آسٹریا کی لوکل جماعت Innsbruck میں امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد
مکرم محمد امجد خان صاحب صدر جماعت احمدیہ انسبرک، آسٹریا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے آسٹریا کے صوبہ Tirol کے دارالحکومت انسبرک (Innsbruck) میں لوکل جماعت کو مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو ایک امن کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

یہ کانفرنس Residence O Village Innsbruck Social Services GmbH میں منعقد ہوئی جس کا مقصد موجودہ معاشرتی حالات میں امن، رواداری، باہمی احترام اور مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دینا تھا۔ اس کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر اور معاشرتی حلقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۳۰؍مہمانوں اور ۱۳؍احمدی احباب نے شرکت کی۔ اس طرح کل حاضری ۴۳؍افراد پر مشتمل رہی۔ پروگرام کا دورانیہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ رہا۔
امن کانفرنس میں تین معزز مقررین نے اظہار خیال کیا۔ جماعت احمدیہ کی نمائندگی مکرم محمد یونس ماہر ہوفر صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے کی جبکہ دیگر مقررین میں رومن کیتھولک چرچ کی نمائندہ اور آسٹریا کی مذہبی جماعت Vereinigungskirche کے نمائندہ شامل تھے۔ تمام مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پائدار امن کے قیام کے لیے مکالمہ، برداشت اور باہمی احترام نہایت ضروری ہیں۔
امن کانفرنس کی تیاری کے سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ انسبرک کے ۸؍احباب کو مختلف اوقات میں دو دن وقار عمل کی توفیق ملی۔ پروگرام سے تقریباً ایک ہفتہ قبل ۳۰۰۰؍ کے قریب فلائرز مختلف مقامات پر تقسیم کیے گئے اور فیس بک پر بھی اشتہار دیا گیا۔ اس طرح تیاری کے دوران بھی مختلف پلیٹ فارمز پر تبلیغی مہم چلانے کی توفیق ملی اور اسی سلسلے میں ایک مقامی فلاحی ادارے “Beziehungsweise Lernen” (جہاں مفت جرمن زبان کے کورسز اور سماجی و تعلیمی معاونت فراہم کی جاتی ہے) میں بھی امن کانفرنس کے فلائرز تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں ایک مقامی اخبار اور ایک فلاحی تنظیم نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس پروگرام کی پیشگی تشہیر کی۔ پروگرام کے دوران چار زبانوں (اردو، جرمن، عربی اور ترکی) میں تبلیغی سرگرمیاں ہوئیں۔ جرمن، انگریزی اور عربی زبانوں میں اسلامی کتب پر مشتمل بک سٹال اور اسلام و قرآن کی نمائش بھی لگائی گئی جس میں مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
شاملین نے مجموعی طور پر اس امن کانفرنس کو نہایت مفید، وقت کی ضرورت اور متاثرکن قرار دیا۔ متعدد مہمانوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد ہونے چاہئیں تاکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور امن کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اللہ تعالیٰ اس حقیر کوشش کو قبول فرمائے اور اسے آئندہ بھی امن، محبت اور خیر کے پیغام کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ : مبارک احمد فرخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کی مقامی جماعت اسلام گنج ضلع سنام گنج میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد




