سپورٹس بلیٹن
کرکٹ: جنوبی افریقہ، انگلینڈ،بھارت اورنیوزی لینڈ نےآئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ۲۰۲۶ء کے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی۔سپر اَیٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے بھارت، ویسٹ انڈیزاورزمبابوے کو شکست دے کراپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔بھارت نےجنوبی افریقہ سے ہارکے بعد زمبابوے اور ویسٹ انڈیزکے خلاف کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔دوسرے گروپ میں انگلینڈ نے سری لنکا،پاکستان اورنیوزی لینڈکے خلاف اپنے میچز جیتے۔ نیوزی لینڈاور پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہوا جبکہ سری لنکا کے خلاف کیوی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
سپراَیٹ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو چاروکٹوں سے ہرایا۔اس نتیجے کے بعد پاکستان کوسیمی فائنل میں پہنچنے کا سنہری موقع ملا۔ سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں پاکستانی اوپنرزنے۱۷۶؍رنزکا ریکارڈ آغاز فراہم کیا، صاحبزادہ فرحان نے اس ورلڈکپ میں اپنی دوسری سینچری بنائی اور فخرزمان نے ۴۲؍گیندوں پر ۸۴؍رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری چار اوورز میں پاکستانی ٹیم صرف ۳۵؍رنز کا اضافہ کرسکی۔ پاکستان کوسیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سری لنکن ٹیم کو ۱۴۷؍یا اس سے کم رنز پر روکنا تھا لیکن پاکستانی بالرز نے ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سری لنکا یہ میچ صرف۵؍رنزسے ہار گیا۔ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپناآخری گروپ میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف جیتنا تھا۔ ایڈن گارڈنزکولکتہ میں ہونے والے اس مقابلے میں بھارت نے ٹاس جیت کرگیندبازی کی۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ ۲۰؍اوورز میں ۱۹۵؍رنز بنائے۔ جواب میں بھارت نے Sanju Samson کے۵۰؍گیندوں پر شاندار ۹۷رنز ناٹ آؤٹ کی بدولت فتح حاصل کی۔
ٹینس:قطر اوپن کے مینزسنگلز فائنل میں Carlos Alcaraz نے فرانس کے Arthur Fils کو یکطرفہ مقابلے میں ۶۔۲؍اور ۶۔۱؍کے اسکور سے ہرادیا۔عالمی نمبر ایک ہسپانوی کھلاڑی الکاریز نے رواں سال ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اس میچ کو صرف۵۰؍منٹ میں جیت کراپنے کیریئر کا ۲۶ واں اے ٹی پی ٹائیٹل اپنے نام کیا۔
فٹبال:یوئیفا چیمپئنز لیگ کے پلے آف مرحلے میں نارویجن کلب Bodo/Glimtنے معروف اطالوی کلب انٹرمیلان کو دونوں میچز میں شکست دے کر راؤنڈ آف ۱۶؍ میں جگہ بنالی۔Bodo/Glimtنے پہلے لیگ میں ۳۔۱؍جبکہ دوسرے لیگ کے میچ میں ۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے legکے دیگرمیچز میں ریال میڈرڈنے بینفیکا کو۲۔۱؍سے ہرایا، اطالوی کلب Atalanta نے جرمنی کے ڈورٹمنڈکلب کوایک کے مقابلے میں چارگول سے شکست دی،پی ایس جی اورمناکو کا مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابر ہوا، تاہمPSG راؤنڈ آف ۱۶؍میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔ ایتھلیٹکومیڈرڈ،لیورکیوسن، نیوکاسل، اورGalatasarayکی ٹیمیں بھی آخری سولہ میں پہنچ گئیں۔ یوئیفا چیمپئنز لیگ کے راؤنڈ آف ۱۶؍ کے میچز کا آغاز ۱۰؍مارچ سے ہوگا جس میں PSG اور انگلش کلب چیلسی مدّمقابل ہوں گے،ریال میڈرڈکا مقابلہ مانچسٹرسٹی سے ہوگا، بارسلونا اور نیوکاسل آمنے سامنے آئیں گے،لیورپول کا ترکش کلب Galatasaray سے ٹکراؤہوگا جبکہ بائرن میونخ کو Atalanta سے مقابلہ کرنا ہوگا۔
ہاکی:مصر کے شہر اسماعیلیہ میں جاری ہاکی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان نے چین کے خلاف چار کے مقابلے میںپانچ گول سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے ملائیشیا کو ۵۔۳؍سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی اور یوں ہاکی ورلڈکپ ۲۰۲۶ء کےلیے کوالیفائی کرنے کی راہ ہموارکرلی۔ دوسرے گروپ میں انگلینڈنے جاپان کو ۵۔صفراور مصرکو۳۔صفر سے ہرایا۔ہاکی ورلڈکپ کے لیے دوسراکوالیفائنگ ٹورنامنٹ چلی کے شہر سینتیاگو میں جاری ہے۔واضح رہے کہ ہاکی کا عالمی ٹورنامنٹ رواں برس ۱۴ سے ۳۰؍اگست بیلجیم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا جس میں ۹؍ٹیمیں پہلے ہی اپنی جگہ پکی کرچکی ہیں جبکہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹس سےمزیدسات ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭




