تازہ ترین: آئیوری کوسٹ میں مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر کا افتتاح۔ ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہیومینٹی فرسٹ کے شعبہ ہیلتھ کیئر کو مورخہ ۱۴؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز سوموار آئیوری کوسٹ کے معاشی دارالحکومت آبی جان میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد میں تعمیر کیے گئے ہسپتال ’’مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر‘‘ کے افتتاح کی توفیق ملی۔ پروگرام میں شرکت کے لیے مختلف ممالک سے عہدیدران و نمائندگان نے شرکت کی جن کی آمد کا سلسلہ مورخہ ۹؍ستمبر سے شروع ہوگیا تھا۔ اس پروگرام کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت سیرالیون کا نام بطور مرکزی نمائندہ منظور فرمایا تھا۔
مہمانان کے اعزاز میں عشائیہ: پروگرام سے ایک دن قبل بروز اتوار دوپہر کے وقت مہمانان کرام کے لیے fairy trip کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں آبی جان شہر میں واقع سمندر کی سیر کروائی گئی۔ جبکہ شام کے وقت سلور مون ہوٹل میں مہمانان کرام کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب سیرالیون نے کی۔ اس دوران مختلف مہمانان کرام نے تقاریر کیں اور ہیومینٹی فرسٹ کی خدمت انسانیت کو سراہا۔ جن میں بالترتیب مکرم شبیر احمد بھٹی صاحب وائس چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ (دوران خطاب انہوں نے مکرم وقاص ظفر صاحب سول انجینیئر، مکرمہ مریم حیات صاحبہ، مکرمہ لبنہ باجوہ صاحبہ اور مکرم جابی مصطفی صاحب کا خاص شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ہسپتال کی تعمیر میں کافی خدمات انجام دیں)، مکرم ڈاکٹر مسعود الحسن نوری صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ پاکستان، مکرم عبداللہ واگز ہاؤزر صاحب امیر جماعت جرمنی، مکرم محمد بن صالح صاحب امیر جماعت گھانا، مکرم منیر الدین شمس صاحب ڈائیریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل، مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیرومشنری انچارج آئیوری کوسٹ، مکرم مقبول ثانی صاحب جنہوں نے مکرم رفیق حیات صاحب امیر جماعت یوکے کا پیغام پڑھ کر سنایا، مکرم نصیر احمد دین صاحب نائب امیر یوکے، مکرم اسلم داؤد صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا، مکرم عزیز حفیظ صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ یوکے، مکرم احمد یحیٰ صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل، مکرم کیپٹن (ر) ماجد خان صاحب انچارج ہیلتھ کیئر اور آخر پر مکرم امیر صاحب سیرالیون نے خطاب کیا اور دعا سے اختتام ہوا۔ جس کے بعد سب مہمانان کرام کو عشائیہ پیش کیا گیا۔

افتتاحی پروگرام: مورخہ ۱۴؍ستمبر کو بعد از دوپہر افتتاحی پروگرام میں شرکت کے لیے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ چار بجے شام مکرم چیئرمین صاحب ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل نے ہیومینٹی فرسٹ جبکہ مکرم ڈاکٹر جاہا کواکو آلےکس صاحب نے حقوق نسواں کی وزیر کے نمائندہ کے طور پر آئیوری کوسٹ کا پرچم لہرایا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب سیرالیون نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔


اس کے بعد مکرم ڈاکٹر مسعود الحسن نوری صاحب، آئیوری کوسٹ میں یوکے کے ڈپٹی ایمبیسیڈر مکرم ولیم ٹرنر صاحب اور مکرم محمود اختر صاحب ایمبیسڈر آف پاکستان برائے آئیوری کوسٹ نے فیتہ کاٹا۔ جس کے بعد مہانان کرام کو ہسپتال کا دورہ کروایا گیا۔ بعد ازاں تمام مہمانان کرام مین مارکی میں تشریف لائے جہاں پہلے سے ہی دیگر مہمانان کرام موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ مکرم حافظ فوفانا سعید صاحب نے تلاوت قرآن پاک کی جس کے بعد مکرم چیئرمین صاحب ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل نے افتتاحی تقریر کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی انگریزی پیغام پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مکرم ماجد خان صاحب نے تقریر کی اور ہسپتال کی تعمیر کے مقاصد اور اس کے مراحل کا ذکر کیا۔ اس کے بعد مکرم ڈپٹی ایمبیسیڈر صاحب یوکے نے خطاب کیا۔ بعد ازاں مکرمہ مادام طورے میمونہ صاحبہ ایڈووکیٹ نے تقریر کی۔ اس کے بعد ایمبیسیڈر صاحب پاکستان نے تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم مرکزی نمائندہ صاحب نے تقریر کی اور ہسپتال کی تعمیر کو سراہا۔

ان تمام تقاریر کا ترجمہ ساتھ ساتھ فرانسیسی زبان میں کیا جاتا رہا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب سیرالیون نے دعا کروائی اور مہانان کرام کی خدمت میں ریفریشمنٹس پیش کی گئیں۔ پروگرام کے بعد بھی مہمانان کرام ہسپتال کا وزٹ کرتے رہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ہسپتال کی تعمیر کو بابرکت کرے اور حقیقی رنگ میں تمام ڈاکٹرز کو خدمت انسانیت کے جذبہ کے تحت مریضوں کا علاج کرنے کی سعادت نصیب کرے۔ اور اس ہسپتال کو مریضوں کے لئے شفا کا وسیلہ بنائے۔ آمین

