سمرقند: رجالِ فارس کی سرزمین(قسط اوّل)
خدا تعالیٰ اپنی پاک وحی میں وعدہ دیتا ہے اور مجھے مخاطب کرکے فرماتا ہے کہ اَب یہ خاندان اپنا رنگ بدل لے گا اور اِس خاندان کا سلسلہ تم سے شروع ہوگا اور پہلا ذکر منقطع ہوجائے گا۔ اور اِس وحیِ الٰہی میں کثرتِ نسل کی طرف بھی اشارہ ہے یعنی نسل بہت ہوجائے گی اور جیسا کہ بظاہر سمجھا گیا ہے یہ خاندان مغلیہ خاندان کے نام سے شہرت رکھتا ہے لیکن خدائے عالم الغیب نے جو دانائے حقیقت ِحال ہے بار بار اپنی وحیِ مقدّس میں ظاہر فرمایا ہے جو یہ فارسی خاندان ہے اور مجھ کو ابناءِفارس کرکے پکارا ہے جیسا کہ وہ میری نسبت فرماتا ہے اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا وَصَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ رَدَّ عَلَیْھِمْ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ شَکَرَاللّٰہُ سَعْیَہٗ۔ یعنی جو لوگ کافر ہوکر خدا تعالیٰ کی راہ سے روکتے ہیں ایک فارسی الاصل نے ان کا رَدّ لکھا ہے خدا اس کی اس کوشش کا شکر گذار ہے۔ پھر وہ ایک اَور وحی میں میری نسبت فرماتا ہے لَوْکَانَ الْاِیْمَانُ مُعَلَّقًام بِالثُّرَیَّا لَنَالَہٗ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ۔ یعنی اگر ایمان ثریّا کے ساتھ معلّق ہوتا تو ایک فارسی الاصل انسان وہاں بھی اُس کو پالیتا۔ پھر اپنی ایک اَور وحی میں مجھ کو مخاطب کرکے فرماتا ہے خُذُوا التَّوْحِیْدَ التَّوْحِیْدَ یَآ اَبْنَآءَ الْفَارِسِ۔ یعنی توحید کو پکڑو توحید کو پکڑو اے فارس کے بیٹو۔ (حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام)
ازبکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی ایک شہر کا نام دل کو کھینچتا ہے: سمرقند۔ یہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ تاریخ، تہذیب، علم اور سلطنت کا ایسا سنگم ہے جس کا ذکر قرآن و حدیث کے طالب علم، مؤرخ، شاعر اور سیاح سب اپنی اپنی زبان میں کرتے آئے ہیں۔ جب خاکسار کو پہلی مرتبہ سمرقند جانے کا موقع ملا تو محسوس ہوا کہ کتابوں میں پڑھا ہوا سمرقند اور حقیقت میں دیکھا ہوا سمرقند ایک دوسرے سے بہت مختلف نہیں۔ ہر اینٹ، ہر گنبد اور ہر مزار ماضی کی ایک داستان سناتا ہے۔ اگرچہ سمرقند کی تعمیراتی شان و شوکت اور امیر تیمور کے شاہانہ دبدبے کی داستانیں دنیا بھر میں معروف ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ اس شہر کے ماتھے کا اصل جھومر اور اس کی روحانی آبرو ’’اَصَحُّ الْکُتُبِ بَعْدَ کِتابِ اللّٰہ‘‘ کے مؤلف، امام بخاریؒ کا مزار ہے۔ ایک طرف جہاں امیر تیمور کا مرقد اس کے سیاسی عروج و شوکت کی یادگار ہے، تو دوسری طرف امام بخاریؒ کا آستانہ اس سرزمین کے علمی و روحانی وقار کا قائم و دائم نشان ہے۔ سمرقند صرف ایک شہر نہیں؛ یہ شاہراہِ ریشم کے سینے پر سجا ہوا وہ نگینہ ہے جہاں صدیوں تک چین کا تمدّن، ایران کی تہذیب، ہندوستان کی خوشبو اور عرب کے علم نے ایک دوسرے سے ملاقات کی۔ یہ کہنا بالکل غلط نہیں کہ اگر بخارا علم کا چراغ تھا تو سمرقند اس چراغ کی روشنی کو دنیا تک پہنچانے والا مینار تھا۔ سمرقند کی بنیاد ہزاروں سال قبل رکھی گئی، اور یہ قدیم سغدیانا (Sogdiana) کا دارالحکومت تھا۔ یہ شہر صدیوں تک ایران، چین اور ہندوستان کے درمیان تجارتی راستوں کا سنگم رہا، جس کی وجہ سے یہاں مختلف تہذیبوں، مذاہب اور زبانوں کا سنگم ہوا۔ سکندرِ اعظم نے چوتھی صدی قبلِ مسیح میں اس علاقے کو فتح کیا تھا، اور اس کے بعد یہ شہر صدیوں تک مختلف سلطنتوں کے زیرِ نگیں رہا۔ آٹھویں صدی عیسوی میں عرب مسلمان سپہ سالار قتیبہ بن مسلم کی قیادت میں سمرقند اور ماوراءالنہر (Transoxania) کا علاقہ اسلامی سلطنت کا حصہ بنا۔ سمرقند نے بہت سے فاتح دیکھے۔ سکندر اعظم یہاں آیا اور چلا گیا۔ ترک آئے، منگول آئے، عرب آئے۔ مگر ہر آنے والے نے اس شہر میں اپنا نقش چھوڑا۔ آخرکار اسلام آیا، اور سمرقند کی شناخت تلوار سے زیادہ قلم کے ساتھ جڑ گئی۔ اس کے بعد یہ شہر اسلامی تہذیب کا ایک اہم مرکز بن گیا، خصوصاً سامانی دور (نویں تا دسویں صدی) میں، جب سمرقند اس دور کے بڑے علمی مراکز میں شمار ہوتا تھا جہاں فِقہ، حدیث اور کلام کے علوم فروغ پا رہے تھے۔ سمرقند کو ’’امام الھدیٰ‘‘ کہلانے والے کئی جید علماء کا وطن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس شہر کی سب سے بڑی علمی خدمت علمِ کلام کے میدان میں ہے، جہاں امام ماتریدی ؒو امام اشعریؒ جیسے بڑے علماء پیدا ہوئے اور علمی خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ سمرقند فقہِ حنفی، تفسیر اور بعد ازاں فلکیات و ریاضی کے میدان میں بھی نمایاں مرکز رہا۔
عظیم فاتح امیر تیمور، جو سمرقند کے پاس ہی ایک شہر کِش میں پیدا ہوا، نے چودھویں صدی میں سمرقند کو اپنا دارالحکومت بنایا اور اسے فنِ تعمیر کا شاہکار بنا دیا۔ تیموری دور سمرقند کی تاریخ کا سب سے سنہرا دور سمجھا جاتا ہے۔ جب امیر تیمور نے ۱۳۷۰ء میں سمرقند کو اپنا دارالحکومت بنایا۔ اس کے پوتے اُلغ بیگ نے سمرقند میں ایک عظیم مدرسہ اور عظیم الشان رصدگاہ بھی تعمیر کروائی جو اپنے عروج کے زمانہ میں جدید عملی درسگاہیں شمار ہوتی تھیں۔ اور ان کے آثار دیکھنے آج بھی ہر سال لاکھوں لوگ سمرقند کا رُخ کرتے ہیں۔
مؤرخین سمرقند کو خراسان و ماوراءالنہر کے ان چند شہروں میں شمار کرتے ہیں جنہوں نے صدیوں تک اسلامی علم و تہذیب کی روشنی کو زندہ رکھا۔ خراسان کے علاقے میں پھلنے پھولنے والا یہ علمی سنہری دور ۷۵۰ء میں عباسی خلافت کے قیام سے شروع ہوا اور تیرہویں صدی میں منگولوں کے حملوں تک جاری رہا، اس دوران سمرقند، بلخ، بامیان، ہرات، رے، نیشاپور اور بغداد جیسے علمی مراکز نے ہزاروں طبیبوں، ماہرینِ فلکیات، جغرافیہ دانوں، مؤرخین، ریاضی دانوں، فلاسفہ، علماء اور شعراء کو جنم دیا۔

فارسی شاعری میں سمرقند اور بخارا کو ہمیشہ حسن، شان و شوکت اور محبوب کی خوبصورتی سے تشبیہ دینے کی روایت رہی ہے۔ اسی طرح فارسی مؤرخین اور سیاحوں نے سمرقند کو ’’زمین کا آئینہ‘‘ اور ’’روئے زمین کا جنت نظیر باغ‘‘ جیسے القاب سے یاد کیا، خصوصاً تیموری دور میں جب اس کی تعمیراتی شان و شوکت اپنے عروج پر تھی۔ امیر تیمور نے اپنی سوانح عمری ’’تزکِ تیموری‘‘ میں سمرقند کا خاص ذکر کیا ہے۔ وہ اس کو اپنا دار الحکومت اور جنت قرار دیتا ہے۔ سمرقند میں خاص کر مسجدِ جامی کی تعمیر کاذکر بھی کرتا ہے جس کے لیے معمار اس نے ہندوستان سے منگوائے تھے۔
امیر تیمور کے سمرقند کو اپنے زمانہ کا جدید ترین اور خوبصورت ترین شہر قرار دیا جائے تو یہ مبالغہ نہ ہوگا۔ سمرقند و بخارا کے بارے میں ایک مشہور فقرہ استعمال ہوتا تھا کہ سمرقند و بخارا رشکِ فردوسِ بریناند یعنی سمرقند اور بخارا جنتِ بریں کے لیے بھی باعثِ رشک ہیں۔
سمرقند کی قدر و قیمت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فارسی ادب کا مشہور عاشقانہ شعر بھی اسی شہر کے نام سے منسوب ہے۔ دیگر شاعروں کی طرح حافظ شیرازی نے بھی سمرقند کے بارے میں ایک مشہور شعر کہا تھا۔ جس میں اس نے سمرقند کی قدروقیمت کو استعارہ کے رنگ میں بیان کیا اور اپنے محبوب کے گال کے تِل کے بدلے سمرقند اور بخارا نچھاور کرنے کی بات کہی۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ اس شعر اور اس سے جڑے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’مُغلوں کامشہور بادشاہ تیمور جب ایران کو فتح کرتا ہوا شیراز میں پہنچا جو حافظ کا جو مشہور صوفی اور شاعر تھے وطن ہے تو کسی نے اُس سے ذکر کیا کہ یہاں کے ایک شاعر نے لکھا ہے:
اگر آں ترک شیرازی بدست آرد دل مارا
بخال ہندوش بخشم سمرقند و بخارا را
یعنی اگر وہ میرا معشوق میرے دل کو اپنے قبضہ میں لے لے اور مجھ سے تعلق قائم کرلے تو میں اس کے رُخ سیاہ تِل کے عوض سمرقند وبخارا بخش دوں۔
