جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے پہلے دن کی مختصر روداد

(از جلسہ گاہ حديقة المہدي،۲۴؍جولائی ۲۰۲۶ء، نمائندہ الفضل انٹرنيشنل) جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز صبح سوا تين بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ طیب احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے پڑھائي۔ صبح چار بج کر ۲۲ منٹ پر حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوکر نمازِ فجر پڑھائي۔ حضورِ انور نے نمازِ فجر کي پہلي رکعت ميں سورت بني اسرائيل کي آيات ۷۹تا ۸۵کي تلاوت فرمائي جبکہ دوسري رکعت ميں سورة الکہف کي ابتدائي گيارہ آيات کي تلاوت فرمائي۔ نماز فجر کے بعد مکرم میر انجم پرویز صاحب مربي سلسلہ عربی ڈیسک يوکے نے قولِ سدید کے موضوع پر درس قرآن ديا۔

نماز فجر کے بعد مہمانانِ کرام کو گرم چائے کے ساتھ اُبلے انڈے بھی پیش کیے گئے۔ جبکہ باقاعدہ ناشتے کا انتظام صبح آٹھ بجے کيا گيا تھا۔ ناشتے ميں مہمانانِ کرام اور ڈيوٹي دہندگان کو مزيدارچنے، روٹي، سيريل، مکھن، جام اور ڈبل روٹي پيش کي گئي۔ نیز ٹي سٹال پر چائے کا انتظام تھا جس میں چيني اور بغير چيني ہر دو طرح کی چائے مہيا کي گئي تھي۔

گذشتہ ایک ماہ سے برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے گرمی کی لہر میں آج کچھ کمی رہی۔ دھوپ کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً بادلوں نے سایہ کیے رکھا اور ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے مہمان بڑی تعداد میں روحانی مائدہ سے فیض یاب ہونے اور اپنے پیارے امام کے دیدار کے لیے جلسہ گاہ پہنچتے رہے۔ احباب اپنی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ حدیقۃ المہدی پہنچتے رہے۔ ٹرين کے ذريعہ تشريف لانے والے احباب کو Altonاور حديقة المہدي کے درميان جاري کردہ ايک شٹل سروس کے ذريعے جلسہ گاہ پہنچایا جاتا رہا نیز بیت الفتوح سے بھی خصوصی شٹل سروس کا انتظام تھا جو مہمانان کو جلسہ گاہ لے کر آتی رہی۔مسیح وقت کے غلاموں کی خوشی اور جوش و خروش دیدنی تھا۔ گویا

اَج ویکھو چھایا نُور اے

اَج ہر بندہ مسرور اے

حضور انور نے خطبہ جمعہ جلسہ گاہ سے ارشاد فرمايا جس ميں حضورِ انور نےسیرت حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی میں کارکنان اور مہمانوں کو زرّيں نصائح فرمائيں۔ حضور انور نے سنت نبویﷺ کی اتباع میں نماز جمعہ کي پہلي رکعت ميں سورة الاعليٰ جبکہ دوسري رکعت ميں سورة الغاشيہ کي تلاوت فرمائي۔ حضورِ انور نے نمازِ جمعہ کے ساتھ نمازِعصر بھي جمع کر کے پڑھائي۔نمازِ جمعہ كے آغاز سے قبل ہی مین ماركی اور اضافی ماركی بھی بھر چكی تھی اور ایك بڑی تعداد نے باہر كھلے آسمان تلے حضور انور كا خطبہ جمعہ سنا اور نمازیں ادا كی۔

نمازوں کے بعد کھانے کي مارکي ميں طعام کا انتظام تھا، کھانے ميں دال، روٹي اور چاول پيش کيے گئے۔پرہيزي کھانے ميں مہمانوں کے ليے pastaکا بھي انتظام تھا۔ جلسہ گاہ میں چائے کے لیے الگ حصہ مختص تھا۔ سارا دن احباب كی کثیر تعداد نے چائے كے سٹال كا رُخ كیا جہاں چائے سے لطف اندوز ہونے كے ساتھ ساتھ میل ملاقات اور باہمی گفتگو بھی ہوتی رہی۔

۶۰ویں جلسہ سالانہ یوکے کا باقاعدہ آغاز تقريب پرچم کشائي اور اس کے بعد افتتاحي اجلاس سےہوا۔ عاشقانِ خلافت اپنے آقا کي ايک جھلک ديکھنے کے ليے بےتاب تھے۔ حضورِانور ۴بج کر ۳۱ منٹ پر لوائے احمدیت لہرانے کے لیے تشریف لائے اورنعرہ ہائے تکبیر کےفلک شگاف نعروں کی گونج میں لوائے احمدیت کو بلند کیا۔ جلسہ گاہ کی نظامت سے موصولہ رپورٹ کے مطابق لوئے احمدیت كی تقریب تك ۹۷؍ممالك كے احباب جلسہ میں شامل تھے جن كی نمائندگی میں ان تمام ممالک کے پرچم جلسہ گاہ میں لہرائے گئے تھے۔ پرچم کشائی کے بعد حضورِ انور چار بج کر ۳۵ منٹ پر نعروں کی گونج میں مردانہ جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوئے اور کرسئ صدارت پر فروکش ہوئے۔ حضورِ انور نے احباب جماعت کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ کا تحفہ عنایت فرمایا جس کے بعد افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔

جلسہ سالانہ کے افتتاحی سيشن کا آغاز سورۃ البقرہ کی ابتدائی ۸ آیات کی تلاوت سے ہوا۔ مکرم احسان احمد صاحب مربی سلسلہ کو تلاوت قرآن کریم اور اس کا اردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مکرم عبد الحی سرمد صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں مکرم فارس نعیم صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم فارسی کلام سے منتخب اشعار پیش کیےجبکہ مکرم کاشف علی صاحب مربی سلسلہ و انچارج فارسی ڈیسک یوکے نے اس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔

اس کے بعد حضور انور نے پُرشوکت اور بصيرت افروز افتتاحي خطاب فرمايا جس کا مرکزي موضوع ’تقویٰ‘تھا۔

شام ساڑھے ۷ بجے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جلسہ گاہ کے کچھ حصوں بشمول بک سٹال و ایم ٹی اے مارکی کا دورہ فرمایا۔ اس دوران احباب جماعت اپنے آقا کو دیکھنے کے لیے بےتاب نظر آئے اور نعرے بلندکرکے خلافت احمدیہ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے رہے۔

ہر سال کی طرح امسال بھی نمائش مارکی میں مختلف ادارہ جات کی طرف سے نمائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ جس میں الفضل انٹرنیشنل، ہیومینٹی فرسٹ، مخزن تصاویر، ہیومن رائٹس ڈیسک، مرکزی شعبہ تاریخ، جامعہ احمدیہ یوکے اور دیگر ادارہ جات شامل ہیں۔ان نمائشوں کی تفصیل الفضل کے جلسہ سالانہ کے حوالے سے شائع ہونے والی خصوصی اشاعت میں پڑھی جا سکتی ہے۔

شام کے کھانے ميں روايتي آلو گوشت، دال اورلنگر کي لذيذ روٹي مہمانوں کي خدمت ميں پيش کي گئي۔

حضرت مسیح موعودؑ کے بیان فرمودہ جلسہ سالانہ کے مقاصد میں سے ایک مقصد دوران سال اس جہان فانی سے کوچ کر جانے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کرنا ہے۔ چنانچہ حضورؑ کے اس ارشاد کی تعمیل میں نماز مغرب سے قبل جلسہ گاہ کے سٹیج سے ان احباب جماعت کے نام پڑھ کر سنائے گئے جو دوران سال وفات پا گئے۔

حضور انور نے سوا نو بجے کے قریب مردانہ جلسہ گاہ ميں تشريف لاکر مغرب اور عشاء کي نمازيں پڑھائيں۔ نماز مغرب کي پہلي رکعت ميں سورة الفيل اور دوسري رکعت ميں سورة قريش کي تلاوت فرمائي جبکہ نماز عشاء کي پہلي رکعت ميں سورة الضحی اور دوسري رکعت ميں سورةالتين کي تلاوت فرمائي۔ اس طرح جلسہ سالانہ برطانيہ کا پہلا روز کاميابي کے ساتھ اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ: حافظ محمد طلحہ ملک)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button