گنی بساؤ کے فریم ریجن میں ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ گنی بساؤ کے زیر اہتمام فریم ریجن میں دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد ہوا۔ اس کیمپ کا مقصد دور دراز علاقوں کے مستحق افراد تک صحت کی بنیادی سہولیات پہنچانا اور بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کرنا تھا۔

اس میڈیکل کیمپ سے ۲۰۰؍سے زائد مریضوں نے استفادہ کیا جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔ مریضوں کا مفت طبی معائنہ، ادویات نیز صحت سے متعلق ضروری مشورے فراہم کیے گئے۔ قابل ذکر بات یہ تھی کہ اس کیمپ سے جماعت احمدیہ کے شدید مخالفین نے بھی بڑی تعداد میں فائدہ اٹھایا۔ متعدد افراد نے اپنی خوشی اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسلام کی حقیقی تعلیمات پر تو احمدی عمل کرتے ہیں۔ آج کے دور میں بلا معاوضہ اور بے لوث انداز میں انسانیت کی خدمت کرنے والے یہی لوگ ہیں۔‘‘ فالحمدللہ علیٰ ذالک
یہ میڈیکل کیمپ نہ صرف مقامی آبادی بلکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کے لیے بھی باعث برکت ثابت ہوا۔ سینیگال کے تین مختلف دیہات اور گنی بساؤ کے سرحدی علاقوں سے آنے والے تقریباً ۴۵؍افراد نے بھی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ کئی مریض ایسے تھے جو طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عرصہ دراز سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے اور انہیں پہلی مرتبہ مناسب طبی مشورہ اور علاج میسر آیا۔

ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکاروں اور طبی عملے نے خدمت خلق کی ایک شاندار مثال قائم کی۔ ڈاکٹرز اور معاون عملہ پہلے روز صبح ۸؍بجے سے رات ۱۲؍بجے تک مسلسل مریضوں کی خدمت میں مصروف رہا اور مختصر آرام کے بعد اگلے روز دوبارہ خدمات کا آغاز کیا جو دوپہر ۱۲؍بجے تک جاری رہیں۔ اس دوران انہوں نے بغیر کسی وقفے کے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کی۔
مقامی عمائدین، مذہبی شخصیات اور عوام نے ہیومینٹی فرسٹ اور جماعت احمدیہ کی اس بے لوث خدمت کو بے حد سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ ایسے فلاحی منصوبے معاشرے میں محبت، ہمدردی اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی خدمت خلق کے ایسے مواقع فراہم فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)