از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جامعہ احمدیہ یوکے مہمانان مسیحِ پاکؑ کا مسکن (رپورٹ مستورات)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے امسال بھی جامعہ احمدیہ حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی مہمان نوازی کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔ جامعہ احمدیہ میں ٹھہرے ہوئے مہمانوں کے لیے سب سے پُر کشش بات یہ ہے کہ روزانہ پانچ وقت نمازیں حضور اقدس ایَّد ہ اللہ تعالیٰ کی اقتداء میں ادا کرنے کے لیے مہمانوں کو اسلام آباد پہنچانے کا خصوصی انتظام کیا جا تا ہے۔

جامعہ احمدیہ میں لجنہ اماء اللہ کی ۱۸؍کارکنات پر مشتمل ٹیم چہروں پر مسکراہٹ سجائے ہمہ وقت مہمانوں کی خدمت کے لیے کمر بستہ رہتی ہے۔ جامعہ میں ۶۰۰ مہمانوں کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے جس میں سے ۱۱۴ بستر مستورات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ متوقع مہمانوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر امسال ان میں گذشتہ سالوں کی نسبت اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سال مستورات کے لیے changing room کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ غسل خانوں میں صفائی کا بہت اچھا انتظام ہے۔

رہائش کے لیے مہمانوں کی ضرورت اور سہولت دونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے جگہ مختص کی جاتی ہے۔ بزرگ خواتین اور ایسی مستورات جن کو فرشی بستر پر دقت ہو ان کے لیے بیڈز کا انتظام بھی ہے۔ اس کے علاوہ کپڑے دھونے اور سُکھانے کے لیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مہمان چونکہ دن یا رات کسی بھی وقت آسکتے ہیں اس لیے ضیافت مارکی چوبیس گھنٹے کھلی رہتی ہے۔ یہاں مہمانوں کو حتی الوسع ایسی خوراک مہیا کی جاتی ہے جو ان کی طبیعت کے مطابق ہو، جیسے پرہیزی کھانا، اُبلی سبزیاں، مچھلی، سلاد وغیرہ۔ اس کے علاوہ چائے کی میز پرروایتی چائے کے علاوہ مختلف قسم کے قہوہ جات بھی موجود ہیں۔ اسی میز پر ہمہ وقت ڈبل روٹی، مکھن، جام اور مختلف اقسام کے سیریل بھی مہمانوں اور خاص طور پر ان کے ساتھ آئے ہوئے بچوں کے لیے دستیاب رہتے ہیں۔

دیگر سہولیات میں مہمانوں کےاستعمال کے لیے یہاں ’’وائی فائی‘‘، کمپیوٹر اور پرنٹر بھی موجود ہیں۔ علاوہ ازیں امسال حفاظتی اقدامات بھی مذید بہتر کیے گئے ہیں۔ جیسا کہ CCTV کیمرہ وغیرہ سے چوبیس گھنٹے جائزہ لیا جاتا ہے اور ان دنوں میں مہمانوں کی حفاظت کے پیش نظر بالعموم سیکیورٹی بھی بڑھا دی جاتی ہے۔

حضور اقدس ایَّد ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزسے شرفِ ملاقات کے بعد مہمانوں کے جذبات کی کیفیت صرف ایک احمدی دل ہی جان سکتا ہے۔ آنسوؤں سے تر آنکھوں اور خوشی و مسرت سے پُر جذباتی لہجہ میں اپنے تاثرات بیان کر تے ہوئے مہمان بار بار خوشی کا اظہار کرتے ہیں کہ حضور انور کے نورانی چہرہ کا اپنی آنکھوں سے دیدار کر لیا ہے۔

(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button