مجلس انصاراللہ جرمنی کی ماہ جنوری ۲۰۲۶ء میں بعض مساعی
مکرم فاروق احمد چیمہ صاحب قائد عمومی مجلس انصار اللہ جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ جرمنی دیگر تنظیمی مجالس کی طرح اپنی مساعی میں سرگرم ہے۔ ماہ جنوری ۲۰۲۶ء میں مجلس کے مختلف پروگراموں کی مختصر رپورٹ قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔
نئے سال کا آغاز/وقار عمل:مجلس انصار اللہ جرمنی نے نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا۔ نماز فجر اور اجتماعی ناشتہ کے بعد مختلف مجالس میں ممبران مجلس انصار اللہ نے کثیر تعداد میں خدام کے شانہ بشانہ مختلف شہروں میں وقار عمل کی توفیق پائی۔ الحمدللہ

چونکہ یہ وقار عمل شہری انتظامیہ کی اجازت سے ہوتے ہیں، لہٰذا اس کے ليے شہری انتظامیہ کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کا بھی موقع ملتا ہے، نیز ان پروگرامز کی سوشل میڈیا اور اخبارات میں کوریج کی وجہ سے بھی جماعت کا پیغام کثیر تعداد تک پہنچتا ہے۔
شعبہ ایثار: مجلس انصاراللہ جرمنی کو شعبہ ایثار کے تحت ماہ جنوری ۲۰۲۶ء میں کُل ۴۷۱۹؍ بے گھر افراد میں کھانا تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ اس سلسلہ میں دوران ماہ ۱۵؍علاقہ جات کی ۵۶؍مجالس کے ۲۸۱؍انصار نے اپنی خدمات پیش کیں۔

ذہانت وصحت جسمانی: مجلس انصار اللہ جرمنی انصار بھائیوں کو جسمانی طور پر فعال رکھنے کے لیے دوران سال مختلف سطحوں پر ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ اس سلسلہ میں ماہ جنوری میں جرمنی بھر کی ۵۰؍مجالس میں سپورٹس کے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا جس میں صف اوّل کے ۱۸۰؍ اور صف دوم کے ۳۱۳؍انصار شامل ہوئے۔
ریفریشر کورسز شعبہ جات:مجلس انصار اللہ جرمنی کی درج ذیل قیادتوں کو علاقائی سطح پر اپنے سالانہ ریفریشر کورسز کے انعقاد کی توفیق ملی: قیادت عمومی، قیادت تجنید، قیادت مال نیز آڈیٹر۔ ان ریفریشر کورسز کا آغاز مورخہ ۱۷؍جنوری ۲۰۲۶ء کو ہوا اور ماہ جنوری میں کل ۴؍علاقہ جات کے ریفریشر کورسز کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔

استقبالیہ پروگرامز صف دوم: ۱۷؍جنوری ۲۰۲۶ء کو مجلس انصار اللہ جرمنی صف دوم کے تحت مجلس انصار اللہ میں خدام الاحمدیہ سے نئے شامل ہونے والےانصار بھائیوں کے ليے علاقہ باڈن میں استقبالیہ پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مبنی ویڈیو اقتباسات پیش کيے گئے، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں اور حضرت مصلح موعودؓ کی ہدایات کے حوالے سے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی گئی۔ اور مجلس انصار اللہ کا تعارف، تنظیمی ڈھانچہ، اہم پروگراموں اور صف دوم کے لائحہ عمل سے آگاہی دی گئی۔ اس کےليے انہیں جسمانی طور پر بہت فعال ہونے، سائیکل باقاعدگی سے چلانے، ورزش اور سپورٹس کے پروگراموں کی طرف راہنمائی بھی کی گئی مختلف اہداف طے کر کے ان کو حاصل کرنے اور اپنا جائزہ لیتے رہنے کےليے کچھ تجاویز، مشورہ جات اور ٹریننگ بھی دی گئی۔

پروگرام کا آغاز تقریباً ۱۲؍بجے تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا۔ عہد، نظم، پروگرام کا دیگر مواد پیش کرنے، سوالات اور تحائف کی تقسیم کے بعد سوا ایک بجے کھانے کا اہتمام کیا گیا اور دو بجے نماز کی ادائیگی کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے انصار بھائیوں کو تحفہ اور یادگار کے طور پر جائے نماز، انصار اللہ کا رومال، ڈائری، پین اور بیج دیے گئے۔
پروگرام میں علاقہ باڈن کے نئے انصار کے ساتھ، زعمائے مجالس اور صف دوم کے عہدیداران سمیت کُل ۴۸؍انصار شامل ہوئے(امسال اس علاقہ میں۳۱نئے انصار شامل ہوئے جن میں سے ۱۴؍نئے انصار پروگرام میں حاضر ہوئے )۔ استقبالیہ پروگرام سے قبل علاقہ باڈن کے زعمائے مجالس کے ساتھ ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کے حوالے سے میٹنگ بھی کی گئی۔
تبلیغی سرگرمیاں: مورخہ ۲۱؍جنوری کو مجلس Frankenthalمیں کل ۶؍کتب اوپن لائبریری میں رکھوائی گئیں۔ نیز مورخہ ۳۱؍جنوری کو مجلس Wittlich میں تبلیغ سٹینڈ لگایا گیا جس دوران مفت لٹریچر اورفلائرز تقسیم کيے گئے اور انفرادی طور پر سٹال پر آنے والوں کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔ ۵؍انصار نے اس موقع پر خدمت کی توفیق پائی۔
اسی طرح ۳۱؍جنوری کو مجلسLudwigshafen میں تبلیغ سٹینڈ لگایا گیا اور ۴؍انصار تبلیغی پیغامات کے پوسٹر پکڑ کر مین مارکیٹ ایریا میں جماعت کے تعارف کے ليے کھڑے رہے۔ نیز مجلس Bad Marienberg میں بھی ۳۱؍جنوری کو ایک تبلیغ سٹینڈ لگایا گیا اور اوپن لائبریری میں کتب رکھوائی گئیں۔
۲۰؍جنوری ۲۰۲۶ء کو مجلس Freinsheimمیں کُل ۹؍کتب اوپن لائبریری میں رکھوائی گئیں۔ نیز ۲۰؍جنوری کو مجلس Neuwied میں ایک مختصر تبلیغ نشست کا انعقاد کیا گیا۔
۳؍جنوری کو مجلس Wiesbaden Mitteمیں شہر کی مین مارکیٹ کے ایریا میں انصار بھائی جماعت کے پُرامن پیغامات کے پوسٹر لے کر کھڑے ہوئے اور تبلیغ سٹینڈ لگایا گیا جس دوران تبلیغی فلائرز اور لٹریچر تقسیم کيے گئے اور دلچسپی لینے والے احباب سے بات چیت کر کے ان کے سوالوں کے جواب بھی دیے گئے۔ الحمدللہ
(رپورٹ:عرفان خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جاپان میں تقریب آمین اور دعاؤں کے ساتھ رمضان کا بابرکت اختتام




