شاعری کا جواز:چند روشن زاویے
مَیں ہرگز پسند نہیں کرتا کہ کوئی شاعری میں اپنا نام پیدا کرنا چاہے۔ ہاں اگر حال کے طور پر نہ صرف قال کے طور پر اور جوشِ روحانی سے اور نہ خواہش نفسانی سے کبھی کوئی نظم جو مخلوق کے لیے مفید ہوسکتی ہو لکھی جائے تو کچھ مضائقہ نہیں۔ (حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام)
کچھ عرصہ قبل واٹس ایپ پر بعض دوستوں نے یکے بعد دیگرے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انسانی آنکھ اور انسانی کان کی تحدید کو پیش کیا گیا تھا یعنی یہ کہ انسانی آنکھ محض ۴۳۰۔ ۷۹۰ THZ اور انسانی کان ۲۰؍HZ۔۲۰؍KHZکے درمیان دیکھ اور سُن سکتا ہے۔ مذکورہ پوسٹ کو انٹرنیٹ پر تھوڑا سا سرچ کیا تو فیس بُک پیج کا لنک مل گیا جو حوالے کے لیے ذیل میں درج کیا جاتا ہے۔
(https://www.facebook.com/100047126350934/posts/1156994772548057/?mibextid=rS40aB7S9Ucbxw6v)
انسانی آنکھ اور کان کی اس سائنسی تحدید کو دیکھ کر مجھے یک دم منیر نیازی مرحوم کاوہ شعر یاد آیا جو ڈاکٹر طارق ہاشمی سےایک موقع پر سنا تھا یعنی:
مَیں سُن رہا ہوں اسے جو سنائی دیتا نہیں
مَیں دیکھتا ہوں اسے جو دکھائی دیتا نہیں
منیر نیازی نے یہ دعویٰ کرکے کوئی بَڑ نہیں ماری اور نہ ہی کوئی مہمل یا دیوانے پن کی بات کہی ہے۔ یہ وہ بات ہے جس پر منیر نیازی کا اعتقاد تھا۔ یعنی یہ کہ شاعر وہ کچھ دیکھ اور سُن سکتا ہے جوفی الوقت ظاہر میں موجود یا ممکن نہیں۔ اگر قطرے میں دجلہ اور جزو میں کُل دیکھنے کا یہ ہنر حاصل نہیں تو بقول غالبؔ ’کھیل لڑکوں کا ہوادیدۂ بینا نہ ہوا‘، میرؔ نے کہا تھا:
جزو مرتبہ کُل کو حاصل کرے ہے آخر
یک قطرہ نہ دیکھا جو دریا نہ ہوا ہوگا
یا پھر افتخار عارف نےکہا ہے کہ
بوند میں سارا سمندر، آنکھ میں کُل کائنات
ایک مشت خاک میں سورج کی آب و تاب دیکھ
ان تمام باتوں کے باوجود شاعری کے جواز اور دفاع میں صدیوں سے لکھا اور بولا جارہا ہے، اور یہ بحث کوئی نئی نہیں۔ عبید اللہ علیم ؔ صاحب نے کہا تھا کہ ’یارب یہ مسئلہ کبھی آغاز سے اٹھا‘ تو اس ہدایت کے تابع جبر و اختیار نہ سہی، شاعری کے جواز اور دفاع کی اس بحث پر ’آغاز‘ سے ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ قدیم یونان میں جب افلاطون نے جمہوریہ یا Re-Public میں اپنی مثالی ریاست کا تصور پیش کیا تو باوجود اس کے کہ وہ شاعر کو ایک بہت بڑا ذہن اور دماغ قرار دیتا ہے جیسا کہ اس نے کہا کہ ’’ شاعر ایک روشنی ہے اور پرواز کرنے والی پاک چیز ہے۔ وہ اس وقت تک تخلیق نہیں کرتا جب تک الہامی قوّت اس پر غالب نہ آجائے۔‘‘ (ارسطو سے ایلیٹ تک) مگر وہ اپنی مذکورہ بالا مثالی ریاست میں شاعر کو کوئی جگہ نہیں دیتا اور اسے برطرف کردیتا ہے۔ بنیادی طور پر افلاطون کے شاعری پر دو طرح کے اعتراضات ہیں ایک تو یہ ہے کہ شاعری معاشرے میں انتشار پیدا کرتی ہے اور جذبات کو بھڑکاتی ہے۔ دوسرا ذرا فلسفیانہ نوعیت کا اعتراض ہے اور وہ یہ کہ شاعری نقل کی نقل ہے یا شاعری حقیقت کی دوہری نقّالی ہے۔ ڈاکٹر جمیل جالبی افلاطون کی دی ہوئی مثال کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’اپنی اس بات کو افلاطون پلنگ کی مثال سے واضح کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ دنیا میں لا تعداد پلنگ ہیں جنہیں مختلف بنانے والوں نے بنایا ہے لیکن ان سب پلنگوں کی اصل وہ مثالی پلنگ ہے جس کی صورت خدا کے ذہن میں ہے۔ بڑھئی جب پلنگ بناتا ہے تو وہ اسی مثالی پلنگ کی نقل کرتا ہے۔ جب ایک مصور پلنگ بناتا ہے تو وہ بڑھئی کے پلنگ کی نقل کرتا ہے۔ یعنی اس طرح مصور نقل کی نقل کرتا ہے اور حقیقت سے دو درجہ دور ہوجاتا ہے۔ اسی طرح شاعر بھی جب اس پلنگ کو بیان کرتا ہے تو وہ بھی، مصور کی طرح، حقیقت سے دو درجہ دور ہو جاتا ہے۔ وہ بھی عکس کے عکس کا پجاری ہے۔ ایسے شخص سے کسی اخلاقیات کی امید نہیں کی جاسکتی۔ ‘‘ (ارسطو سےایلیٹ تک از ڈاکٹر جمیل جالبی، نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اسلام آباد، ۲۰۰۸ء صفحہ۲۰)
شاعری پر کیے جانے والے ان اعتراضات کا جواب افلاطون کے شاگرد ارسطو نے دیا۔ اس نے اپنے استاد افلاطون سے اختلاف کرتے ہوئے یہ خیال پیش کیا کہ شاعری جذبات کو بھڑکاتی نہیں بلکہ شاعری تو جذبات کی تطہیر کا باعث ہے۔ ارسطو نے اپنے اس تصوّر کو کیتھارسس کہا ہے۔ یعنی جذبات کا وہ بہاؤ جو کبھی بھی ضبط کے بند کو توڑ سکتا ہے، انسان کوئی انتہائی قدم اٹھا سکتا ہے، وہ کسی نفسیاتی عارضے میں مبتلا ہوسکتا ہے، شاعری ایسے میں اُسے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے سہارا فراہم کرتی ہے۔ گویا شاعری انسانی جذبات کو بھڑکاتی نہیں بلکہ وہ ان جذبات کو اظہار کی ایک مناسب راہ فراہم کرتی ہے۔
افلاطون کا دوسرااعتراض یہ تھا کہ یہ دنیا جو ہمیں دکھائی دیتی ہے وہ اصل نہیں بلکہ اصل دنیا تو عالَم مثال یا World of Ideas ہے، یہ دنیا جو ہم دیکھتے ہیں یہ تو اُس حقیقی دنیا کی محض نقل ہے اور جب شاعر اس دنیا کو مضمون کرتا ہے تو گویا وہ نقل کی نقل کر رہا ہوتا ہے۔ ارسطو نے اس اعتراض کے جواب میں کہا کہ شاعری نقل نہیں بلکہ شاعری تخلیق کا نام ہے اور شاعر نقّال نہیں بلکہ تخلیق کار ہوتا ہے۔ شاعر عالَم موجود کو بیان نہیں کرتا بلکہ وہ اُس دنیا کا نقشہ پیش کرتا ہے جو موجود ہوسکتی ہے یا شاعر کے نزدیک موجود ہونی چاہیے، شاعر اپنے تخیّل سے ایک عالَم خیال تخلیق کردیتا ہے۔ شاعرشعور کی دنیا کو نہیں بلکہ لاشعور کی دنیاکو پیش کرتا ہے، وہ مستقبل کے امکانات میں جی رہا ہوتا ہے اور یوں ایک امکانی دنیا کا نقشہ پیش کرتا ہے، ایک ایسی امکانی دنیا جو فی الوقت تو موجود نہیں مگر وہ تخلیق ہوسکتی ہے۔
بات شروع ہوئی تھی منیر نیازی کے ایک شعر سے، اب مجھے اس مرحلے پر منیر نیازی کا ایک انٹرویو یاد آرہا ہے۔ جیو نیوز کے مشہور پروگرام ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ میں میزبان سہیل وڑائچ نے منیر نیازی سے یہ سوال کیا کہ شاعر بڑا ہوتا ہے، فلاسفر یا سائنس دان؟ تو اس سوال کے جواب میں منیر نیازی نے بلا توقف جواب دیا کہ میرے نزدیک شاعر(بڑا ہوتا ہے) سائنس دان اُس (شاعر)سے خیال کو لے کر اپنی نئی بات کرتا ہے۔ چاند پر جانے کا تصورتک شاعردیتا ہے، سائنس دان کوشش کرکے چاند تک پہنچتا ہے۔
