پیکھم، یوکے میں مسجد کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد

خداتعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ مجلس انصاراللہ برطانیہ کو حال ہی میں کارڈف، ویلز میں مسجد بیت الرحیم کی تعمیر مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ سیّدنا امیر المؤمنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس خوبصورت مسجد کا افتتاح ۲۳؍نومبر ۲۰۲۵ء کو فرمایا، یہ دوسری مسجد تھی جو برطانیہ میں مجلس انصاراللہ یوکے کی طرف سے تعمیر کی گئی۔ پہلی مسجد ناصر ہارٹلے پول میں ۲۰۰۵ء میں بنائی گئی تھی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ برطانیہ اپنی مساجد کی تعمیر کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے پیکھم میں نئی مسجد تعمیر کرنے جا رہی ہے۔ اس منصوبے کا آغاز ۲۰۲۴ء میں اس وقت ہوا جب مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ یوکے نے طاہر ریجن کے اجلاس میں، ریجن میں مسجد نہ ہونے کا ذکر سننے کے بعد، کارڈف مسجد کے بعد پیکھم مسجد کو اگلا منصوبہ قرار دیا۔ بعد ازاں ۲۰۲۵ء کے پیکھم لوکل اجتماع میں بھی اس خواہش کا اعادہ کیا اور امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری عطا فرمائی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
پیکھم جماعت، برطانیہ کی سب سے بڑی افریقن افراد پر مشتمل جماعت ہے جو زیادہ تر گھانین ہیں۔ ان کے علاوہ نائیجیریا، سیرالیون اور چند ایک دیگر افریقن ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ پیکھم جماعت کی تجنید ۱۲۳؍ہے جس میں انصار ۳۰؍، ممبرات لجنہ اماءاللہ ۵۰؍، خدام ۲۵؍، ناصرات ۷؍اور ۱۱؍اطفال ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ۲۰؍جون ۲۰۲۶ء کو پیکھم مسجد پراجیکٹ کی پہلی فنڈ ریزنگ تقریب انتہائی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز مکر م صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ کی زیر صدارت شام تقریباً سات بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم شکیل احمد بٹ صاحب چیئرمین پیکھم مسجد پراجیکٹ نے اس منصوبے کی مختصر تاریخ، اس کی منظوری کے مراحل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ یہ منصوبہ کس قدر اہمیت کا حامل ہے اور کس طرح یہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک روحانی مرکز ثابت ہوگا۔اس کے بعد مکرم عنایت اللہ زاہد صاحب ریٹائرڈ مبلغ سلسلہ نے ‘اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربانیوں کی اہمیت’ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم احسان اللہ قمر صاحب قائد مال نے مسجد پراجیکٹ کی تفصیلات، مالی ضروریات اور چندہ جات کے مختلف طریقہ ہائے کار پر مشتمل ایک پریزنٹیشن پیش کی۔
مکرم ٹومی کاہلوں صاحب نے پیکھم جماعت کے ساتھ اپنی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ PAAMA کے پلیٹ فار م سے بھی اس مسجد کی تعمیر میں پورے جذبہ کے ساتھ شامل ہوں گے۔
مکرم صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ نے اپنی تقریر میں گھانا کے ایام کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ہجرتِ حبشہ کے تاریخی واقعہ کا ذکر کیا۔
بعد ازاں مکرم شرجیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ماہِ محرم کی مناسبت سے قربانی کی اہمیت بیان کی جبکہ مکرم امجد بٹ صاحب ریجنل امیر نے مسجد پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔
مالی قربانی کی تحریک کے دوران اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک لاکھ، ۴۷؍ہزار پاؤنڈ کے وعدہ جات اور ۸؍ہزار پاؤنڈ نقد چندہ پیش کیا گیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
آخر پر مکرم جوزف عبدالرشید وٹول صاحب صدر جماعت نے تمام مہمانوں، رضاکاران اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم وحید احمد صاحب ناظم اعلیٰ طاہر ریجن نے شاملین کو مزید افراد کو اس تحریک میں شامل کرنے کی تلقین کی، جبکہ اختتام پر مکرم صدر صاحب مجلس نے پیکھم مسجد پراجیکٹ کی کامیابی، قربانیوں کی قبولیت اور حضور انور کی مبارک خواہش کی جلد تکمیل کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔

(رپورٹ: ابو لبیق۔ بیٹرسی، یوکے)