۶۰واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ءرپورٹس از مردانہ جلسہ گاہ
نظامت ترجمہ
نظامت ترجمہ دو شعبوں پر مشتمل ہے۔ ایك ٹیکنیکل شعبہ، جو اب ایم ٹی اے (MTA) کے تحت کام کرتا ہے اوراس كے ناظم لئیق احمد طاہر صاحب ہیں جبكہ دوسرا مترجمین كی خدمت کا شعبہ، جو جلسہ گاہ کے تحت کام کرتا ہے اور اس کے ناظم مکرم محمد احسن احمدی صاحب ہیں۔

اس سال جلسہ كی كارروائی كا درج ذیل زبانوں میں بیک وقت ترجمے کا انتظام کیا گیا ہے:
انگریزی، اردو، فرانسیسی، جرمن، روسی، ٹرکش، سویڈش، البانوی، جاپانی، ہسپانوی، انڈونیشین، عربی، بنگلہ، پرتگالی، سواحلی، ازبک، بلغاری، بوسنیائی۔

اس کے علاوہ افریقی ممالک کے لیے درج ذیل زبانوں میں بھی ترجمے کا انتظام کیا گیا ہے:
افریقن انگلش، افریقن فرینچ
ترجمہ کے لیے كُل ۲۲؍كیبن قائم کیے گئے جن كے لیے تمام تکنیکی آلات ایم ٹی اے کی ٹیم نے فراہم کیے ہیں۔ یہ كیبن Semi-Soundproofہیں اور ان میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت بھی موجود ہے۔

ترجمہ كا كام جمعرات کے روز معائنہ انتظامات جلسہ کی براہِ راست نشریات سے ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد وہ جمعۃ المبارک سے شروع ہونے والے جلسہ کے تمام اجلاسوں کا براہِ راست ترجمہ کرتے ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کے صبح کے دونوں اجلاسوں کا بھی براہِ راست ترجمہ کیا جاتا ہے۔
جلسہ سے قبل مترجمین کو تقاریر کا متن فراہم کر دیا جاتا ہے، جس سے انھیں معیاری اور مستند تراجم تیار کرنے كے لیےمناسب وقت مل جاتا ہے۔ اسی طرح تمام اجلاسوں کی تلاوتِ قرآن کریم، نظمیں، قصیدہ اور فارسی نظم بھی ایم ٹی اے کے ذریعے جلسہ کے آغاز سے قبل کرنے والی ترجمہ ٹیموں کو ارسال کر دی جاتی ہیں۔تاہم حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تمام خطابات کا فوری اور فی البدیہ ترجمہ کیا جاتا ہے۔
چونکہ مترجمین کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی توجہ اور مسلسل ذہنی یکسوئی درکار ہوتی ہے، اس لیے ان کے لیے گرم و ٹھنڈے مشروبات اور ہلکی پھلکی ریفریشمنٹ كا بھی انتظام كیا جاتا ہے۔ اس خدمت كے لیے مہمان نوازی کی ٹیم مقرر ہے جو برطانیہ، جرمنی وغیرہ سے آنے والے رضاکاروں پر مشتمل ہے۔
(رپورٹ:نظامت رپورٹنگ جلسہ گاہ)