افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کا پینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کا ۴۵؍واں سالانہ نیشنل اجتماع ٹی آئی احمدیہ سینئر ہائی سکول کماسی، اشانٹی ریجن میں ’’خلافت ہر دور کی ضرورت ہے‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۱۰؍تا۱۲؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوا۔

روحانی، اخلاقی، علمی، تربیتی اور ورزشی سرگرمیوں پر مشتمل جامع پروگرام پیش کیا گیا۔ روزانہ نماز تہجد، فجر اور درس قرآن سے دن کا آغاز ہوتا رہا۔ اجتماع میں ٹوگو، بینن، نائیجیریا اور آئیوری کوسٹ سے بھی نمائندگان نے شرکت کی۔

افتتاحی پروگرام: ۱۰؍ستمبر کو صبح ساڑھے چار بجے باجماعت نماز تہجد اور درس کے ساتھ اجتماع کی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ مولوی سلیم احمد کیلسن صاحب مہتمم تحریک جدید نے ’’درویش قادیان-اخلاص و وفا کا ایک بہترین نمونہ‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ بعد ازاں مقام اجتماع کا تعارف، علمی مقابلہ جات کی ہدایات اور مختلف پروگرام ہوئے۔ عہد، تلاوت قرآن کریم اور مقامی نغمات کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا مکرم احمد کوبینا بنیارکو صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ بعدہٗ ایک خادم نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ گھانا نے ایک فورم کا انعقاد کیا جس کا مقصد اجتماع کے مرکزی موضوع نیز خلافت احمدیہ کی عصر حاضر میں ضرورت و اہمیت و برکات کے موضوع پر اظہار خیال کرنا تھا۔ اس پینل میں مبلغین، معلمین اور مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کے چند ایک مہتممین بھی شامل ہوئے۔

اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ گھانا

مجلس اطفال الاحمدیہ کے ۱۲ویں سالانہ اجتماع کی افتتاحی نشست صبح کے وقت منعقد ہوئی جس کی صدارت صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ گھانا نے کی۔ اس نشست میں علمی مقابلے اور تقاریر شامل تھیں۔ افریقی ممالک بشمول نائیجیریا، بینن اور ٹوگو کے وفود نے اپنے صدران خدام کے ہمراہ اطفال الاحمدیہ اجتماع میں شرکت کی۔

مجلس اطفال الاحمدیہ گھانا کے سالانہ اجتماع کا پہلا روز لوائے احمدیت لہرانے کے ساتھ مین مارکی میں باقاعدہ طور پر شروع ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ علمی مقابلہ جات بھی جاری رہے۔ نیز خدام کے لیے کھیلوں کے مقابلہ جات ساتھ ساتھ جاری رہے۔

نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد خدام کے اجتماع کے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ گھانا نے ’’ہمارا خدا‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں سوال و جواب کا اجلاس منعقدہوا۔ اس کے بعد کھیلوں کے مختلف مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ جبکہ اسی دوران ۴۰۰؍سے زائد خدام مختلف ورکشاپس سے مستفید ہوئے۔

پینل ڈسکشنز:دوپہر کی نشست میں خدام کے لیے ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوئی جس کا عنوان تھا: ’’الگورتھم کے دور میں مسلمان نوجوان کا کردار: خلافت کی راہنمائی (سوشل میڈیا کے اثرات، ڈوپامین کلچر اور جدید چیلنجز کے درمیان اخلاص و توجہ کو برقرار رکھنا)‘‘۔ اس دوران اطفال کے کھیلوں کے مقابلہ جات ہوئے۔ مباحثہ کے بعد سوال و جواب کی مجلس ہوئی جس کی صدارت الحافظ عبدالرفیق الاکا صاحب صدر خدام الاحمدیہ نائیجیریا نے کی اور اختتامی تقریر کی۔

شام کی نشست میں نماز مغرب و عشاء کے بعد ایک پینل ڈسکشن ہوئی جس کا عنوان تھا: ’’خلافت کی راہنمائی میں کم عمری کی شادی: اخلاقی پاکیزگی اور سماجی استحکام کا راستہ‘‘۔ اس میں مجلس خدام الاحمدیہ کے تجربہ کار علماء نے حصہ لیا جن میں معاون صدر برائے رشتہ ناطہ معلم عبدالغفور سعید صاحب بھی شامل تھے۔ اس اجلاس کا اختتام سوال و جواب پر ہوا جس میں شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خدام نے اپنے سوالات پیش کیے۔ اس نشست کی صدارت جناب لالا مستعین صاحب صدر خدام الاحمدیہ بینن نے کی۔ دوران اجتماع خدام و اطفال کو طعام کے علاوہ ریفریشمنٹ بھی پیش کی جاتی رہی۔

