واقفین نَو و واقفات نَو گیمبیا کا تیرھواں نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے شعبہ وقف نَو کو اپنا تیرھواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۱؍جون ۲۰۲۶ء بروز اتوار جماعت کے نیشنل ہیڈکوارٹر بانجل/کومبو کی جامع مسجد بیت السلام میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع کے ليے واقفین بچے اور والدین ایک روز قبل ہی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ اجتماع کےروز صبح شاملین کو ناشتہ پیش کیا گیا۔
پہلا اجلاس:اجتماع کے پہلے اجلاس کی صدارت مکرم بلال جاؤ صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نَو نے کی۔ اجتماع بروز اتوار صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم، حدیث اور قصیدہ سے شروع ہوا۔ اس کے بعد نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نَو نے اپنی افتتاحی تقریر میں تمام بچوں اور والدین کو خوش آمدید کہا نیز خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں واقفین نَو بچوں اور بچیوں کو نصائح کیں۔ اس کے بعد مکرم نوید احمد قمر صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’خدمت دین کو اک فضل الٰہی جانو‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس میں انہوں نے قرآن کریم، حدیث، حضرت مسیح موعودؑ و خلفاء کے ارشادات اور خدمت اسلام کی اہمیت پر زور دیا۔ نیز والدین کو نصیحت کی کہ اپنے بچوں کی شروع سے اسی نہج پر تربیت کرنی چاہيے۔

مقابلہ جات کا انعقاد:ان تقاریر کے بعد ساڑھے گیارہ بجے تا نماز ظہر تک علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں نصاب وقف نو، ذیلی تنظیموں کے عہد اور تقاریر کے مقابلے شامل تھے۔ مقابلہ جات کے ليے تین معیار بنائے گئے: ۱تا ۷ سال، ۷تا ۱۳؍سال اور ۱۳تا۲۱؍سال۔ بڑے معیار کا نصاب وقف نَو کا تحریری مقابلہ ہوا جب کہ چھوٹے معیاروں سے زبانی سنا گیا۔ اسی طرح تقریری مقابلہ صرف بڑے معیار کا کروایا گیا۔
دوسرا اجلاس:نمازوں کے بعد اجتماع کے دوسرے اجلاس کا آغاز مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، قصیدہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کے نام پڑھ کر سنائے گئے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اجتماع کی کامیابی پر مبارکباد دی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سلام تمام بچوں اور والدین تک پہنچایا۔ آپ نے وقفِ نَو بچوں کو نصیحت کی کہ وہ نمازوں کی پابندی، خلافت سے وابستگی، مسلسل دعا اور خدمت دین کے لیے ہر وقت تیار رہنے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں باقاعدگی سے دعائیہ خطوط لکھتے رہیں۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ دعا کے بعد اجتماعی تصویر لی گئی۔ بعدازاں شاملین کو دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد احباب اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوئے۔
اس اجتماع میں واقفین نَو و واقفات نو، ان کے والدین اور منتظمین سمیت کل ۱۸۳؍افراد شامل ہوئے۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو مبارک کرے اور جماعت کو مثالی واقفین عطا فرمائے جوکہ خلافت احمدیہ کے سلطان نصیر بننے والےہوں۔ آمین
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