سمرقند و بخارا تیمور کا وطن تھا اُس نے یہ شعر سن کرکہا کہ میں نے تو سمرقند و بخارا کیلئے دنیا کے ایک سِرے سے لے کر دوسرے سِرے تک قتلِ عام کیا ہے مگر یہ اپنے معشوق کے سیاہ تِل کے عوض اسے دینے کیلئے تیار ہے۔ لیکن میں نے کہا ہے کہ شاعر کی دنیا اَور ہے اور کہتے ہیں کہ تیمور کو بھی اس شاعر کے مقابلہ میں نیچا ہی دیکھنا پڑا اور اُس نے حافظ کو انعام و اکرام دے کر رخصت کیا۔ ‘‘(خطبات محمود جلد ۱۷ صفحہ ۱۱۲، خطبہ جمعہ فرمودہ ۶؍مارچ ۱۹۳۶ء)

مغل سلطنت کے بانی ظہیر الدین بابر کو سمرقند محبوبہ کی طرح عزیز شہر تھا۔ بابر کی زندگی کی سب سے بڑی حسرت اگر کسی شہر کا نام تھی تو وہ سمرقند تھا۔ اس نے اسے بارہا کھویا، بارہا واپس لینے کی کوشش کی، مگر سمرقند کو اپنا دار السلطنت بنانے میں ناکام رہا۔ اس کے باوجود بابر نامہ میں وہ کئی بار سمرقند کو حسرت سے یاد کرتا ہے۔ کبھی اس کے باغوں اور پھلوں کا تذکرہ کرتا ہے، کبھی اس کی آب و ہوا کا اور کبھی اس کی خوشنما عمارتوں کا۔ بابر سمرقند کے بارے میں لکھتا ہے کہ ’’ تمام عالم میں سمرقند کے برابر کوئی شہر لطیف نہ ہوگا۔ … اس شہر کا نام سمرقند ہے اور اس کے متعلقات کو ما وراء النہر کہتے ہیں۔ او ر اس اعتبار سے کہ کوئی غنیم اس پر غالب نہیں آیا اس کو بلدہ محفوظہ کہتے ہیں۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں سمرقند کے باشندے اسلام سے مشرف ہوئے تھے۔ … سمرقند کو سکندر نے بسایا تھا۔ مغل اور ترک کے قبائل اس کو سمرقند کہتے ہیں۔ حضرت امیر تیمور نے اسی کو اپنا دار السلطنت بنایا تھا۔ امیر تیمور سے پہلے امیر جیسے کسی شہنشاہ کا یہ شہر دار السلطنت نہ بنا تھا۔ … ہمارے پیغمبر ﷺ کے زمانہ کے بعد ائمہ اسلام جتنے ماوراء النہر میں پیدا ہوئے ہیں اُتنے کسی ولایت میں نہ پیدا ہوئے ہوں گے۔ شیخ ابو المنصور ماتریدی جو علم کلام کے اماموں میں سے ہیں۔ وہ ماترید کے رہنے والے تھے۔ ماترید سمرقند کے ایک محلے کا نام ہے۔ خواجہ اسماعیل خرسک جو بخاری شریف کے جامع ہیں وہ بھی اسی ماوراء النہر کے تھے۔ صاحب ہدایہ مرغنیان کے رہنے والے تھے۔ یہ قصبہ ملک فرغانہ میں ہے اور مرغانہ بھی ماوراء النہر میں داخل ہے۔ … سمرقند میں انگور، خربوزہ، سیب، انار، بلکہ سارے میوے عمدہ ہوتے ہیں۔ سمرقند کے دو میوے مشہور ہیں۔ سیب اور انگور صاحبی… سمرقند میں امیر تیمور کی بنائی ہوئی عمارتیں اور باغ بہت سے ہیں۔ امیر تیمور نے ارک سمرقند میں ایک بڑا چومنزلہ محل بنایا تھا جس کا نام کوک سرائے (یعنی نیلا محل۔ چونکہ یہ محل نیلے پتھروں سے بنا ہوا ہے۔ ناقل) مشہور ہے۔ یہ عمارت بہت عالیشان ہے۔ آہنی دروازہ کے پاس شہر میں ایک جامع مسجد سنگین بنائی ہے بہت سے سنگتراشوں نے جن کو وہ اپنے ساتھ ہندوستان سے لائے تھے اس مسجد میں کام کیا ہے۔ ‘‘(تزک بابری اردو ترجمہ مرزا نصیر الدین حیدر گورگانی صفحہ ۴۷۔ ۴۹، مطبع محمڈن پرنٹنگ ورکس دہلی ۱۹۲۴ء)
مشہور فارسی شاعر فرخی نے لکھا تھا
همه نعیم سمرقند سربهسر دیدم
نظاره کردم در باغ و راغ و وادی و دشت
ترجمہ: میں نے سمرقند کی تمام نعمتوں اور خوبیوں کو اول سے آخر تک (مکمل طور پر) دیکھا، اور اس کے باغوں، دشت و صحرا، وادیوں اور میدانوں کی سیر و نظارہ کیا۔
کچھ ایسا ہی حال سمرقند کو دیکھنے پر خاکسار کا بھی تھا۔ سمرقند کے سب آثار قدیمہ دیکھے۔ آثار قدیمہ کیا تھے اسلامی سنہری دور کی باقیات ہی تھیں۔ سمرقند میں علماء، مشائخ، بادشاہوں اور اکابر کے مقبرے نظر آتے ہیں۔ لیکن ایک چیز جو سمرقند میں پھرتے ہوئے مسلسل دماغ میں رہی وہ رسول اللہ ﷺ کی وہ حدیث تھی جس میں رجل فارس یا رجال فارس کا ذکر ہے۔ سمرقند کی گلیوں میں گھومتے ہوئے، اس کی آب و ہوا کی معطّر فضاؤں میں جس حقیقت کا ادراک سب سے زیادہ ہوتا ہے، وہ سرورِکائنات ﷺ کی اس عظیم الشان پیشگوئی کی صداقت ہے جو ’’رجالٌ من فارس‘‘ کے متعلق تھی۔ اس پاکیزہ مٹی سے اٹھنے والے دانشوروں، محدثین اور فاتحین نے نہ صرف دینی علوم کو زندہ کیا بلکہ دنیاوی شوکت و تمدن کا ایسا لافانی نقش چھوڑا جو آج بھی تاریخ کے سینے پر فروزاں ہے۔