پہلے روز مختلف کھیلوں کا انعقاد ہوا جس میں ۷۰۰؍سے زائد خدام شامل ہوئے۔ جبکہ اس موقع پر علمی مقابلہ جات بھی جاری رہے جن میں خدام نے بھرپور حصہ لیا۔

بعد ازاں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ گھانا نے تمام قائدین مجالس کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کی۔ عشائیہ اور مغرب وعشاء کی نمازوں کی ادائیگی کے بعد اجتماع کا پہلا روز بخیرو خوبی اختتام پذیر ہوا۔

اس اجتماع کے موقع پر ’’MKAGH ریڈیو‘‘ کی نشریات کو دوبارہ فعال کیا گیا تاکہ سفر و حضر میں موجود اور دور دراز کے احباب کے لیے لائیو اَپ ڈیٹس، انٹرویوز اور ترانے نشر کیے جا سکیں۔

نمائشی سٹالز: دوران اجتماع مختلف شعبہ جات کی طرف سے نمائشی سٹالز کا انعقاد کیا گیا جن کا سینکڑوں خدام و اطفال نے دورہ کیا اور اہم معلومات حاصل کیں۔ ان میں شعبہ وقف نو، شعبہ وصیت، ریویو آف ریلیجنز، ہیومینٹی فرسٹ، IAAAE اور AMSAG (احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن گھانا) شامل تھے۔

اجتماع کے دوران سَو سے زائد خدام کے اجتماع کے تاثرات کے بارے انٹرویوز ریکارڈ کیے گئے۔ اسی طرح فیس بک اور انسٹاگرام پر MKA Ghana کی دوران اجتماع کی پوسٹس کو ہزاروں افراد نے دیکھا۔

دوسرا دن:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد ’’خلافت کے سایہ میں قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنا: ایک سچے خادم کے اوصاف کا فروغ‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا جو مولوی انیق سیسے Cessay صاحب نے پیش کیا۔ صبح سات بجے خدام و اطفال کو ناشتہ کروایا گیا۔ اس کے بعد ساڑھے آٹھ بجے مختلف کھیلوں کا آغاز ہوا جس میں ۸۰۰؍سے زائد خدام نے اجتماعی و انفرادی کھیلوں میں حصہ لیا۔

صبح کی نشست میں کوئز مقابلے کا فائنل ہوا جس میں گریٹر اکرا علاقہ کے ٹیما ضلع کے اسماعیل یارٹی فاتح رہے۔ اس کے بعد ریویو آف ریلیجنز گھانا کے زیر اہتمام ہستی باری تعالیٰ، جادو ٹونے، وہم پرستی اور خلافت کے موضوعات پر پینل ڈسکشن ہوئی جس کے صدر مکرم عمران نجم الدین صاحب صدر خدام الاحمدیہ ٹوگولینڈ تھے جنہوں نے کوئز مقابلہ جات کے فائنلسٹ میں انعامات بھی تقسیم کيے۔ اطفال الاحمدیہ کے ورزشی مقابلوں کے فائنل اسی نشست کے ساتھ منعقد ہوئے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست مقام اجتماع میں سنا گیا اور اسی اجتماع گاہ میں نماز جمعہ ادا کی گئی جہاں دیگر احباب جماعت نے بھی خدام کے ساتھ شرکت کی۔ اشانٹی کے ریجنل مبلغ مولوی نعمت اللہ طائر صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع کے مطابق عصر حاضر میں خلافت کی اہمیت، ضرورت و برکاتِ خلافت کے موضوع پر خطبہ جمعہ دیا۔ نماز جمعہ کے بعد خدام کے ورزشی مقابلے اور اطفال اجتماع کا آخری اجلاس جاری رہا۔

شبینہ نشست میں نماز مغرب و عشاء کے بعد polystyrene foam کی مصنوعات حوالے سے ایک لیکچر ہوا جو مسٹر حنیف فارسن نائب معتمد خدام الاحمدیہ گھانا و اہلکار انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی نے پیش کیا۔ یہ ممبران کو ان صحت کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے دیا گیا جو سٹائروفوم مصنوعات کے استعمال سے جڑے ہیں۔

آخری روز: اجتماع کے تیسرے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا ۔ نماز فجر کے بعد تینوں دن مختلف موضوعات پر درس ہوا۔

روٹ مارچ: بروز ہفتہ نماز فجر کے بعد روٹ مارچ کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے کماسی شہر کی اہم شاہراہوں پر امن کا پیغام پھیلایا۔ اس موقع پر مسٹر اسوکوا ڈویژنل پولیس کمانڈ نے روٹ مارچ اور اجتماع گاہ کے لیے سیکیورٹی فراہم کی۔ صدر خدام الاحمدیہ گھانا کے قیادت میں کماسی کی شاہراہوں سے گزرتا ہوا روٹ مارچ ٹی آئی احمدیہ سینئر ہائی سکول کماسی پہنچا جس میں خدام نے لوائے احمدیت، لوائے خدام الاحمدیہ اور مقامی جھنڈے اور قومی پرچم کے ساتھ ساتھ مختلف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر جماعت احمدیہ اور خلافت احمدیہ کا پُرامن پیغام لکھا تھا۔ اس روٹ مارچ میں ہزاروں خدام و اطفال نے حصہ لیا۔

