تازہ ترین: ۳۳ویں جلسہ سالانہ سویڈن کے دوسرے دن کی مختصر روئیداد
(مسجد ناصر، گوتھن برگ، سویڈن، ۱۴جون ۲۰۲۶ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مورخہ ۱۴؍جون بروز اتوار جماعت احمدیہ سویڈن کے ۳۳ویں جلسہ سالانہ کا دوسرا دن تھا۔ شعبہ ٹرانسپورٹ نے صبح سویرے ہی رہائش گاہوں سے احباب جماعت کو مسجد لانا شروع کیا تاکہ بروقت ناشتہ کر کے جلسہ میں احباب شامل ہوسکیں۔

اجلاس سوم: صبح آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک ناشتہ کا پروگرام تھا، ناشتہ سے فارغ ہونے والے جلسہ گاہ میں تشریف لے جاتے رہے۔ ٹھیک دس بجے اجلاس کی کارروائی مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کی صدارت میں شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم حافظ فوذان احمد صاحب کے حصہ میں آئی۔ آپ نے سورۃ اٰل عمران کی آیات ۱۰۳ تا ۱۰۶ کی تلاوت مع اردو ترجمہ پیش کی۔ مکرم یوسف صلاح الدین صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلاس پیش کیا۔

اجلاس کے پہلے مقرر ڈاکڑ تحسین اسلم صاحب تھے آپ نے ’’گناہ سے نجات کا ذریہ۔ یقین (معرفت الٰہی)‘‘ کے موضوع پرسویڈش زبان میں تقریر کی۔ دوسرے مقرر مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن تھے جنہوں نے ’’باہمی اخوت و محبت/جماعت میں اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا اور حفظ مراتب‘‘ کے موضوع پر اردو زبان میں تقریر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقریر خاکسار (مبلغ سلسلہ لولیو) نے ’’انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر کی۔

اجلاس کے اختتام پرشاملین جلسہ کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب سویڈن کی اقتدا میں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔
چوتھا و اختتامی اجلاس: دو بجے دوپہر آج کے دوسرے اور ۳۳ویں جلسہ سالانہ کے چوتھے و اختتامی اجلاس کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم شازل احمد افضل صاحب نے کی آپ نے سورۃ النور کی آیات ۵۵ تا ۵۸ کی تلاوت مع اردو ترجمہ پیش کی۔ جس کے بعد مکرم طارق یوسف صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے منظوم کلام میں سے نظم خوش الحانی سے پڑھی۔ آج کے پہلے مقرر وسیم احمد ظفر صاحب تھے جن کی تقریر کا عنوان تھا ’’اطاعت اور وفاداری: خلافت کی اطاعت کو برقرار رکھنا‘‘۔ یہ تقریر سویڈش زبان میں ہوئی۔ دوسری تقریر بھی سویڈش زبان میں تھی جو مکرم مصعب رشید صاحب مبلغ سلسلہ سٹاک ہالم نے ’’شناخت اور مقصد: نوجوان احمدیوں کے لیے بیعت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم مبلغ انچارج صاحب سویڈن کی تھی۔ آپ نے اردو زبان میں ’’نفسانی جوشوں سے بچنا (دوسری شرط بیعت)‘‘ کے موضوع پر کی۔ اجلاس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب جماعت سویڈن نے تمام شاملین جلسہ، مہمان مقررین اور جلسہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد دعا کے ساتھ یہ جلسہ اپنے اختتام کو پنہچا۔ محترم امیر صاحب نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ۸۴۱؍احباب و خواتین نے جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ازراہ شفقت اجازت سے جلسہ کی لائیو سٹریم ہوئی۔ اسی طرح جلسہ کے وقفہ کے دوران سٹوڈیو پروگرامز بھی ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آن لائن جلسہ سالانہ کو دیکھنے والے لوگوں کی تعداد ۳۰۰۰ سے زائد رہی۔ الحمد للہ