سمرقند کی سرزمین کے فرزند، رجال فارس کا ذکر کیا جائے تو وہ اسلام کے ابتدائی زمانہ سے شروع ہو جاتا ہے اور اس میں سب سے نمایاں نام جو سمرقند کے تاج میں ہیرے کی حیثیت رکھتا ہے وہ امام بخاریؒ کا ہے۔ بیشک امام بخاریؒ کی پیدائش اور زندگی کا زیادہ دور سمرقند میں نہیں گزرا۔ لیکن جب بخارا کے حاکم کی جانب سے ان کو نکال دیا گیا تو وہ سمرقند میں ہی تشریف لے آئے اور اپنی زندگی کے آخری ایام سمرقند سے متصل ایک گاؤں میں ہی گزارے اور یہیں وفات پائی اور دفن ہوئے۔ امام بخاریؒ کا مزار ابتدائے اسلام سے ہی مرجع خلائق رہا ہے۔ آج بھی لوگوں کی کثیر تعداد جب سمرقند کا رخ کرتی ہے تو وہ امام بخاریؒ کے مزار پر دعا کی غرض سے ضرور جاتی ہے۔ خاکسار بھی جب سمرقند پہنچا تو ریلوے سٹیشن سے سیدھا امام بخاریؒ کے مزار ہی گیا۔ کیونکہ سمرقند آنے کا اگر کوئی ایک مقصد تھا تو وہ ’’اَصَحُّ الْکُتُبِ بَعْدَ کِتابِ اللّٰہ‘‘ کے مصنف کی قبر مبارک پر جا کر دعا کرنا تھا جس سے سینکڑوں بار خاکسار نے فائدہ اٹھایا ہوگا۔ اب ازبکستان حکومت کی جانب سے یہاں ایک بہت عظیم الشان اور جدید کمپلکس بنا دیا گیا ہے۔ جہاں امام بخاریؒ کی زندگی اور کام پر مشتمل ایک جدید میوزیم بھی قائم کیا گیا ہے۔ یہ میوزیم بھی امام بخاریؒ کے کام کو اجاگر کرنے کی ایک بہت اچھی کوشش ہے۔

اس بات پر تقریباً تمام علماء متفق ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی حدیث جس میں فارس سے تعلق رکھنے والے ان عظیم الشان لوگوں کا ذکر ہے جو اسلام کو دوبارہ زندہ کریں گے، ان میں سے ایک امام بخاریؒ ہیں۔ بیشک رجال فارس سے مراد امام بخاریؒ بھی ہیں۔ لیکن اس حدیث کو دیکھا جائے تو رجال فارس کی حدیث کا ایک تعلق سمرقند شہر سے بھی بنتا ہے۔ اس حدیث کو صرف ایک روایت کے طور پر نہیں بلکہ اسلامی تاریخ کی ایک عظیم پیشگوئی کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ آئیے پہلے اس کے الفاظ دیکھتے ہیں۔ حضرت رسول اللہ ﷺ کی حدیث کے الفاظ جو امام بخاریؒ نے بیان کیے ہیں وہ یہ ہیں: عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ، قَالَ: كُنَّا جُلُوسًا عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَأُنْزِلَتْ عَلَيْهِ سُورَةُ الْجُمُعَةِ: وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ [الجمعة: ۳] قَالَ: قُلْتُ: مَنْ هُمْ يَا رَسُولَ اللّٰهِ۔ فَلَمْ يُرَاجِعْهُ حَتّٰى سَأَلَ ثَلاَثًا، وَفِينَا سَلْمَانُ الْفَارِسِيُّ، وَضَعَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَدَهُ عَلٰى سَلْمَانَ، ثُمَّ قَالَ: ’’لَوْ كَانَ الْإِيمَانُ عِنْدَ الثُّرَيَّا، لَنَالَهُ رِجَالٌ – أَوْ رَجُلٌ – مِنْ هَؤُلاَءِ‘‘ (صحيح البخاري كِتَابُ تَفْسِيرِ القُرْآنِ بَابُ قَوْلِهِ: {وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ}حدیث: ۴۸۹۷) حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم نبی کریم ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ آپ ﷺ پر سورۃ الجمعہ کی یہ آیت نازل ہوئی: ’’وَاٰخَرِیْنَ مِنْهُمْ لَمَّا یَلْحَقُوْا بِهِمْ اور ان میں سے دوسرے لوگوں کو بھی (مبعوث کیا) جو ابھی ان سے نہیں ملے۔ ‘‘ حضرت ابوہریرہؓ کہتے ہیں: میں نے عرض کیا: یا رسول اللہؐ! یہ کون لوگ ہیں؟ آپ ﷺ نے مجھے کوئی جواب نہ دیا، یہاں تک کہ میں نے تین مرتبہ یہی سوال کیا۔ اس وقت ہمارے درمیان حضرت سلمان فارسیؓ بھی موجود تھے۔ رسول اللہﷺ نے اپنا دستِ مبارک حضرت سلمانؓ پر رکھا اور فرمایا: ’’اگر ایمان ثریا ستارے کے پاس بھی ہو تو ان لوگوں میں سے کچھ مرد، یا ایک مرد، اسے ضرور واپس لے آئے گا۔ ‘‘
