حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی نشریاتی ادارے CNN کے مطابق ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ اپنی فضائیہ کے کم از کم سات جنگی طیارے کھو چکا ہے۔ گرائے گئے طیاروں میں ایف35، ایف15 ایگل اور ای-تھری جاسوس طیارے شامل ہیں۔ حالیہ واقعے میں ایران کی حدود میں ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرایا گیا، جس کے بعد ایرانی حکام نے لاپتہ امریکی پائلٹ کو تلاش کرنے کے لیے مالی انعام کا اعلان کیا۔ ابتدائی دعوے کے برخلاف تباہ ہونے والا طیارہ ایف15 اسٹرائیک ایگل نکلاجس میں دو افراد کا عملہ سوار تھا۔

٭…ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ایئرفورس افسر کی تلاش میں شریک ایک امریکی سی30طیارہ اور اس کے ساتھ موجود ڈرون تباہ کر دیے گئے۔ روسی میڈیا نے مشتبہ ہیلی کاپٹر گرنے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق دو امریکی ٹرانسپورٹ طیارے، جو کمانڈوز اور ایئر مین کو محفوظ مقام تک لے جانے گئے تھے، ایران کے ایک دور دراز اڈے پر پھنس گئے۔ بعد ازاں تین نئے طیارے بھیجے گئے تاکہ امریکی افواج کو نکالا جا سکے، جبکہ کمانڈوز نے خراب طیاروں کو تباہ کر دیا تاکہ وہ ایرانیوں کے ہاتھ نہ لگیں۔

٭…ایران کی حکومت نے امریکی پائلٹ کو گرفتار کرنے میں مدد دینے والوں کے لیے دس ارب تومان (تقریباً ساٹھ ہزار ڈالر) انعام کا اعلان کیا جس کے بعد علاقے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ اس اعلان کے فوری بعد سڑکوں پر شدید ٹریفک جام پیدا ہوگیا، جس کی ویڈیو روسی میڈیا نے نشر کی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایرانی شہری ایف15 طیارے کے پائلٹ کو پکڑنے کے لیے جوق در جوق اس علاقے کی جانب رواں ہیں۔

٭…امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا مصنوعی ذہانت پروگرام Project Maven ایران کے خلاف کارروائیوں میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ ۲۰۱۷ء میں شروع ہونے والا یہ پروگرام ابتدا میں ڈرون فوٹیج کے تجزیے کے لیے تھا، مگر اب یہ مکمل اے آئی بیسڈ ٹارگٹنگ اور بیٹل فیلڈ مینجمنٹ سسٹم میں تبدیل ہو گیا ہے۔ نظام سیٹلائٹ تصاویر اور فوجی معلومات کو یکجا کر کے اہداف کی فوری نشاندہی کرتا ہے۔ گوگل ابتدائی پارٹنر تھا، مگر اخلاقی خدشات پر ۲۰۱۸ء میں معاہدہ ختم ہوا۔ آپریشن کے ابتدائی ہفتوں میں سینکڑوں اہداف پر حملے کیے گئے جبکہ ایرانی دعوے کے مطابق اسکول بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ۱۶۸؍بچے ہلاک ہوئے۔

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button