اختتامی تقریب:اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم الحاج احمد بن سلیمان اینڈرسن نائب امیر ثانی گھانا تھے۔ اختتامی اجلاس سوا دو بجے شروع ہوا۔ تلاوت، عہد خدام، نظم اور مقامی نغمات کے بعد اجتماع کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اختتامی نشست میں مجلس کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی، ویڈیو جھلکیاں نیز برادرانہ و خیرسگالی کے پیغامات پیش کيے گئے۔ اس موقع پر الحاج قدس ڈاکٹر محمد بن ابراہیم صاحب (سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا) کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بعدہٗ مہمان خصوصی نے اعزا ز پانے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کيے اور آخر میں مکرم نائب امیر صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر تقریر کی اور بتایا کہ کس طرح ایک احمدی خادم، اپنے ارد گرد پھیلی معاشرتی برائیوں سے خود کو محفوظ رکھ سکتا ہے۔ یہ صرف اپنا خلافت احمدیہ سے تعلق مضبوط کرنے سے ہی ممکن ہے۔

نیشنل اجتماع کا اختتام ۱۳؍ستمبر کو نماز فجر کے ساتھ ہوا اور شرکاء نے روانگی سے قبل قیام گاہوں کی صفائی کی۔

نمائش: مجلس خدام الاحمدیہ گھانا کی سرگرمیوں، تاریخ اور منصوبوں کی ایک نمائش لگائی گئی جو تمام شرکاء کے لیے تعلیمی اور ایمان افروز تجربہ ثابت ہوئی۔ نمائش میں جماعت کے مختلف شعبہ جات جیسے ریویو آف ریلیجنز، ہیومینٹی فرسٹ گھانا، وقف نو (جس میں پیارے حضور کو خطوط لکھنے کا ڈیسک قائم تھا)، شعبہ وصایا اور شعبہ AIMS شامل تھے۔ مجلس نے صنعت و تجارت کے زیر انتظام ایک سٹور بھی قائم کیا جہاں مجلس کی اشیاء فروخت کی گئیں۔

سماجی سرگرمیاں و عطیہ خون مہم: اجتماع پلاننگ کمیٹی کی عطیات ذیلی کمیٹی (زیر صدارت مہتمم خدمت خلق) نے آسوکورے (اشانٹی ریجن) میں واقع احمدیہ مسلم ہسپتال کو طبی سامان عطیہ کیا۔ مسٹر بشیر الدین ایڈم (نائب صدر خدمت خلق) کی قیادت میں ایک وفد نے مجلس کی طرف سے یہ سامان پیش کیا۔ خدام اجتماع کا ایک نمایاں پہلو عطیہ خون مہم اور ہیومینٹی فرسٹ کے لیے فنڈ ریزنگ تھی جس میں غیرملکی مندوبین سمیت تمام شرکاء نے حصہ لیا۔ دوران اجتماع سینکڑوں خدام نے خون کا عطیہ کیا۔

MKA ریڈیو: شعبہ اشاعت نے اجتماع کےليے ایک عارضی ریڈیو سٹیشن قائم کیا تاکہ اجتماع کی سرگرمیوں کو انگریزی، چوئی (Twi) اور والی (Waale) زبانوں میں شرکاء تک نشر کیا جا سکے۔

مجلس شوریٰ و انتخاب نیشنل صدر گھانا: حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے مجلس شوریٰ کا اجلاس اجتماع کے موقع پر منعقد ہوا جس میں سالانہ رپورٹ، بجٹ اور تجاویز پر غور کیا گیا۔

۱۲؍ستمبر کی رات کو مجلس شوریٰ کا اجلاس انتخاب صدر کے لیے منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مولوی نعیم احمد چیمہ صاحب نے کی۔ انتخاب کے قواعد و ضوابط، معتمد ملک عبدالہادی کیلسن صاحب نے پڑھ کر سنائے۔ بعدہٗ حضور انور کی منظوری کےليے رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق آئندہ دو سال کےليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسٹر احمد کوبینا بنیارکی بطور نیشنل صدر منظوری عطا فرمائی۔

اس اجتماع میں خدام اور اطفال کی کُل حاضری ۴؍ہزار ۵۹۱؍رہی، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ نیز بعض انصار بھی شامل ہوئے۔ اجتماع کی رپورٹس مقامی ٹی وی چینلز پر بھی نشر ہوئیں جیسے Adom TV, GBC وغیرہ۔

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ نائیجیریا کا پچاسواں نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button