ہالینڈ کے شہر سٹارڈ (Sittard) میں نئی مسجد ’’مسجد ناصر‘‘ کا حصول اور پہلی نمازِ جمعہ
(رپورٹ: عدیل باسم۔ مربی سلسلہ مسجد ناصر و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۱ ؍اگست ۲۰۲۶ء بروز جمعہ جماعت احمدیہ ہالینڈ کو شہر سٹارڈ (Sittard) میں ایک نئی مسجد عطا ہوئی ہے۔ یہ عمارت جو پہلے ایک چرچ تھی، اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب مسجد کی شکل میں جماعت کو عطا ہوئی ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس مسجد کا نام ’’مسجد ناصر‘‘ عطا فرمایا ہے۔
مورخہ ۲۱ ؍اگست کو اس نئی عمارت کی چابیاں باقاعدہ طور پر موصول ہوئیں۔ الحمد للہ۔ اس بابرکت موقع پر امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ ہبۃ النور فرحاخن صاحب، مشنری انچارج مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب، ریجنل امیر مکرم وحید احمد صاحب ،لوکل صدر جماعت احسن بیک صاحب اور خاکسار (مربی سلسلہ مسجد ناصر) کے علاوہ سٹارڈ اور گردونواح کی جماعتوں کے احباب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

چابیاں ملنے کے بعد دعا کروائی گئی، جس کے بعد احبابِ جماعت نے قرآن کریم کی دعا رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ کا ورد کرتے ہوئے اس نئی مسجد میں قدم رکھا۔
مسجد میں داخلے کے بعد نمازِ جمعہ کی اذان دینے کی سعادت مکرم ریاض احمد صاحب کو ملی۔ اس تاریخی موقع پر مکرم مشنری انچارج صاحب نے خطبہ جمعہ میں تمام احباب کو اس نئی مسجد کے حصول پر مبارکباد دی اور مسجد کی دینی اور روحانی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس امر کی طرف خصوصی توجہ دلائی کہ مسجد کی اصل رونق نمازیوں سے ہوتی ہے۔

نمازِ جمعہ کی باجماعت ادائیگی کے بعد تمام احباب نے مسجد سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطبۂ جمعہ بھی سماعت کیا۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین و مہمانوں کے لیے ظہرانے کا انتظام کیا گیا تھا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مسجد ناصر کو جماعت کے لیے بابرکت بنائے اور یہ مسجد اشاعتِ توحید اور تبلیغِ اسلام کا ایک شاندار مرکز بنے، اور اس کے ذریعے جماعت احمدیہ کا پرامن پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ آمین۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلامُ علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
ماشاءاللہ، الحمدللہ، ثم الحمدللہ!
اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے کہ اُس نے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو سٹارڈ میں ’’مسجد ناصر‘‘ کی صورت میں ایک اور بابرکت مرکزِ عبادت عطا فرمایا۔ یہ یقیناً اللہ تعالیٰ کے فضلِ خاص اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کا ثمر ہے کہ ایک سابقہ چرچ آج مسجدِ توحید کے طور پر جماعت کو نصیب ہوا۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مسجدِ تقویٰ بنائے، اسے نمازیوں سے ہمیشہ آباد رکھے، اور یہاں ہونے والی ہر نماز، دعا، تلاوت، ذکرِ الٰہی اور دینی خدمت کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ مسجد ناصر کو اشاعتِ توحید، تبلیغِ اسلام، تربیتِ نسلِ نو اور خدمتِ انسانیت کا عظیم مرکز بنائے۔ اس مسجد کے دروازے سے داخل ہونے والا ہر شخص اللہ تعالیٰ کی محبت، امن، سلامتی اور اسلام کی خوبصورت تعلیمات سے متاثر ہو۔
اللہ تعالیٰ امیر جماعت، مشنری انچارج، ریجنل امیر، لوکل صدر جماعت، مربی سلسلہ اور تمام احبابِ جماعت کو اس مسجد کی آبادکاری اور خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ خصوصاً سٹارڈ اور گردونواح کے احباب کے لیے اسے ایمان و تقویٰ میں ترقی کا ذریعہ بنائے۔
اللہ تعالیٰ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام دعاؤں کو اس مسجد کے حق میں قبول فرمائے اور اسے خلافتِ احمدیہ کے لیے ایک مضبوط اور بابرکت مرکز بنائے۔
رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ۖ اِنَّكَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ
اے ہمارے رب! ہم سے یہ خدمت قبول فرما، یقیناً تو ہی بہت سننے والا اور سب کچھ جاننے والا ہے۔
اللہ تعالیٰ مسجد ناصر کو تا قیامت آباد و بابرکت رکھے اور اس کے ذریعے اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام دُور دُور تک پہنچائے۔ آمین ثم آمین۔
ماشاءاللہ، بہت بہت مبارک ہو۔
والسلام
طالب دعا
ارشد محمود
نیدرلینڈ