ترمذی میں ہے کہ یہ حدیث سورت جمعہ کے نزول کے موقع پر نہیں بلکہ سورت محمد کی آیت ۳۹ وَاِنْ تَتَوَلَّوْا يَسْتَبْدِلْ قَوْمًا غَيْرَكُمْ ثُمَّ لَا يَكُوْنُوْٓا اَمْثَالَكُمْ کے نزول کے وقت کی ہے۔ امام ترمذیؒ نے حدیث کے الفاظ یوں رقم کیے ہیں: عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، أَنَّهُ قَالَ: قَالَ نَاسٌ مِنْ أَصْحَابِ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ، مَنْ هَؤُلَاءِ الَّذِينَ ذَكَرَ اللّٰهُ إِنْ تَوَلَّيْنَا اسْتُبْدِلُوا بِنَا ثُمَّ لَا يَكُونُوا أَمْثَالَنَا۔ قَالَ: وَكَانَ سَلْمَانُ بِجَنْبِ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: فَضَرَبَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَخِذَ سَلْمَانَ قَالَ: ’’هَذَا وَأَصْحَابُهُ، وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَوْ كَانَ الْإِيمَانُ مَنُوطًا بِالثُّرَيَّا لَتَنَاوَلَهُ رِجَالٌ مِنْ فَارِسَ‘‘(سنن الترمذي کتاب التفسیر عن رسول اللہ ﷺ بَابٌ: وَمِنْ سُورَةِ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حدیث ۳۲۶۱) حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے بعض صحابہؓ نے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہؐ! یہ وہ کون لوگ ہیں جن کا اللہ تعالیٰ نے ذکر فرمایا ہے کہ اگر ہم (دین سے) پھر جائیں تو اللہ تعالیٰ ہماری جگہ ایسے لوگوں کو لے آئے گا جو ہم جیسے نہیں ہوں گے‘‘ اس وقت حضرت سلمانؓ رسول اللہ ﷺ کے پہلو میں بیٹھے ہوئے تھے۔ حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت سلمانؓ کی ران پر ہاتھ مارا اور فرمایا: ’’یہ شخص اور اس کے ساتھی ہیں۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر ایمان ثریا ستارے کے ساتھ بھی بندھا ہوا ہو تو فارس کے کچھ لوگ اسے ضرور حاصل کر لیں گے۔ ‘‘
امام مسلمؒ اور امام احمد بن حنبلؒ نے اس حدیث کو ان الفاظ کے ساتھ درج کیا ہے۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ’’لَوْ كَانَ الدِّينُ عِنْدَ الثُّرَيَّا، لَذَهَبَ بِهِ رَجُلٌ مِنْ فَارِسَ – أَوْ قَالَ – مِنْ أَبْنَاءِ فَارِسَ حَتَّى يَتَنَاوَلَهُ‘‘ (صحیح مسلم كتاب فَضَائِلِ الصَّحَابَةِ رَضِيَ اللهُ تَعَالَى عَنْهُمْ بَابُ فَضْلِ فَارِسَ) (مسند الإمام أحمد بن حنبل مُسْنَدُ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ حدیث ۸۰۸۱) حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’اگر دین ثریا ستارے کے پاس بھی ہو تو فارس کا ایک شخص، یا فرمایا: ابنائے فارس یعنی فارس کے بیٹوں میں سے ایک شخص، ضرور اسے لے آئے گا۔ ‘‘
علامہ ماتریدیؒ نے اس روایت کا تعلق رسول اللہ ﷺ کے ایک خواب کے ساتھ بیان کیا ہے وہ اس حدیث کی روایت یوں لکھتے ہیں: وقال رسول اللّٰه صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ’’رأيت غيما سوداء، ردفها غيم بيض، فاختلطت بها فتعقب بهن جميعًا ‘‘ قالوا: يا رسول اللّٰه، فما أولت۔ قال: ’’العجم يشركونكم في دينكم وأنسابكم‘‘، قالوا: العجم يا رسول اللّٰه۔قال: ’’نعم، لو كان الإيمان معلقًا بالثريا، لناله رجال من العجم، وأسعدهم به أهل فارس۔‘‘(تفسير الماتريدي أبو منصور الماتريدي زير آيت سورة محمد آيت ۳۸) یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں نے ایک سیاہ بادل دیکھا جس کے پیچھے ایک سفید بادل تھا، پھر وہ دونوں آپس میں مل گئے اور پھر تمام (سفید بادل) سیاہ کے پیچھے ہو گئے۔ ‘‘ صحابہؓ نے عرض کیا: یا رسول اللہؐ! آپ نے اس کی کیا تعبیر کی؟ آپ ؐ نے فرمایا: ’’عجم (غیر عرب) تمہارے دین اور تمہارے نسب میں تمہارے ساتھ شریک ہو جائیں گے۔ ‘‘ انہوں نے تعجب سے پوچھا: عجم، یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: ’’ہاں! اگر ایمان ثریا ستارے کے ساتھ بھی معلق ہوگا، تو عجم کے کچھ لوگ اسے ضرور حاصل کر لیں گے، اور ان میں سب سے زیادہ خوش نصیب اہل فارس ہوں گے۔‘‘