اس بات کی تائید میں اساطیری ادب سے اور بھی کئی مثالیں تلاش کی جاسکتی ہیں۔ مثلاً جام جمشید کی مثال یا اڑن طشتری کا تصور۔ یہ سب وہ داستانوی خیالات تھے جو آج سائنس کی دنیا میں حقیقت بن چکے ہیں۔ دراصل جس چیز کی طرف منیر نیازی نے اشارہ کیا ہے وہ شاعرکی تخلیق اور اختراع کی وہ صلاحیت ہے جسے انگریزی میں Creativity کہتے ہیں۔ سائنس نے جس قدر بھی ایجادات اور ترقیات کی ہیں دراصل یہ اُس تمنا، خواہش اور تجسّس کا عملی اظہار ہیں جو شاعر نے انسان کے اندر پیدا کی تھیں۔ فکری سطح پر کسی چیز کو محسوس کرلینا ایک عام بات ہے مگر تخلیقی سطح پر محسوسات کو اظہار کا پیرہن عطا کردینا ایک تخلیق کار کا خاصہ ہے، جو خدادا د ہے۔
شعرا ءاور فلاسفہ کی ان باتوں کے بعد ہم رجوع کرتے ہیں کہ قرآن و حدیث اس بارے میں ہماری کیا راہنمائی کرتے ہیں۔ قرآن کریم نے تو ایک مکمل سورت کا نام سورة الشعراء رکھا ہے۔ سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ اس سورت کا نام سورة الشعراء رکھے جانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ’’اس سورة کا نام شعراء اس لیے رکھا گیا ہے کہ اس سورة کا مضمون بتاتا ہے کہ انسانی ترقی قول اور عمل میں یک رنگی سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ اور وہ لوگ جو کہتے کچھ اور ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں شعراء کی طرح وہ کامیاب نہیں ہوتے۔ ‘‘(تفسیر کبیر جلد نہم صفحہ۲۴۰۔۲۴۱)
اس سورت کی آیات ۲۲۵ تا ۲۲۸ میں خدا تعالیٰ فرماتا ہے: وَالشُّعَرَآءُ یَتَّبِعُہُمُ الۡغَاوٗنَ۔ اَلَمۡ تَرَ اَنَّہُمۡ فِیۡ کُلِّ وَادٍ یَّہِیۡمُوۡنَ۔وَاَنَّہُمۡ یَقُوۡلُوۡنَ مَا لَا یَفۡعَلُوۡنَ۔ اِلَّا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَذَکَرُوا اللّٰہَ کَثِیۡرًا وَّانۡتَصَرُوۡا مِنۡۢ بَعۡدِ مَا ظُلِمُوۡا ؕ وَسَیَعۡلَمُ الَّذِیۡنَ ظَلَمُوۡۤا اَیَّ مُنۡقَلَبٍ یَّنۡقَلِبُوۡنَ۔ (الشعراء: ۲۲۵ تا ۲۲۸) یعنی : اور شعراء کی جماعت ایسی ہوتی ہے کہ اُن کے پیچھے چلنے والے گمراہ ہوتے ہیں۔ (اے مخاطب) کیا تیری سمجھ میں (اب تک) نہیں آیا کہ وہ (یعنی شعراء ) تو ہر وادی میں بے مقصود کے پھرتے ہیں۔ اور وہ ایسی باتیں کہتے ہیں جو کرتے نہیں۔ سوائے (شاعروں میں سے) مومنوں اور نیک عمل کرنے والوں کے اور ان کے جو اللہ (تعالیٰ) کا (اپنے شعروں میں) کثرت سے ذکر کرتے ہیں اور (اگر ہجو کرتے ہیں تو ابتداء نہیں کرتے بلکہ) مظلوم ہونے کے بعد (جائز) بدلہ لیتے ہیں اور وہ لوگ جو ظالم ہیں ضرور جان لیں گے کہ کس مقام کی طرف اُن کو لوٹ کرجانا ہوگا۔ (ترجمہ از تفسیر کبیر)
سورة الشعراء کی ان آیات کریمہ کے متعلق حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی مجلس میں ایک شخص نے سوال کیا اور کہا ’’کہ سورۃ شعراء میں اخیر پر شاعروں کی مذمت کی ہے‘‘۔ فرمایا کہ ’’وہ مقام پڑھو۔ وہاں خدا نے فسق و فجور کرنے والے شاعروں کی مذمت کی ہے اور مومن شاعر کا وہاں خود استثناء کردیا ہے۔ پھر ساری زبور نظم ہے۔ یرمیاہ، سلیمان اور موسیٰ کی نظمیں تورات میں ہیں۔ اس سے ثابت ہوا کہ نظم گناہ نہیں ہے ہاں! فسق و فجور کی نظم نہ ہو۔ ہمیں خود الہام ہوتے ہیں بعض ان میں مقفّیٰ اور بعض شعروں میں ہوتے ہیں۔ ‘‘(ملفوظات جلد چہارم صفحہ ۳۰۸۔۳۰۹)
