جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۶ء۔ میدان عمل میں تیاری کا آغاز 

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جلسہ سالانہ برطانیہ اور جرمنی میں حاضری اور ماحول کے اعتبار سے ربوہ اور قادیان کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔ ان دونوں جلسوں میں جو انتظامی سہولتیں حاصل ہیں ان کو یورپ کے شہروں میں حاصل کرنے کے لیے انتظامیہ اور کارکنان کو  بڑی محنت کرنی پڑتی ہے۔ جیساکہ حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ نے اپنے خطاب میں فرمایا تھا کہ جلسہ کا کام تو سارا سال جاری رہتا ہے۔ اس حقیقت کا ایک پہلو یہ بھی ہے جب جلسہ کی تیاری دفاتر سے نکل کر میدان عمل کا حصہ بن جاتی ہے۔ کارکنان جذبہ خدمت سے مامور میدان میں اترتے ہیں تو جلسہ گاہ کی رونقیں عود کر آتی ہیں۔

جرمنی کے پچاسویں جلسہ سالانہ جو ۴ تا  ۶؍ستمبر کو مینڈگ شہر میں منعقد ہوگا کے لیے جلسہ گاہ کو تیار کرنے کا کام یکم اگست سے شرو ع ہو چکا ہے۔ مینڈگ شہر فرینکفرٹ سے ۱۳۰ کلومیٹر مغرب میں نو ہزار آبادی کا ایک گاؤں ہے جس کا رقبہ  23,75 مربع کلو میٹر ہے۔ یہاں پر ایک زمانہ میں   ۱۹۰؍ ایکڑ پر فوجی نوعیت کا ہوائی اڈہ تھا جس کا رن وے اور ہنگرز ابھی بھی موجود ہیں۔  ۲۰۰۸میں Triwo  Business Group نے اس جگہ کو خرید لیا۔ اب یہ جگہ تقریبات اور اجتماعات کے لیے کرایہ پر لے کر استعمال کی جاتی ہے۔

جماعت احمدیہ جرمنی ۲۰۲۴ء سے اس ۱۹۰؍ایکڑ زمین پر جلسہ سالانہ خیمہ بستی آباد کرتی ہے۔ اس اعتبار سے جماعت جرمنی کا تیسرا جلسہ سالانہ ہے جس کی تیاری زور شور سے جاری ہے۔ احباب وقف عارضی کے تحت ان ایام میں خیمہ بستی کو آباد کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔ یکم اگست سے ۲۰؍اگست تک جلسہ گاہ کی تیاری کے حوالے سے نمائندہ الفضل نے ناظم تیاری مکرم ندیم احمد صاحب سے جو گفتگو کی اس کا خلاصہ الفضل کے قارئین کے لیے پیش ہے۔  موصوف کو ۲۰۱۴ء سے ناظم تیاری جلسہ سالانہ کے طور پر خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔  آپ نے بتایا کہ ہر سال تیاری جلسہ کے لیے ایک ماہ وقف عارضی کرتے ہیں۔ امسال بھی یکم اگست سے ڈیوٹی پر حاضر ہوئے۔ یکم اگست کو اس جگہ کی انتظامیہ سے چابیاں وصول کی گئیں اور نقشہ جات کے مطابق زمین پر مردانہ،زنانہ جلسہ گاہ، کھانے اور سونے کی مارکیوں کے علاوہ دفاتر، لنگر خانہ ودیگر ۱۲۰ ؍مارکیوں کے نشانات لگائے گئے۔ سڑکوں کی نشان دہی کی گئی۔ 