یہیں ایک سوال پیدا ہوتا ہے۔ آخر سمرقند کا تعلق حدیثِ رجالِ فارس سے کیسے بنتا ہے؟ یہی سوال اس مضمون کی بنیاد ہے۔ تاریخ کے اوراق بند کرکے جب ہم رسول اللہﷺ کی اس عظیم پیشگوئی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں جس نے صدیوں سے علماء کو غور و فکر پر مجبور کیا ہےتو سمرقند سے اس کا ایک لطیف تعلق ابھرتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس پیشگوئی میں رجال فارس یا ابنائے فارس کا ذکر ہے۔ یعنی فارس سے تعلق رکھنے والے کئی افراد ہوں گے جو اسلام کے احیائے نَو میں کردار ادا کریں گے۔ اور دوسرے ایک خاص شخص کا ذکر ہے جو خاص کر اسلام کی کھوئی ہوئی میراث کو دوبارہ زندہ کرے گا۔
اس عظیم الشان پیشگوئی کا تعلق کیسے سمرقند سے بنتا ہے، اس کے بیان سے پہلے خاکسار یہ واضح کر دے کہ علماء نے رجل فارس یا رجال فارس کی کیا تشریح کی ہے۔ فی ظلال القرآن میں سورت جمعہ کی آیت وَآخَرِينَ مِنْهُمْ کی تشریح میں اس حدیث کو درج کرنے کے بعد مفسر ِقرآن مجاہد کا یہ قول درج ہے کہ ولهذا قال مجاهد في هذه الآية: هم الأعاجم وكل من صدق النبي- صلى اللّٰه عليه وسلم- من غير العرب۔اسی وجہ سے مجاہد نے اس آیت کے بارے میں کہا ہے کہ اس سے مراد تمام وہ عجمی لوگ ہیں جو رسول اللہ ﷺ کی تصدیق کریں گے اور غیر عرب ہوں گے۔ (في ظلال القرآن سيد قطب إبراهيم حسين الشاربي تفسیر سورة الجمعة)
ملا علی قاریؒ اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ أَيْ طَائِفَةِ الْعَجَمِ مُطْلَقًا، أَوْ مَنْ يَكُونُ لِسَانُهُ فَارِسِيًّا، أَوْ مَنْ بَلَدُهٗ فَارِسُ، وَهُوَ إِقْلِيمٌ مِنْهُ شِيرَازُ، وَالْأَوَّلُ أَظْهَرُ ۔ یعنی: ’’فارس کے لوگ‘‘ سے مراد یا تو مطلقاً عجم (تمام غیر عرب اقوام) ہیں، یا وہ لوگ جن کی زبان فارسی ہو، یا وہ لوگ جن کا وطن فارس ہو۔ فارس ایک علاقہ ہے جس میں شیراز بھی واقع ہے۔ ان تینوں میں پہلا معنی (عمومی عجم) زیادہ واضح ہے۔(مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح، الملا الهروي القاري، كِتَابُ الْمَنَاقِبِ وَالْفَضَائِلِ حدیث ۶۲۵۳)

بخاری کی مشہور شرح عینی میں علامہ بدر الدین عینی لکھتے ہیں: وَقَالَ: الْكرْمَانِي أَي: الْفرس يَعْنِي الْعَجم… وَقيل: هم الْعَجم وَقيل أبناؤهم، وَقيل: كل من كَانَ بعد الصَّحَابَة وَقَالَ أَبُو روق جَمِيع من أسلم إِلَى يَوْم الْقِيَامَة وَقَالَ الْقُرْطُبِيّ: أحسن مَا قيل فيهم أَنهم أَبنَاء فَارس بِدَلِيل هَذَا الحَدِيث، لَنَالَهُ رجال من هَؤُلَاءِ، وَقد ظهر ذَلِك بالعيان فَإِنَّهُم ظهر فيهم الدّين وَكثر فيهم الْعلمَاء وَكَانَ وجودهم كَذَلِك دليلاا من أَدِلَّة صدقه صلى اللّٰه عَلَيْهِ وَسلم ۔( عمدة القاري شرح صحيح البخاري حدیث ۷۹۸۴) الکرمانی کہتے ہیں: ’’الفرس‘‘ سے مراد العجم یعنی غیر عرب ہیں… اور ایک قول یہ ہے کہ اس سے مراد العجم ہیں، یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے ابناء یعنی نسل یا اولاد مراد ہیں، اور ایک قول یہ ہے کہ وہ تمام لوگ مراد ہیں جو صحابہ کرامؓ کے بعد آئے (یا آئیں گے)۔ اور ابو روق نے کہا: اس سے مرادقیامت کے دن تک اسلام لانے والے تمام لوگ ہیں۔
اور علامہ قرطبی نے فرمایا: ان (کی تفسیر) میں سب سے بہترین بات یہ کہی گئی ہے کہ اس سے مراد ’’ابناءِ فارس‘‘ (اہلِ فارس کی نسل) ہے، اس حدیث کی دلیل کی وجہ سے: ’’ان میں سے بعض لوگ اسے ضرور حاصل کر لیں گے۔‘‘ اور یہ بات کھلم کھلا سامنے آ چکی ہے، کیونکہ ان کے اندر دین غالب ہوا اور ان میں علماء کی کثرت ہوئی، اور ان کا اس طرح وجود میں آنا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سچائی کے دلائل میں سے ایک دلیل ہے۔