مشہور حدیث مبارکہ ہے کہ اِنَّ مِنَ الشِّعْرِ لَحِكْمَةً وَ اِنَّ مِنَ الْبَيَان لَسِحْرًا۔ یعنی: بعض اشعار میں حکمت ہوتی ہے اور بعض بیان تو جادو کا اثر رکھتے ہیں۔
مرحوم صاحبزادہ مرزا حنیف احمد صاحب اپنی بےمثال اور منفرد کتاب ’ادب المسیح‘ میں اس حدیث مبارکہ کےمتعلق فرماتے ہیں کہ ’’ادب کے دو عناصر (یعنی مواد اور ہیئت ) کو کس کمال سے دو لفظوں میں بیان کر دیا ہے۔ اس فرمان کے مطابق آپؐ کی نظر میں شعر و ادب میں ایک حکیمانہ عرفان ہونا چاہیے۔ یعنی اس کا ناطہ انسان کی فطرت اور اس کے تقاضوں کے ساتھ قائم و دائم ہو اور دوسرے قدم پر الفاظ کا حسن و جمال اور ان کی بندش ایسی ہو کہ انسان کو مسحور کر دے۔ ‘‘
اس کے بعد آپ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے اشعار میں سے بعض بطور مثال پیش فرماتے ہیں جن میں سے ایک یہاں نقل کیا جاتا ہے :
سخن معدنِ درّ و سیم و طلاست
اگر نیک دانی ہمیں کیمیاست
یعنی: کلام تو موتی، چاندی اور سونے کی کان ہے اگر اس بات کو سمجھ لیا جائے تو یہی کیمیا ہے۔ ‘‘ (ادب المسیح از محترم صاحبزادہ مرزا حنیف احمد صاحب صفحہ ۲۳)
مذکورہ بالا حدیث مبارکہ میں جس ’ حکیمانہ عرفان‘ کی طرف اِنَّ مِنَ الشِّعْرِ لَحِكْمَةً کے الفاظ میں اشارہ فرمایا گیا ہےاُس میں ایک پہلو مستقبل کے امکانات کی طرف ذہن انسانی کی منتقلی اور اسے مہمیز کرنا بھی ہے۔ تجسّس، کھوج اور خوب سے خوب تر کی تلاش انسان کی فطرت میں ودیعت کی گئی ہے اور انسانی فطرت کے اس تقاضے کو شاعر اپنے حکیمانہ کلام کے ذریعےبروئے کار لاکر نوع انساں کے سامنے اُسے پیش کرتا ہے۔ یہی وہ شاعری ہے جو بنی نوع کے لیے فائدے کا باعث ہےاور ایسی شاعری جو کسی زاویے سے بنی نوع کے لیے نفع کا باعث ہو اس کی نسبت حضرت اقدس مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’مَیں ہرگز پسند نہیں کرتا کہ کوئی شاعری میں اپنا نام پیدا کرنا چاہے۔ ہاں اگر حال کے طور پر نہ صرف قال کے طور پر اور جوشِ روحانی سے اور نہ خواہش نفسانی سے کبھی کوئی نظم جو مخلوق کے لیے مفید ہوسکتی ہو لکھی جائے تو کچھ مضائقہ نہیں۔ ‘‘( ملفوظات جلد نہم صفحہ ۱۹۱)
ایک موقعے پر راگ سننے کے متعلق اصولی تبصرہ کرتے ہوئے حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے فرمایا: ’’عمدہ تقریر خوش الحانی سے کی جائے تو اس کا بھی اثر ہوتا ہے۔ وہی تقریر ژولیدہ زبانی سے کی جائے تو اس میں کوئی اثر نہیں ہوتا۔ جس شئے میں خدا نے تاثیر رکھی ہے اس کو اسلام کی طرف کھینچنے کا آلہ بنایا جائے تو اس میں کیا حرج ہے۔ حضرت داؤد کی زبور گیتوں میں تھی جس کے متعلق کہا گیا ہے کہ جب حضرت داؤد خدا کی مناجات کرتے تھے تو پہاڑ بھی ان کے ساتھ روتے تھے اور پرندے بھی تسبیح کرتے تھے۔ ‘‘ (ملفوظات جلد چہارم صفحہ ۵۲۴)
حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے شاعری کے جوا ز کے سلسلے میں جو بھی باتیں بیان فرمائی ہیں وہ تمام سورة الشعراء کی مذکورہ آیات اور حدیث مبارکہ اِنَّ مِنَ الشِّعْرِ لَحِكْمَةً کی تفسیرو تشریح ہیں یعنی یہ کہ محض شاعری میں اپنا نام پیدا کرنا اگر مقصد ہو تو یہ کوئی پسندیدہ فعل نہیں۔ ہاں! جیسا کہ نبی پاکﷺ نے فرمایا تھا’’ بعض بیان تو جادو کا اثر رکھتے ہیں‘‘ آپؑ نے بھی ایسا ہی فرمایا کہ عمدہ تقریر جو خوش الحانی سے کی جائے اس کا بھی اثر ہوتا ہے۔ اسی طرح آپؑ نے اصولی بات بیان فرمادی کہ جس بھی چیز میں خدا نے اثر رکھا ہے، اگر اُس چیز کو اسلام کی خدمت کے لیے اختیار کیا جائے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ حضورؑ نے ’خواہش نفسانی‘ کے الفاظ کے ساتھ جس قسم کی شاعری کی مناہی فرمائی ہے، وہ یقیناً اُن بدباطن شعراء کی شاعری ہے جو محض ادنیٰ قسم کے انسانی جذبات کو بھڑکا کر گویا سستی شہرت اور داد کے خواہاں رہتے ہیں، یہ وہی شاعری ہے جس کی مذمّت قرآن کریم میں سورة الشعراء کی زیر نظر آیات میں بھی فرمائی گئی ہے۔ چنانچہ سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ ان آیات کریمہ کی تفسیر میں فرماتے ہیں: ’’شعراء پر ایسے لوگ ہی گرویدہ ہوتے ہیں جن کا تقویٰ اور روحانیت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ چونکہ شعراء اپنے شعروں میں عموماً عشق اور محبتِ نفسانیہ اور شہوانیہ کا ذکر کرتے ہیں۔ اس لیے ایسے ہی لوگ اُن کے پیچھے چلتے ہیں جو خود بھی تقویٰ سے دُور ہوتے ہیں… اُن(اشعار۔ ناقل) میں خدا اور اس کے رسول کا کہیں ذکر نہیں ہوتا بلکہ عموماً اُن کے ذریعے نوجوانوں کے شہوانی جذبات کو تحریک دی جاتی ہے۔‘‘ (تفسیر کبیر جلد نہم صفحہ ۶۰۹ زیر آیت وَالشُّعَرَاءُ يَتَّبِعُهُمُ الْغَاوُوْنَ…الخ )
یہاں سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ نے تقویٰ اور روحانیت سےمعمور شاعری کا استثناء فرمایا ہے جیسا کہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے بھی فرمایا تھا کہ ’’اگر حال کے طور پر نہ صرف قال کے طور پر اور جوش روحانی سے… کوئی نظم جو مخلوق کے لیے مفید ہوسکتی ہو لکھی جائے تو کچھ مضائقہ نہیں۔‘‘ اسی طرح اس ارشاد میں شہوانی جذبات کو تحریک دینے والی شاعری کی مذمت فرمائی گئی ہے اور اس مذمت سے افلاطون کے اُس اخلاقی نوعیت کے اعتراض کی بھی تائید ہوتی ہے جس کا ذکرمضمون کے پہلے حصّے میں کیا گیا تھا یعنی یہ کہ افلاطون نے اپنی مثالی ریاست کے تصوّر میں شاعر کو برطرف کردیا تھا اور یہ کہا تھا کہ شاعری معاشرے میں انتشار پیدا کرتی ہے اور جذبات کو بھڑکاتی ہے۔
سیّدنا حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے اپنی تصنیف لطیف ’برکات الدعاء‘ میں جہاں سر سیّد کے استفسار پرصحیح تفسیر قرآن کریم کے سات معیار بیان فرمائے ہیں وہاں ساتواں معیار ’وحی ولایت اور مکاشفات محدثین‘ کو قرار دیا ہے اور فرمایا ہے کہ ’’یہ معیار گویا تمام معیاروں پر حاوی ہے۔ ‘‘ سرسیّد نے چونکہ وحی کو، خواہ وہ وحی نبوت ہو یا وحی ولایت، معیار صداقت شمار نہیں کیا اور نہ وہ اسے بنظر عزّت دیکھتے ہیں بلکہ وہ وحی الٰہی کو محض فطرتی ملکہ گمان کرتے ہیں۔ حضورؑ نے حاشیہ معیار ہفتم میں سرسیّد کے اس وہم کا ازالہ فرمایا ہے اور ثابت کیا ہے کہ انسانی فطرت میں کئی قسم کے ملکات ہوتے ہیں جو تعلیم اور تربیت یعنی سیکھنے سے مزید صیقل ہوجاتے ہیں۔ فرمایا’’اس تعلیم یابی کے بعد وہ ملکہ جو تخم کی طرح چھپا ہوا تھا بھڑک اٹھتا ہے اور طرح طرح کی باریکیاں اس علم کی اُس کو سوجھتی ہیں اور جو کچھ اس فن کے متعلق نئے نئے امور مِن جانب اللہ اس کے دل میں پیدا ہوتے ہیں اگر اُن کا الہام اور القا نام رکھیں تو کچھ بعید نہیں ہوتا کیونکہ بلاشبہ وہ تمام عمدہ باتیں جن سے انسانوں کو نفع پہنچتا ہے خدا تعالیٰ کی طرف سے دل میں ڈالی جاتی ہیں۔ ‘‘ (برکات الدعاء، روحانی خزائن جلد ۶ صفحہ ۲۰؍بقیہ حاشیہ)
ظاہر ہے کہ انبیاء علیہم السلام اور خدا تعالیٰ کےمکالمہ و مخاطبہ سے سرفراز، برگزیدہ، فرستادوں کی وحی اور اس ملکہ فطرت میں جس کا اوپر ذکر ہوا، یقیناً بہت بڑافرق ہے۔ تخلیق کاراور شعرا ءوغیرہ غور وفکر کے بعد اپنے خدادادفطری ملکہ کے تابع کچھ تخلیق کرتے ہیں جبکہ خدا تعالیٰ کے فرستادوں کو ملنے والی پاک وحی کا معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ چنانچہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: ’’اگرچہ شعرا ءوغیرہ کو بھی سوچنے کے بعد القاء ہوتا ہے مگر اس وحی کو اس سے مناسبت دینا سخت بےتمیزی ہے کیونکہ وہ القا خوض اور فکر کا ایک نتیجہ ہوتا ہے اور ہوش و حواس کی قائمی اور انسانیت کی حد میں ہونے کی حالت میں ظہور کرتا ہے لیکن یہ القا صرف اس وقت ہوتا ہے کہ جب انسان اپنے تمام وجود کے ساتھ خداتعالیٰ کے تصرف میں آجاتا ہے اور اپنا ہوش اور اپنا خوض کسی طور سے اُس میں دخل نہیں رکھتا۔‘‘ (برکات الدعاء، روحانی خزائن جلد ۶ صفحہ۲۳بقیہ حاشیہ)
بہرحال حضورؑ نے سورةا لشمس کی آیت ۹ فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰهَا پیش کرکے فرمایا کہ ’’یعنی بری باتیں اور نیک باتیں جو انسانوں کے دلوں میں پڑتی ہیں وہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ہی الہام ہوتی ہیں۔ اچھا آدمی اپنی اچھی طبیعت کی وجہ سے اس لائق ہوتا ہے کہ اچھی باتیں اس کے دل میں پڑیں اور برا آدمی اپنی بُری طبیعت کی وجہ سے اس لائق ٹھہرتا ہے کہ بُرے خیالات اور بداندیشی کی تجویزیں اُس کے دل میں پیدا ہوتی رہیں۔ ‘‘ (برکات الدعاء، روحانی خزائن جلد ۶ صفحہ ۲۰ بقیہ حاشیہ)
حضورؑ نے اس خدشے کا اظہار فرمایا ہے کہ شاید سرسید اس مرحلے پر یہ کہہ دیں کہ وہ وحی متلو، یعنی قرآن کریم، کہ جو بالفاظ وحی ہے، اس کے قائل ہیں۔ حضوؑنے فرمایا ’’کوئی القا الفاظ کے بغیر نہیں ہوتا اور ایسے معانی جو الفاظ سے مجرد ہوں ذہن میں آہی نہیں سکتے۔ ‘‘ (برکات الدعاء، روحانی خزائن جلد ۶ صفحہ ۲۰؍بقیہ حاشیہ)حضورؑ کا یہ فقرہ ہماری گفتگو کےلیے اہم ہے اور سرسید اور ان کے خیالات کا سارا پس منظر اسی فقرے اور اس سے آگے بیان فرمودہ مثال کو واضح کرنے لیے پیش کیا گیا تھا۔ حضورؑ فرماتے ہیں: ’’یہ بات تو ہم دوبارہ یاد دلا دیتے ہیں کہ گو کسی قسم کا القاء ہو الفاظ ہمیشہ ساتھ ہوں گے۔ مثلاً ایک شاعر جو ایک مصرعہ کےلیے دوسرا مصرعہ تلاش کر رہا ہے تو جب اس کے ذہن پر من جانب اللہ کوئی القاء ہوگا تو الفاظ کے ساتھ ہی ہوگا۔ اب جبکہ یہ بات پختہ طور پر فیصلہ پاگئی کہ حکماء اور عرفاء اور شعراء کو بھی خدا تعالیٰ کی طرف سے القاء ہوتا ہے اور وہ بھی الہام متلو ہی ہوتا ہے اور ان میں سے راستبازوں کو راستی کااور بدوں کو بدی کا ایک ملکہ عطا کیا جاتا ہے اور مناسب حال اس ملکہ کے وقتاً فوقتاً ان کو الہام ہوتا رہتا ہے۔ مثلاً جس نے ریل ایجاد کی اس کو بھی القاء ہی ہوا تھا اور جو تار برقی کا موجد گذرا ہے وہ بھی ان معنوں کرکے ملہم ہی تھا۔ ‘‘ (برکات الدعاء، روحانی خزائن جلد ۶ صفحہ۲۱بقیہ حاشیہ)
حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا درج بالا روشن ارشاد زیرغور معاملے پر ہماری بھرپور راہنمائی فرماتا ہے۔ گویا شاعر کا القاء، جسے شاعری میں بالعموم آورد کے بالمقابل آمد سے تعبیر کیا جاتا ہے وہ من جانب اللہ ہوا کرتا ہے اور یہ کہ الفاظ کے بنا کوئی معانی ذہن میں آہی نہیں سکتے۔ غور کیا جائے تو ادب کے دونوں عناصر یعنی مواد اور ہئیت(جس کا حدیث مبارکہ اِنَّ منَ الشِّعْرِ لَحِكْمَةً میں ذکر کیا گیا تھا)اس جگہ جمع ہوگئے ہیں۔ یعنی شاعر کا خیال جسے القا فرمایا گیا ہے من جانب اللہ ہے اور جو یہ فرمایا کہ القاء ہمیشہ الفاظ کے ساتھ ہوگا تو اس میں ہئیت کا بھی ذکر آگیا۔ حکماء، عرفاء اور شعراء سب کو اکٹھاکرکے حضورؑ نے ہر طرح کی امکانی تخلیقی صلاحیت یا Creativity کو شامل فرمادیا ہے اور پھر سائنسی ایجادات (ریل اور تاربرقی)کو بطور مثال پیش فرما کریہ سمجھادیا کہ تخلیقی اپج ان تمام زمروں کی مشترکہ میراث ہے۔
حضرت صاحبزادہ مرزا سلطان احمد صاحب نے اپنی کتاب ’فنون لطیفہ‘ میں شاعری اور سائنس کے موضوع پر مختصر مگر جامع بحث کی ہے۔ آپؓ فرماتے ہیں: ’’سائنس کی بنیاد حقائق اور انکشاف حقائق اور نسبت انساب ہے اور محنت و کوشش سے ان امور پر غور اور خوض کرنا، اس کے خلاف شاعری طبعی ولولوں اور طبعی جذبات کے ماتحت نشونما پاتی ہے۔ سائنس دان پیدائشی نہیں ہوسکتا لیکن شاعر پیدائشی ہوتا ہے۔ سائنس میں علو یا بلند خیالی نہیں ہوتی۔ بلکہ ایک قسم کی عملی جدّت اور ندرت، شاعری میں بلند خیالی لازمی ہے۔ سائنس دان وہی کچھ بیان کرسکتا ہے جو ہوسکتا ہے، شاعر وہ بیان کرتا ہے جو ہوتاہےلیکن ایسی علو خیالی سے کہ سننے والوں کے دل و دماغ میں امید سے زیادہ امنگ پیدا ہوتی ہے۔ سائنس دان وہی بیان کرتا ہے جو درحقیقت اشیاء میں رکھا گیا ہے لیکن شاعر دل و دماغ کی اُس بلند خیالی کو بیان کرتا ہے جو قدرت کے ظاہری مناظر میں نہیں پائی جاتی۔ ‘‘(فنون لطیفہ از حضرت مرزا سلطان احمد صاحب۱۹۱۲ صفحہ ۱۱۷)
اگر غور کیا جائے تو یہاں ارسطو اور منیر نیازی کے خیالات کی توثیق کی گئی ہے، یعنی یہ کہ شاعر اپنی بلند خیالی سے سامعین اور قارئین کے دل ودماغ کو ایک ایساولولہ یا جوش دیتا ہے جو امید سے بڑھ کر ہو اور یہ کہ شاعر دل و دماغ کی اُس بلند خیالی کو پیش کرتا ہے جو ظاہر میں موجود نہیں۔ ارسطو نے بھی یہی کہا تھا کہ شاعر عالَم موجود کو بیان نہیں کرتا بلکہ وہ اُس دنیا کا نقشہ پیش کرتا ہے جو موجود ہوسکتی ہے یا یہ کہ شاعر ایک امکانی دنیا کا نقشہ پیش کرتا ہے، ایک ایسی امکانی دنیا جو فی الوقت تو موجود نہیں مگر وہ تخلیق ہوسکتی ہے۔ اسی طرح منیر نیازی نے جہاں شاعر کو فلسفی اور سائنس دان سے بڑا قرار دیا وہاں شاعر کی اسی علو خیالی اور قوّت متخیلہ کو بنیاد بنایا ہے۔
