، دودھ، کھانے کے اوقات، ٹوسٹر، مائیکروویو، فریج اور کپڑے استری کرنے کی سہولت موجود تھی۔ تقریباً ۴۷۵؍مستورات کو ٹھہرانے کا انتظام کیا گیا اور کارکنات ۲۴؍گھنٹے ڈیوٹی پر مستعد رہیں۔
شعبہ ہومیو پیتھی:ہومیو پیتھی مارکی میں ادویات، ڈاکٹرز کے نسخے اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے نسخے دستیاب تھے۔ اجتماع کے دوران تقریباً ۶۰۰؍مریضوں کو دوا فراہم کی گئی اور شعبہ نے علاج و احتیاط کی ہدایات کے ساتھ خدمت انجام دی۔
لجنہ بازار:لجنہ بازار میں خواتین اور بچیوں کے لیے کپڑے، کھلونے، جیولری، برقعے، سکارف وغیرہ کے سٹالز لگائے گئے۔ کھانے کی اشیاء میں مصالحہ فش، سموسہ، چاٹ، پکوڑے، گلاب جامن، آئس کریم اور نگٹس شامل تھے۔
چائے کا سٹال:چائے کے سٹال نے سالانہ اجتماع میں شرکاء کے لطف کو دوبالا کیا۔ مختلف اقسام کی چائے، قہوہ، ہاٹ چاکلیٹ اور دودھ ہر وقت دستیاب تھی۔ سٹال ۲۴؍ گھنٹے فعال رہا اور ۱۵؍کارکنات نے چائے کی تیاری اور فراہمی کے تمام مراحل سنبھالے۔
شعبہ امورِ طالبات:امورِ طالبات شعبہ نے طالبات کی تعلیم اور دیگر مسائل پر راہنمائی فراہم کی۔ انٹرایکٹو اجلاسات میں سوال و جواب، عملی تجاویز اور pass the parcel کھیل شامل تھا۔ اس شعبے نے طالبات، والدین اور SEND طلبہ کے لیے معلوماتی ماحول فراہم کیا۔
شعبہ ڈسپلن:شعبہ ڈسپلن نے اجتماع گاہ میں نظم و ضبط برقرار رکھا، صفائی اور منظم ماحول کو یقینی بنایا۔ ہر دروازے پر تربیت یافتہ سپروائزرز تعینات کیے گئے اور خصوصی ضرورتوں والے افراد کے لیے علیحدہ نشستوں کا انتظام کیا گیا۔
شعبہ ڈسپلن (بیرون):یہ شعبہ اجتماع گاہ کے بیرونی علاقوں میں صفائی، بن بیگز کی تبدیلی، لجنہ مارکی کے گیٹس کی نگرانی اور شرکاء کے داخلے و اخراج میں منظم خدمات فراہم کرتا ہے۔ ترجیحی دروازے خصوصی ضرورتوں والی خواتین اور بزرگوں کے لیے مقرر کیے گئے۔
شعبہ SEND: یہ شعبہ خصوصی ضروریات کے حامل افراد کی معاونت کے لیے سرگرم رہا تاکہ وہ اجتماع کے ہر پہلو سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ شعبہ نے سہولت، تعاون اور آگاہی فراہم کرتے ہوئے inclusive ماحول قائم کیا اور دیگر شعبہ جات میں بھی SEND کے حوالے سے شعور پیدا کیا۔
الحمدلله، یہ سہ روزہ اجتماع عبادت، علم، تربیت اور خلافتِ احمدیہ سے والہانہ محبت کے جذبات سے لبریز ایک بابرکت تجربہ ثابت ہوا۔
(رپورٹ:لبنیٰ سہیل۔ نیشنل سیکرٹری اشاعت لجنہ اماء اللہ یوکے)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مسجد بیت السمیع کے قیام کےليے ایک عمارت کی خرید