امام ابن قتیبہؒ نے رجال فارس سے مراد خراسان کے لوگ لیے ہیں۔ اور وہ اس کی تشریح میں لکھتے ہیں کہ إن فارس وخراسان كانتا عند العرب شيئًا واحدًا؛ لأنهما يتحاذيان ويتَّصلان، ولأن لسان أهل فارس ولسان أهل خراسان الفارسية، فهم يسمُّون الفريقين الفرس۔ (فضل العرب والتنبيه على علومها از عبد اللّٰہ بن مسلم بن قتیبة، صفحہ۱۰۵ منشورات المجمع الثقافی، ابوظبی ۱۹۹۸) ترجمہ: بلاشبہ عربوں کے نزدیک فارس اور خراسان ایک ہی چیز شمار ہوتے تھے؛ کیونکہ یہ دونوں علاقے ایک دوسرے کے متصل اور آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اور چونکہ اہلِ فارس اور اہلِ خراسان دونوں کی زبان فارسی ہے، اس لیے عرب ان دونوں گروہوں کو ’’فُرس‘‘ (اہلِ فارس / فارسی) ہی کہتے ہیں۔
کتاب اقتضاء الصراط المستقیم لمخالفۃ اصحاب الجحیم، لابن تیمیہ کی شرح میں شیخ محمد بن صالح عثیمین نے اس مقام پر تشریحی تبصرہ کیا کہ ’’رجال؍ ابناء فارس‘‘ کا اطلاق صرف جغرافیائی ملک فارس (ایران) تک محدود نہیں، بلکہ وسیع تر عجمی خطے پر ہوتا ہے۔ اور اس کے ایک مصداق امام بخاریؒ بھی ہیں۔ ان کے الفاظ یہ ہیں کہ صَدَقَ رَسُولُ اللّٰهِ عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ؛ فَالْإِمَامُ الْبُخَارِيُّ رَحِمَهُ اللّٰهُ مِنْ أَبْنَاءِ الْفُرْسِ، وَكَذَلِكَ كَثِيرٌ مِنَ الْأَ ئِٔمَّةِ مِنْ أَبْنَاءِ الْفُرْسِ، نَالُوا مَا نَالُوا مِنَ الْعِزِّ وَالْكَرَامَةِ وَالدِّينِ وَالْإِمَامَةِ۔ ( شرح اقتضاء الصراط المستقیم لمخالفۃ اصحاب الجحیم لابن تیمیہ، شرح شیخ ابن عثیمین حاشیہ صفحہ ۲۶۷، باب جاء الکتاب والسنۃ بمدح بعض الأعاجم) ترجمہ: رسول اللہﷺ کا فرمان سچ ثابت ہوا؛ کیونکہ امام بخاریؒ ابناءِ فارس میں سے تھے، اور اسی طرح بہت سے ائمہ بھی ابناءِ فارس میں سے تھے، جنہوں نے دین، عزت، کرامت اور امامت میں وہ مقام حاصل کیا جو حاصل کیا۔
علامہ سیوطیؒ نے اپنی کتاب ’’تبييض الصحيفة بمناقب الإمام أبي حنيفة‘‘ میں ایک خاص باب باندھ کر اس حدیث کو امام ابو حنیفہؒ پر منطبق کیا ہے۔ آپ لکھتے ہیں کہ أَقُولُ: قَدْ بُشِّرَ ﷺ بِالْإِمَامِ أَبِي حَنِيفَةَ فِي الْحَدِيثِ الَّذِي أَخْرَجَهُ أَبُو نُعَيْمٍ فِي الْحِلْيَةِ۔ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي اللّٰه عنه قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ: ’’لَوْ كَانَ الْعِلْمُ بِالثُّرَيَّا لَتَنَاوَلَهُ رِجَالٌ مِنْ أَبْنَاءِ فَارِسَ‘‘ میں کہتا ہوں: نبیﷺ نے امام ابوحنیفہؒ کی اُس حدیث میں بشارت دی ہے جسے امام ابونعیمؒ نے اپنی کتاب ’’الحلیۃ‘‘ میں روایت کیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ’’اگر علم ثریا (ستارے) پر بھی ہوتا تو ابناءِ فارس میں سے کچھ لوگ اسے پا لیتے۔‘‘
تفسیر روح البیان میں اس حدیث کی تشریح میں علامہ اسماعيل حقي لکھتے ہیں: ومراد ارسيانند… وفيه اشارة الى منقبة قوم يعرفون بخواجان ونحوهم من كبار اهل الفرس وعظماء اهل اللّٰه منهم وهم كثيرون ومنهم الشيخ سعدى الشيرازي۔ (روح البیان سورة محمد آیت ۳۸) ’’اور مراد یہ ہے کہ (فارسی میں) ’پارسیان اند ‘یعنی یہ لوگ فارسی ہیں۔…اور اس میں اُس قوم کی فضیلت کی طرف اشارہ ہے جو ’خواجگان‘ کے نام سے معروف ہے، اور ان کی مانند اہلِ فارس کے بڑے بزرگ اور اللہ والوں میں سے عظیم لوگ اور وہ بکثرت ہیں، اور ان میں سے شیخ سعدی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ بھی ہیں۔ ‘‘
تفسیر مظہری میں اس حدیث کا مصداق سمرقند و بخارا کے لوگوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔فى هذه الأحاديث اشارة الى مشائخ ما وراء النهر۔ … (التفسير المظهري، محمد ثناء الله المظهري سورة النساء آیت ۱۳۴)
ان احادیث میں ماوراءالنہر (یعنی وسطی ایشیا) کے مشائخ کی طرف اشارہ ہے۔
سورة الجمعة کی تفسیر میں لکھا کہ رجال من هؤلاء أبناء فارس أكابر النقشبندية فانهم من اٰل بخارا وسمرقند ونحو ذلك وهم منتسبون فى الطريقة الى سلمان الفارسي۔(التفسير المظهري، محمد ثناء الله المظهري سورة الجمعہ آیت ۰۴)رجال من هؤلاء سے مراد ابناءِ فارس ہیں، یعنی نقشبندی سلسلے کے اکابر۔ کیونکہ وہ بخارا، سمرقند اور اسی طرح کے علاقوں کے رہنے والے ہیں، اور وہ (سلسلۂ) طریقت میں حضرت سلمان فارسیؓ کی طرف منسوب ہیں۔

