تازہ ترین: مجلس انصاراللّٰہ آسٹریلیا کے ۳۴ویں سالانہ نیشنل اجتماع کا پہلا دن
۷ تا ۹؍اگست ۲۰۲۶ء بمقام مسجد بیت الھدیٰ سڈنی
اجتماع کا پہلا دن

(مسجد بیت الھدیٰ سڈنی، ۷؍اگست ۲۰۲۶ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا سالانہ اجتماع مورخہ ۷ تا ۹؍اگست ۲۰۲۶ء مسجد بیت الھدیٰ سڈنی میں ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہورہا ہے۔ اجتماع کا آغاز آج بعد از نماز جمعہ ہوا۔
اجتماع کی باقاعدہ کارروائی سے پہلے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم عبد الجمیل مبشر صاحب، صدر مجلس انصار اللہ آسٹریلیا نے لوائے انصاراللہ جبکہ مکرم انعام الحق کوثر صاحب، امیر جماعت آسٹریلیا، نے آسٹریلیا کا پرچم لہرایا اور دعا کروائی۔
افتتاحی تقریب: پرچم کشائی کی تقریب کے بعد اجتماع کا افتتاحی اجلاس مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مکرم مدثر محمود صاحب نے تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ پیش کی۔ بعدہ مکرم صدر صاحب نے انصاراللہ کا عہد دہرایا۔

پھر مکرم ظفر مصطفیٰ صاحب نے حضرت مسیح موعود کے منظوم کلام ’’وہ پیشوا ہمارا جس ہے نور سارا – نام اسکا ہے محمد دلبر میرا یہی ہے‘‘ کے کچھ اشعار پیش کیے۔ جبکہ ڈاکٹر عامر محمود صاحب نے ان اشعار کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔

اسکے بعد مکرم صدرصاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع کے حوالے سے افتتاحی تقریر کی اور اس بات کو اجاگر کیا کہ کس طرح آنحضرتﷺ کی محبت ہماری زندگیوں کو تبدیل کرتی ہے۔ آپ نے انصار کو تاکید کی کہ اجتماع کے ان تین دنوں میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر بکثرت درود بھیجیں۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب نے افتتاحی دعا کروائی۔

علمی مقابلہ جات: افتتاحی اجلاس کے بعد خاکسار (ناظم علمی مقابلہ جات) کو علمی مقابلہ جات کروانے کی سعادت ملی۔ آج کے مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، حفظ حدیث اور نظم کے مقابلہ جات شامل تھے جس میں مجموعی طور پر ۴۴؍انصار نے حصہ لیا۔
شام ساڑھے پانچ بجے نماز مغرب اور عشا ادا کی گئیں اور انصار کی خدمت عشائیہ پیش کیا گیا۔
اس کے بعد کچھ ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں ۱۰۰ میٹر دوڑ، گولہ پھینکنا اور والی بال کے مقابلے شامل تھے۔ آجکل سڈنی میں کافی سردی پڑ رہی ہے، اس کے باوجود انصار نے ذوق و شوق سے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

رات دس بجے انصار نے خلافت ہال میں بیٹھ کر براہ راست سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اسلام آباد یوکے سے خطبہ جمعہ سنا اور اس طرح اللہ کے فضل سے پہلے دن کا کامیابی کے ساتھ اختتام ہوا۔ الحمد للہ
