تازہ ترین: مجلس انصاراللّٰہ آسٹریلیا کے ۳۴ویں سالانہ نیشنل اجتماع کا دوسرا دن
(مسجد بیت الھدیٰ سڈنی، ۸؍اگست ۲۰۲۶ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا سالانہ اجتماع مورخہ ۷ تا ۹؍اگست ۲۰۲۶ء مسجد بیت الھدیٰ سڈنی میں ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہورہا ہے۔ آج اجتماع کا دوسرا دن ہے۔
دوسرے دن کا آغاز صبح پونے پانچ بجے باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن ہوا اور اس کے بعد انصار نے انفرادی طور پر قرآن کریم کی تلاوت کی۔ صبح چھ بجے انصار بھائیوں کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔
صبح ۸ بجے انصار کے مختلف ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ سب سے پہلے صف اول اور صف دوم کے انصار نے ایک کلومیٹر واک میں حصہ لیا۔ اسکے بعد کرکٹ اور فٹ بال کے مقابلے منعقد ہوئے۔

نماز ظہر اور عصر کے بعد انصار کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
علمی مقابلہ جات: دوپہر تقریباً ڈھائی بجے خاکسار (ناظم علمی مقابلہ جات) نے اردو اور انگریزی تقاریر کے مقابلہ جات کروائے۔ ان تقاریر کے موضوعات اجتماع کے مرکزی موضوع کے مطابق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور محبت کے اوپر تھے۔

اسی اجلاس کے آخر میں دینی معلومات کا دلچسپ مقابلہ بھی منعقد ہوا جس میں انصار نے نہایت گرم جوشی سے حصہ لیا۔ یہ مقابلہ آن لائن منعقد ہوا اور انصار نے اپنے موبائل فونز کے ذریعہ حصہ لیا۔ ان مقابلوں میں مجموعی طور پر ۱۰۲ انصار نے حصہ لیا۔

اس کے بعد نماز مغرب اور عشا ادا کی گئیں اور انصار کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
بعدہ ایک مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب اور مربیان سلسلہ نے انصار کے مختلف سوالوں کے جواب دیے۔ یہ سلسلہ ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔

مجلس سوال وجواب کے بعد پھر سے علمی مقابلہ جات کا سلسلہ شروع ہوا۔ ان مقابلوں میں پیغام رسانی اور بیت بازی کے مقابلے شامل تھے۔

بیت بازی کا یہ نہایت دلچسپ مقابلہ ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔ ان دونوں مقابلوں میں انصار کی مجموعی حاضری ۴۳ رہی اور رات نو بجے اللہ تعالی کے فضل سے سارے علمی مقابلہ جات نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔

مجموعی طور پر امسال ان علمی مقابلہ جات میں ۱۸۹؍انصار نے حصہ لیا۔