پہلے مرحلہ پر ان شعبوں نے کام شروع کرنا تھا ان کے ناظمین اور نائب ناظمین کی میٹنگ ۲؍اگست کو قریبی جماعت Neuwied کی مسجد بیت الرحیم میں منعقد کی گئی جہاں کام کے طریق کار پر تفصیلی مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی گئی۔ نشانات لگانے کا کام مکمل ہونے اوراشیا کی ترسیل شروع ہو جانے پر ۵؍ اگست سے باقاعدہ عملی کام کا آغاز ہو گیا۔ جلسہ گاہ میں جو ایلومینیم کے ٹریک بچھائے جاتے ہیں ان کی ترسیل بھی ۵؍ اگست کو ہوئی جن کو کرین کے ذریعہ ٹرکوں سے اتار کر ٹریک کی جگہوں پر پہنچایا گیا۔ ۶؍ اگست کو مکرم نیشنل امیرصاحب، افسر صاحب جلسہ سالانہ، افسر صاحب جلسہ گاہ و نائب افسران کی آمد پر اجتماعی دعا کےبعد ٹریک بچھانے کے کام کا آغاز کیاگیا۔ اس روز ۲۵؍شعبہ جات کے ناظمین اپنے مخصوص کارکنان کے ساتھ خدمت پر مامور رہے۔ پلاننگ میں ٹریک بچھانے لیے دو ہفتے کا وقت صرف ہونے کا اندازہ تھا لیکن کارکنان نے یہ کام دس روز میں مکمل کر لیا۔ کل ساڑھے تین کلو میٹر پر ایلومینیم کا ٹریک بچھایا گیا ہے جس سے ایک تو ۱۹۰؍ایکڑ رقبہ میں راستہ کی نشان دہی ہوتی ہے اس کے علاوہ بارش کی صورت میں شرکاء جلسہ کو پیدل چلنے میں آسانی رہتی ہے۔ 

ٹریک بچھانے کے دوران جلسہ گاہ کے مین پنڈال کھڑے کرنے کا کام متعلقہ کمپنی کے لوگ کرتے رہے۔ مردانہ جلسہ گاہ  140×50  اور خواتین کا جلسہ گاہ کا پنڈال 120×50 ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کی مارکی، کھانے اور سونے کی مردانہ اور زنانہ مارکیاں لگائی جا رہی تھیں۔ ان مارکیوں میں بجلی کا نظام اور سپلائی جلسہ کارکنان کی ذمہ داری ہے جن پر ساتھ ساتھ کام ہو رہا ہے۔ مین پنڈالوں کے علاوہ ۱۲۰ خیمہ جات لگانا نظامت تیاری جلسہ گاہ کی ذمہ داری ہے۔ جس میں سے ۵۰ خیمے لگا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس بار پرائیوٹ خیمہ جات کا ایریا بڑھا دیا گیا ہے۔ اس ایریا کے گردا فینس لگانے کا کام شروع ہے۔ اس کے علاوہ مردانہ اور جلسہ گاہ کے درمیان ۱۵ کلو میٹر کی فینس دیوار کی صورت لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہاف فینس بھی لگائی جا رہی ہے جو بھی کم و بیش پندرہ کلو میٹر ہے۔ جلسہ کیونکہ کھلی جگہ پر ہے اور بارش کا امکان بھی ہوتا ہے اس لیے راستوں میں ساڑھے تین ہزار میٹر ربڑ کے میٹ بچھائے جا رہے ہیں۔ جلسہ سالانہ کے انتظامی یونٹوں کے سامان کی سپلائی بھی شروع ہو چکی ہے۔ جس کو وصول کرنے اور متعلقہ محکمہ تک پہنچانے کے لیے ایک پوری ٹیم مستعدی سے کام کر رہی ہے۔ اگلے ہفتہ سے لنگر کی تیاری کا کام شروع ہو جائے گا۔ ۲۸؍اگست تک جلسہ گاہ کا بیرونی کام ختم ہو جائے  گا۔ ۲۹؍اگست کو صبح اجتماعی وقارعمل کا آغاز دعا سے ہو گا۔ جس کے بعد جلسہ گاہ کا اندرونی کام کا آغاز ہو گا۔ کارپٹ، کرسیاں، سجاوٹ، سٹیج، کھانے، بیرونی قومیتوں کے تبلیغی خیمہ جات، نمائش گاہ کے کام کو جلسہ سے قبل تیار کر لیا جائے گا۔  انشاء اللہ

مکرم ندیم احمد نے بتایا نے صوبہ رائن لینڈ فالز کی جماعتوں کے دو سو کے قریب احباب یہاں آکر کام میں ہاتھ بٹا رہے ہیں۔ جوں جوں جلسہ کے ایام قریب آ رہے ہیں وقف عارضی پر لوگ کام کے لیے آنے شروع ہو گئے ہیں۔ جلسہ کے قریب بعض جماعتوں کی ڈیوٹی فورس مہیا کرنے کے لگائی گئی ہے تاکہ وقت پر کام مکمل ہو سکے۔ مجھے خدا کی ذات پر یقین ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ہم جلسہ کی تیاری وقت پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔جلسہ کی کامیابی کے لیے حضور اور پوری جماعت دعایں کر رہی ہے۔ الفضل کے قارئین سے بھی درخواست ہے کہ وہ جلسہ کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button