جماعت احمدیہ جاپان کے ایک وفد کا Mampuki-ji Temple کا تبلیغی دورہ

Mampuki-ji Templeجو کہ بدھ مت کے اوباکو زین فرقے کا مرکزی مندر ہے جو ۱۶۶۱ء میں کیوتو کے قریب اوجی نامی علاقے میں اس فرقے کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے طور پر تعمیر کیا گیا۔ اس مندر کی عمارارت، مجسمے اور باغات چین کے منگ دور کی طرز تعمیر سے گہری مماثلت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے یہ جاپان کے دیگر بدھ مت کے مندروں کے مقابلے میں زیادہ چینی طرز کا حامل دکھائی دیتا ہے۔

الحمدللہ، جماعت احمدیہ کے وفد کو مورخہ ۲۹؍مارچ کو بدھ مت کے اس تاریخی مندر میں تبلیغی دورہ کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ مندر میں داخل ہوتے ہی ہیڈ مونک نے نہایت گرمجوشی اور خندہ پیشانی سے ہمارا استقبال کیا۔ باہمی تعارف کے بعد انہوں نے اپنی مخصوص عبادت قریب سے ملاحظہ کرنے کی دعوت دی جو ایک نہایت دلچسپ اور منفرد تجربہ تھا۔

بعد ازاں مکرم انیس رئیس صاحب مبلغ انچارج و صدر جماعت جاپان نے نہایت مؤثر انداز میں اسلام احمدیت کا تعارف پیش کیا اور انہیں مسجد تشریف لانے کی دعوت دی۔ موصوف مونک صاحب نے بڑی محبت اور خلوص کے ساتھ اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا: ’’یقیناً اسلام ایک خوبصورت مذہب ہے جو امن کی تعلیم دیتا ہے۔ میں ضرور آپ کی مسجد آؤں گا۔‘‘
اس کے بعد انہوں نے نہایت شفقت کے ساتھ ہمیں مندر کا تفصیلی دورہ کروایا اور اس کی مختصر مگر معلوماتی تاریخ سے بھی آگاہ کیا۔ آخر میں انہوں نے اپنے روایتی کھانوں سے ہماری پرتکلف مہمان نوازی کی جس نے اس ملاقات کو مزید یادگار بنا دیا۔
(رپورٹ:دانیال داؤد۔ مبلغ سلسلہ جاپان)
٭…٭…٭
