متفرق

ربوہ کا موسم(۸تا۱۴؍مئی ۲۰۲۶ء)

۸؍مئی جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت آہستہ رفتار سے خوشگوار ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی جو تمام دن جاری رہی اور دھوپ کے باوجود موسم ٹھیک رہا، کہیں کہیں بادل بھی دیکھنے کو ملتے تھے۔ ہفتہ کو آسما ن صاف ہونے کی وجہ سے سورج خوب چمک رہا تھا جس کی وجہ سے گرمی محسوس ہوتی تھی۔ اتوار کی صبح کو ہوا چل رہی تھی، موسم خوشگوار تھا لیکن سورج کی وجہ سے دوپہر اور بعد دوپہر گرمی بڑھ گئی عصر کے بعد کچھ بادل مغرب کی طرف سے آئے، ساتھ ان کے مٹی بھی تھی، کچھ ہی دیر میں پہلے ہلکی ہوا چلی اور پھر اس نے آندھی کی شکل اختیار کرلی جو دو اڑہائی گھنٹے تک چلتی رہی پھر مٹی ختم ہوگئی اور تیز ہوا جاری رہی۔ سوموار کو آسمان پر بادل تھے اور رات والی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، دوپہر تک بادل کچھ کم ہوگئے، کبھی سورج دھوپ بکھیرتا اور کبھی بادلوں کی اوٹ میں چلا جاتا، اسی آنکھ مچولی میں دن بیت گیا۔

منگل کا دن صاف اور دھوپ والا تھا لیکن آہستہ رفتار سے چلنے والی ہوا نے موسم کو خوشگوار کردیا تھا، اس ہوا کی شدت میں اضافہ سر شام ہی ہوگیااور دیکھتے ہی دیکھتے یہ آندھی کی شکل اختیا ر کرگئی، رات کو مٹی ختم ہوگئی اور ٹھنڈی اور خوشگوار ہوا چلتی رہی جس نے خنکی میں اضافہ کردیا۔ بدھ کو دھوپ کی وجہ سے گرمی لگتی تھی، موسم گرمی کی طرف مائل تھا۔ جمعرات کو ہوا کی وجہ سے گرمی کچھ کم لگ رہی تھی۔ عصر کے بعد مغرب کی طرف سے آسمان پر بادل اور مٹی ایک ساتھ مل کر آتے ہوئے نظر آئے، جوکچھ ہی دیر میں آسمان پر چھا گئے، پہلے آندھی اور پھر بارش نے سماں باندھ دیا۔ ایک گھنٹے تک برسنے والی اس بارش نے چھڑکاؤ کردیا اور موسم کو بھی خوشگوار بنا دیا۔ رات بھر ٹھنڈی ہوا اس بہترین موسم کا حصہ بنی رہی۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۸؍ اور کم سے کم ۲۶؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button