تازہ ترین: مجلس انصاراللّٰہ آسٹریلیا کے ۳۴ویں سالانہ نیشنل اجتماع کا تیسرا دن

۷ تا ۹؍اگست ۲۰۲۶ء بمقام مسجد بیت الھدیٰ سڈنی
آسٹریلیا بھر سے ۵۲۳؍انصار کی اجتماع میں شرکت
علم انعامی اور تقسیم انعامات کی تقریب
علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں مجموعی طور پر ۲۷۸؍انصار کی شرکت
(مسجد بیت الھدیٰ سڈنی، ۹؍اگست ۲۰۲۶ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا سالانہ اجتماع مورخہ ۷ تا ۹؍اگست ۲۰۲۶ء مسجد بیت الھدیٰ سڈنی میں ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا ہے۔
مجلس انصاراللہ کے سالانہ اجتماع کا تیسرا اور آخری دن بھی باجماعت نماز تہجد سے شروع ہو اور نماز فجر کےبعد درس قرآن ہوا اور انصار نے انفرادی طور پر مسجد میں قرآن کریم کی تلاوت کی۔ ناشتہ کے بعد چند ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں ٹیبل ٹینس، ڈارٹ بورڈ اور صف اول کے لیے میوزیکل چئیر کے مقابلے ہوئے۔
اختتامی تقریب: آج صبح دس بج کر دس منٹ پر خلافت ہال میں اجتماع کی اختتامی تقریب مکرم انعام الحق کوثر صاحب، امیر جماعت آسٹریلیا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ مکرم عبدالجمیل مبشر صاحب صدر مجلس انصار اللہ آسٹریلیا اور مکرم فیروز علی شاہ صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع بھی سٹیج پر تشریف فرما تھے۔ مکرم احتشام احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ پیش کی۔ تلاوت کے بعد مکرم عبد الجمیل مبشر صاحب، صدر مجلس نے انصاراللہ کا عہد انگریزی اور اردو میں دہرایا۔

خاکسار نے حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحب ؓکی معرکۃ الاآراء نعت ’’بدر گاہ ذی شان خیرالانام‘‘ مع انگریزی ترجمہ پیش کی۔

مکرم فیروز شاہ صاحب، ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور محض اللہ کے فضل اور کرم سے ایک کامیاب اجتماع کے انعقاد پر سب ناظمین اجتماع اور ان کے معاونین کا شکریہ ادا کیا۔

مکرم صدر صاحب نے مجلس انصار اللہ آسٹریلیا کی مفصل سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس سال کے آخر میں مکرم صدر صاحب اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہایت کامیابی کے ساتھ اپنی سات سال کی مدت صدارت پوری کر رہے ہیں۔ مکرم صدر صاحب نے مجلس انصار اللہ آسٹریلیا اور اپنی نیشنل عاملہ کی کارکردگی کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب تقسیم انعامات و علم انعامی: رپورٹس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس سال اجتماع کے موقع پر ۱۲ علمی مقابلہ جات جبکہ ۹ ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اللہ کے فضل سے مجموعی طور پر ۲۷۸؍انصار نے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ ۱۸۹ انصار نے علمی جبکہ ۸۹ انصار نے ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
مکرم ڈاکٹر ابرا احمد چغتائی صاحب قائد عمومی نے اس سال کے علم انعامی کا اعلان کیا۔ مکرم امیر صاحب نے مجلس ووڈ کرافٹ ساوتھ آسٹریلیا کے زعیم مکرم بشارت احمد چوہان صاحب کو علم انعامی دیا۔

اس کے بعد اعلیٰ کارکردگی پرباقی ۹ مجالس کو ایوارڈز دیے گئے۔ ریجن ساوتھ آسٹریلیا نے شعبہ عمومی، تعلیم، تربیت، اور تبلیغ میں بہترین ریجن کا ایوارڈ وصول کیا جبکہ ریجن کوئنز لینڈ نے شعبہ مال میں بہترین کارکردگی پر جبکہ ریجن وکٹوریہ نے بہترین نمائش اور حاضری پر ایوارڈز وصول کیے۔ مجلس برزبین نے ۱۰۰ فیصد بجٹ مکمل کرنے پر ایوارڈ وصول کیا۔ مکرم احسن گھمن صاحب کو انصاراللہ کے گیسٹ ہاؤس کی بہترین دیکھ بھال کرنے اور مہمانوں کی بے لوث خد مت کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔
تعلیمی ایوارڈز میں مقابلہ مضمون نویسی میں مکرم انعام الحق علوی صاحب نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
مکرم امیر صاحب نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔

اسکے بعد ایم ٹی آسٹریلیا نے اجتماع کے تینوں دن کی جھلکیاں دکھائیں۔ پھر مختلف مجالس کے ساتھ گروپ فوٹوز ہوئے۔ نماز ظہر و عصر کے بعد انصار کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

شعبہ رجسٹریشن کی رپورٹ کے مطابق اس سال اجتماع کی حاضری ۵۲۳ رہی۔ اللّٰہ کے فضل سے آسٹریلیا کی مختلف ریاستوں سے انصار لمبا سفر کر کے اجتماع میں شریک ہوۓ۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین اجتماع کو جزائے خیر عطا فرمائے اور انکو اپنی حفاظت میں اپنے گھروں میں لے کر جائے اور ان کے ایمان و ایقان میں برکت عطا فرمائے آمین۔