جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے دوسرے دن کی مختصر روداد
(از جلسہ گاہ حدیقۃالمہدی۲۵؍جولائی ۲۰۲۶ء)جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز صبح سوا تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ راحت احمد چیمہ صاحب نے پڑھائي۔ چار بج کر ۲۰؍منٹ پر حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے جلسہ گاہ ميں نمازِ فجر پڑھائي جس کي پہلي رکعت ميں سورة البقرہ کي ابتدائي آٹھ آيات اور دوسري رکعت ميں سورة البقرہ کي آيات نو تا سترہ کي تلاوت فرمائي۔ نماز فجر کے بعد مکرم محمود احمد طلحہ صاحب استادجامعہ احمديہ يو کے نے ’’مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں‘‘ کے موضوع پر درس ديا۔

صبح آٹھ بجے ناشتےکا انتظام کيا گيا تھا۔ ناشتےميں مہمانانِ کرام اور ڈيوٹي کنندگان کو چنے، روٹي، سيريل، مکھن، جام اور ڈبل روٹي پيش کي گئي ۔
کل کے ٹھنڈے موسم کے مقابل پر آج سورج اپنی آب و تاب کے چمکتا رہا۔ تاہم ہلکی ہوا نے موسم کو قدرے بہتر رکھا۔ تیز دھوپ کے باوجود احبابِ جماعت روحانی مائدہ کے حصول کے لیے جوق در جوق حدیقۃ المہدی تشریف لاتے رہے۔ آج بھی اندرون و بیرون ملک سے کثیر تعداد میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پُرمعارف خطابات، مقررین کی مدلل تقاریر اور فلک شگاف نعروں نے روحانی گرمائش کے سامان فراہم کیے۔

دوسرے روز کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے فرائض مکرم و محترم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر نے سرانجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، مکرم حافظ مرفود احمد صاحب نے سورۃ النساء آیات ۵۸ تا ۶۰؍کی تلاوت کی اوراس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔مکرم خالد چغتائی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام سے منتخب اشعار پیش کیے۔

