لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے تحت ملک بھر میں مقامی اور ضلعی سطح پر تعلیمی و تربیتی کلاسز کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کو دسمبر ۲۰۲۵ء تا مارچ ۲۰۲۶ء کے دوران ملک بھر میں تعلیمی و تربیتی کلاسز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
ان کلاسز میں قرآن ناظرہ و حفظ، دعا، حدیث اور نظم کے ساتھ ساتھ مختلف تربیتی موضوعات پر تقاریر اور سیمینارز منعقد ہوئے۔ تقاریر میں نماز کی اہمیت و فضیلت، شرائط بیعت پر عمل، حضرت آمنہؓ کی سیرت، سلام کو رواج دینے کی برکات، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے حقوق، نظام وصیت اور مالی قربانی کی اہمیت جیسے موضوعات شامل تھے۔ نیز ازدواجی زندگی کے مسائل، دینی اقدار کی روشنی میں مناسب رشتہ کے انتخاب، جماعت سے باہر ازدواجی تعلقات کے نقصانات اور سوشل میڈیا کے مثبت و منفی استعمال پر بھی راہنمائی فراہم کی گئی۔ اسی طرح ازدواجی مسائل اور سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالہ سے خصوصی سیمینارز بھی منعقد ہوئے۔
الحمدللہ، یہ تعلیمی و تربیتی کلاسز ملک بھر کی ۱۱۲؍مجالس میں منعقد ہوئیں جن میں ممبرات لجنہ اماءاللہ، ناصرات، اطفال، خدام اور مہمانوں سمیت مجموعی طور پر ۵۳۳۳؍افراد نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ان پروگرامز کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے تعلیمی و تربیتی معیار کو مزید بلند فرماتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