مضمون کے پہلے حصّے میں افلاطون اور ارسطو کی ایک بحث شاعر کے نقّال یا تخلیق کار ہونے کی بھی تھی، افلاطون نےکہا تھا کہ شاعری نقل کی نقل ہے یا شاعری حقیقت کی دوہری نقّالی ہے۔ اس کے برخلاف ارسطو نے شاعر کو تخلیق کار قرار دے کر کہا تھا کہ شاعر اپنے تخیّل سے ایک عالَم خیال تخلیق کردیتا ہے۔ شاعرشعور کی دنیا کو نہیں بلکہ لاشعور کی دنیاکو پیش کرتا ہے، اور یہ کہ شاعر مستقبل کے امکانات میں جی رہا ہوتا ہے وغیرہ۔ حضرت صاحبزادہ مرزا سلطان احمد صاحب اس حوالے سے فرماتے ہیں کہ ’’شاعر جس قدر مشاہدات کرتا ہے پہلے انہیں اپنے جذبات سے سکڑ دیتا ہے اور پھر ایک خاص پیرایہ میں ان کی تبلیغ کا عزم کرتا ہے۔ بعض دفعہ اس کا ایک مصرعہ جو اس کے دل سے نکلا ہے بیسیوں صفحات کا کام دے جاتا ہے۔ شاعر صرف نقّال ہی نہیں ہوتا بلکہ وہ واقعات پیش آمدہ اور مسموعات پیش شدہ میں کتربیونت کرکے ایک عمدہ طریقہ پر انہیں وجود میں لاتا ہے۔ اس کی قوّت متخیلہ اور قوت بیانیہ اس کے دو مشیر باتدبیر ہیں۔ ان کی مدد سے وہ اپنے ارادوں اور خیالات میں بہت کچھ کامیاب ہوتا ہے۔‘‘ (فنون لطیفہ ازحضرت مرزا سلطان احمد صاحب۱۹۱۲، صفحہ ۱۱۸۔۱۱۹)
پس اسی لیے سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ نےاپنی ایک رؤیاء کی بنا پر شعرگوئی کو قوم کی زندگی کی علامتوں میں سے ایک علامت قرار دیا ہےاور افراد جماعت کو شعر گوئی کی تحریک فرمائی ہے۔ مئی ۱۹۱۹ء میں بورڈنگ تعلیم الاسلام ہائی سکول میں حضرت سیّد ولی اللہ شاہ صاحبؓ کی آمد پر ایک دعوت کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ بنفس نفیس تشریف لائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آپؓ نے فرمایا کہ ’’اس کے بعد نظم کے متعلق مَیں نصیحت کرنا چاہتا ہوں۔ نظمیں عام طور پر پڑھی جاتی ہیں۔ مَیں بھی نظم کو بہت پسند کرتا ہوں، اور خود شاعر ہوں۔ مگر اب نہ صرف کوئی شعر کہتا ہی نہیں بلکہ کہہ ہی نہیں سکتا۔ پہلے تو یہ حالت تھی کہ ایک دفعہ عصر سے لےکر مغرب تک سَو شعر کہہ لیے تھے۔ لیکن اب اگر کبھی ایک مصرعہ منہ سے نکل جاتا ہے تو دوسرا بننا مشکل ہوجاتا ہے۔ جس سے مَیں نے سمجھ لیا ہے کہ اس طرف سے میری طبیعت ہٹ گئی ہے۔ لیکن اس سے پسندیدگی کے مادہ میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ تو مَیں خود شاعر ہوں یا شاعر تھا، شعروں کو پسند کرتا ہوں۔ اور مجھے رؤیاء میں بتایا گیا ہے کہ قوم کی زندگی کی علامتوں میں سے ایک علامت شعرگوئی بھی ہے۔ اور مَیں اپنی جماعت کے لوگوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ تم شعر کہا کرو۔ یہی وجہ ہے کہ سالانہ جلسہ پر نظمیں پڑھنے کے لیے بھی وقت رکھا جاتا ہے۔ تو مَیں نظم کو پسند کرتا ہوں۔ شعر کہتا رہا ہوں اور رؤیاء میں مجھے بتایا گیا ہے کہ اپنی جماعت کے لوگوں کو شعر کہنے کی تحریک کروں۔‘‘(الفضل ۱۴تا ۱۷؍جون ۱۹۱۹ء صفحہ۴)
مزید پڑھیں: شاعر کی عظمت اور فنّی برتری کا معیار کیا ہے؟