اجلاس کی پہلی تقریر مکرم مروان گل صاحب صدر و مبلغ انچارج ارنجنٹائن نے ’’عالمی امن کا قیام انصاف کے قیام کے بغیر ممکن نہیں‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد مکرم ایاز محمود خان صاحب مربی سلسلہ ایڈیشنل وکالت تصنیف یوکے نے ’’خدا کی تلاش میں عاجزی کی اہمیت‘‘کےموضوع پر انگریزی زبان میں تقریرکی۔ان تقارير کے بعد مکرم عصام بھٹی صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام پیش کیا۔اجلاس کی آخری تقریر مکرم عطاء المومن زاہد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے ’’امام الزمان اور محبت الٰہی‘‘کے موضوع پر کی۔اس تقریر کے بعد مکرم طاہر خالد صاحب مربی سلسلہ نے اردو نظم پیش کی۔ جس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز صبح مستورات کا خصوصي اجلاس بھي منعقد ہوا جس کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرمہ ڈاکٹر قرۃالعین عینی صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ یوکے نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرمہ منصورہ امینی صاحبہ نے سورت آل عمران کی آیات ۱۹۱ تا ۱۹۵؍کی تلاوت کی اور اردو ترجمہ بیان فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ پیش کیا۔ مکرمہ رضوانہ شمس صاحبہ نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام پیش کیا۔
مستورات کے اجلاس کی پہلی تقریر ڈاكٹر ملیحہ منصور صاحبہ معاونہ صدر واقفات نو لجنہ اماء اللہ یوکے کی انگریزی زبان میں تھی جس کا عنوان ’’آنحضرت ﷺ كی حیاتِ مباركہ محبتِ الٰہی كا زندہ ثبوت‘‘ تھا۔
اس اجلاس کی دوسری تقریر ڈاكٹر فریحہ خان صاحبہ سابق صدر لجنہ اماء اللہ یوکے نے ’’رسول اللہﷺ کی پیروی کے ذریعہ محبت الٰہی کا حصول‘‘ کے موضوع پر کی۔اس کے بعد محترمہ سلونی رشید صاحبہ نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام ترنم سے پیش کیا۔
اس اجلاس کی آخری تقریر ’’نورِخلافت حقیقی اسلام كی طرف راہنمائی كا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر مکرمہ فرزین قریشی صاحبہ سیکرٹری نومبائعات۔ ھیورنگ یوکے نے کی۔اس تقریر کے ساتھ مستورات کے صبح کے اجلاس کی کارروائی مکمل ہوئی۔گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی اس اجلاس کي آڈيو دنيا بھر کے سامعين کے ليے يوٹيوب پر لائيو نشر کي گئي۔
دن بارہ بج کر سات منٹ پر حضور انور زنانہ پنڈال میں سٹیج پر رونق افروز ہوئے اور السلام علیکم و رحمةاللہ کا تحفہ عنایت فرمایا۔فضا مستورات کے پُر جوش اور والہانہ نعروں سے گونج اٹھی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ سے ہوا۔ نظم کے بعد تعليمي ميدان ميں نماياں کاميابي حاصل کرنے والي طالبات کے نام پڑھ کر سنائے گئے۔ جس کے بعد حضور انورنےخواتین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بصيرت افروز خطاب فرمايا۔ خطاب کے بعد حضور انور نے دعا کروائی جس کے بعد لجنہ و ناصرات نے حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ کي موجودگي ميں مختلف زبانوں ميں گروپس کي صورت ميں ترانے پیش کيے۔
خطاب کے بعد حضورِ انور نے مردانہ مارکي ميں تشريف لاکر نمازِ ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائيں۔
نمازوں کي ادائيگي کے بعد کھانے کا انتظام کيا گيا۔ کھانے ميں دال، اچار اور روٹي پلانٹ کي لذيذ روٹي سے مہمانوں کي تواضع کي گئي۔اسي اثنا ميں مہمان، بازار کے کھانوں اور لوازمات سے بھي محظوظ ہوتے رہے۔
جلسہ سالانہ کے تيسرے اجلاس سے قبل معززين کے پيغامات پيش کيے گئے۔ مکرم رفيق احمدحيات صاحب امير جماعت احمديہ يوکے کي صدارت ميں يہ نشست ہوئي جس کا آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ اس نشست ميں جلسہ سالانہ اور جماعت کے حوالے سے معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہارکيا اورکچھ مہمانوں نے ويڈيو کي صورت ميں بھي اپنے نيک جذبات کا اظہار کيا۔
جلسہ سالانہ کے تيسرے اجلاس کا باقاعدہ آغاز حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي آمد سے ہوا ۔ حضور انورايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز چار بج کرپانچ منٹ پر مردانہ پنڈال ميں رونق افروز ہوئے۔ پيارے آقا کے جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوتے ہي شاملين نے والہانہ انداز ميں اپنے پيارے امام کا استقبال کيا اور پنڈال نعروں کي آواز سے گونج اٹھا۔
اجلاس کي کارروائي کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ مکرم الحاج رشید خطاب صاحب نے سورۃ الصف کی آیات ۷تا ۱۲؍کی تلاوت کی۔ ان آیات کا اردو ترجمہ مکرم حافظ محمد ظفر اللہ عاجزؔ صاحب مدیر اعلیٰ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل نے پیش کرنے کی توفیق پائی۔ مکرم مصور احمد صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا منظوم کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے خطاب فرمايا جس ميں گذشتہ سال کے دوران جماعت پر ہونے والے افضالِ خدا وندي کا خلاصۃً ايمان افروز تذکرہ فرمایا۔ خطاب کے بعد حضور انور جلسہ گاہ سے تشريف لے گئے۔
آج بھی تمام دن نمائش مارکی اور بک سٹال پر احباب جماعت کا بھرپور رش رہا اوراحباب اپنے دینی علم کو بڑھانے کے لیے نمائش دیکھنے آئے اور بک سٹال سے کتب خریدتے رہے۔ حضور انور کے دوسرے روز کے خطاب کے بعد نمائش مارکی لجنہ کے لیے مختص تھی جس میں خواتین نے بھرپور تعداد میں نمائش مارکی کا رخ کیا۔
شام کے کھانے ميں روايتي آلو گوشت، چاول اور لنگر کي لذيذ روٹي مہمانوں کي خدمت ميں پيش کي گئي۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مغرب اور عشاء کي نمازيں مردانہ جلسہ گاہ ميں جمع کرکے پڑھائيں۔ حضور انور نے نماز مغرب میں سورۃالفلق اور سورۃ الناس جبکہ نماز عشاء میں پہلی رکعت میں سورۃ البقرہ کی آیت ۲۵۶ اور دوسری رکعت میں سورۃ البقرہ کی آیت ۲۸۷کی تلاوت فرمائی۔ نماز مغرب و عشاء سے قبل وفات پانے والے مرد و خواتین کے نام ذکر خیر کے لیے پڑھ کر سنائے گئے۔
اس طرح جلسہ سالانہ کا دوسرا دن اختتام کو پہنچا۔
کل جلسہ سالانہ کا تيسرا اور آخري دن ہے اورعالمي بيعت کا بھي انعقاد ہو گا، ان شاءاللہ۔ اللہ تعاليٰ سے دعا ہے کہ ہر نيا اور پرانا احمدي بيعت کے تقاضوں کو پورا کرنے والا ہو۔ آمين
(رپورٹ: حافظ طلحہ ملک۔ ٹیم الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
