جماعت ہائے احمدیہ کینیا میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا با برکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو ملک کے تمام ریجنز کی ۹۰؍جماعتوں میں یوم خلافت کے جلسے منعقد کرنے کی توفیق ملی جن میں ۳۲۷۲؍احباب جماعت کے علاوہ مختلف طبقات زندگی اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے ۲۴۴؍مہمانان کرام بھی شامل ہوئے۔ اس طرح ان جلسوں میں کل ۳۵۱۶؍افراد شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

ان مبارک جلسوں میں تلاوت قرآن کریم اور حمد و نعت کے بعد مبلغین سلسلہ و معلمین کرام اور دیگر مقررین نے خلافت کی اہمیت و برکات اور خلافت راشدہ و خلافت احمدیہ کے ذریعہ دین اسلام کی ترقی و استحکام اور دفاع اسلام کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ خلفائے راشدین و خلفائے احمدیت کے عظیم الشان پاکیزہ کردار اور تبلیغ اسلام کے لیے انتھک اور غیر معمولی جد و جہد کا بھی ذکر کیا۔ علاوہ ازیں دنیا میں قیام امن اور خدمت انسانیت کے لیے خلفائے کرام کی عظیم الشان تحریکات و دعاؤں کے پاکیزہ ثمرات اور ایمان افروز واقعات کا بھی ذکر کیا۔ ان تمام جلسوں میں نومبائعین نے بھی بھر پور حصہ لیا اور منظوم کلام اور تقاریر کے ذریعہ خلافت احمدیہ سے اپنی غیرمتزلزل محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

متعدد مقامات پر خلافت کے متعلق موضوعات پر مبنی کوئز پروگرام اور تقریری مقابلے بھی رکھے گئے۔ اس کے علاوہ خدام و اطفال میں مختلف کھیلوں کے دوستانہ میچ بھی ہوئے۔ کئی مقامات پر خلافت احمدیہ کے ذریعہ دین اسلام کی ترقی و تبلیغ نیز خدمت انسانیت کو تصویری رنگ میں بھی پیش کیا گیا اور کتب کی نمائش اور پمفلٹس کے ذریعہ اشاعت حق کے لیے خلافت احمدیہ کی مساعی جمیلہ کو اجاگر کیا گیا۔
تقریباً تمام مقامات پر کلوا جمیعاً کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مہمان کرام نے بھی شرکت کی۔ الحمدللہ، تمام پروگرام بہت کامیاب رہے۔
اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے انہیں مثمر بثمرات حسنہ بنائے اور ہم سب کو تا دم آخر خلافت حقہ اسلامیہ احمدیہ سے حقیقی رنگ میں وابستہ و پیوستہ رہنے اور اس کی مکمل اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)