امام سیوطیؒ کی کتاب ’’الجامع الصغیر‘‘ کی شرح ’’فیض القدیر‘‘ میں اس حدیث کی تشریح میں لکھا ہے کہ ’’قال ابن عربي: وفي تخصيصه ذكر الثريا دون غيرها من الكواكب إشارة بديعة لمثبتي الصفات السبعة لأنها سبعة كواكب فافهم وقال في معجم البلدان: العرب إذا ذكرت المشرق كله قالوا فارس فعنى في الحديث أهل خراسان لأنك إن طلبت مصداق الحديث في فارس لم تجده لا أولا ولا آخرا وتجد هذه الصفات نفسها في أهل خراسان دخلوا في الإسلام رغبة ومنهم العلماء والنبلاء والمحدثون والمتعبدون وإذا حررت المحدثين من كل بلد وجدت نصفهم من خراسان وجل رواة الرجال منها۔ ‘‘(فيض القدير شرح الجامع الصغير حدیث ۷۴۵۹، جلد ۵ صفحہ ۳۲۲، المكتبة التجارية الكبرى – مصر) ترجمہ: ابنِ عربی کہتے ہیں:ثریا کا ذکر دوسرے ستاروں کو چھوڑ کر خاص طور پر کرنے میں ایک نہایت لطیف اشارہ ہے، اُن لوگوں کے لیے جو اللہ تعالیٰ کی سات صفاتِ الٰہیہ کو ثابت کرتے ہیں؛ کیونکہ ثریا سات ستارے ہیں۔ پس سمجھو۔
اور معجم البلدان میں کہا گیا ہے: ’’عرب جب پورے مشرق کا ذکر کرتے ہیں تو فارس کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔ چنانچہ اس حدیث میں اہلِ خراسان مراد ہیں۔ کیونکہ اگر تم فارس میں اس حدیث کا مصداق تلاش کرو گے تو نہ ابتدا میں اور نہ آخر میں اسے پاؤ گے۔ لیکن یہی صفات اہلِ خراسان میں پائی جاتی ہیں۔ وہ رغبت اور خوش دلی سے اسلام میں داخل ہوئے، اور انہی میں علماء، اشراف، محدثین اور عبادت گزار لوگ پیدا ہوئے۔ اور جب تم مختلف علاقوں کے محدثین کو الگ الگ شمار کرو گے تو پاؤ گے کہ ان میں سے نصف کا تعلق خراسان سے ہے، اور اکثر رواۃِ حدیث بھی اسی علاقے سے ہیں۔ ‘‘
ابن خلدون، جس کو اسلامی دنیا کا سب سے بڑا مؤرخ کہنا بے جا نہیں، نے اپنی کتاب میں ایک عجیب نکتہ بیان کیا ہے۔ ویسے تو اس نے یہ بات اس حدیث کے ضمن میں نہیں کہی لیکن اس کا نکتہ اس حدیث کی صداقت کی ایک دلیل ہے۔ وہ لکھتا ہے: من الغريب الواقع أنّ حملة العلم في الملّة الإسلاميّة أكثرهم العجم لا من العلوم الشّرعيّة ولا من العلوم العقليّة إلّا في القليل النّادر۔ وإن كان منهم العربيّ في نسبته فهو أعجميّ في لغته ومرباه ومشيخته مع أنّ الملّة عربيّة وصاحب شريعتها عربيّ۔ (تاریخ ابن خلدون الفصل الثالث والأربعون في أن حملة العلم في الإسلام أكثرهم العجم جلد ۰۱ صفحہ ۷۴۷)“یہ ایک عجیب اور امرِ واقعہ ہے کہ ملتِ اسلامیہ میں علم کے حامل لوگوں کی اکثریت عجمیوں میں سے ہے۔ خواہ وہ علومِ شرعیہ کے حامل ہوں یا علومِ عقلیہ کے، سوائے شاذ و نادر کے۔ اور اگر ان میں کوئی شخص نسب کے اعتبار سے عربی بھی ہو تو بھی زبان، تربیت اور اپنے اساتذہ و مشائخ کے اعتبار سے عجمی ہوتا ہے۔ حالانکہ یہ ملت عربی ہے اور اس کے شارع (رسول اللہﷺ ) بھی عربی ہیں۔ ”
جغرافیائی طور پر فارس کے علاقہ سے کیا مراد ہے؟ یہ معلوم کرنے کے لیے جغرافیہ کی مشہور کتاب معجم البلدان کو دیکھیں تو اس میں فارس کے تحت لکھا ہوا ہے کہ ولاية واسعة وإقليم فسيح، أول حدودها من جهة العراق أرّجان ومن جهة كرمان السّيرجان ومن جهة ساحل بحر الهند سيراف ومن جهة السند مكران۔ ۔ ۔ ۔ وكانت أرض فارس قديما قبل الإسلام ما بين نهر بلخ إلى منقطع أذربيجان وأرمينية الفارسية إلى الفرات إلى برّية العرب إلى عمان ومكران وإلى كابل وطخارستان وهذا صفوة الأرض وأعدلها فيما زعموا۔ (معجم البلدان لأبو عبد الله ياقوت بن عبد الله الرومي الحموي جلد ۰۴ صفحه ۲۲۶-۲۲۷، الطبعة: الثانية، ۱۹۹۵ الناشر: دار صادر، بيروت)ترجمہ:’’ فارس ایک نہایت وسیع ولایت اور کشادہ علاقہ ہے۔ عراق کی سمت اس کی پہلی سرحد ارجان سے شروع ہوتی ہے، کرمان کی طرف سیرجان اس کی حد ہے، بحرِہند کے ساحل کی جانب سیراف اس کی سرحد ہے، اور سندھ کی طرف مکران اس کی آخری حد شمار ہوتی ہے ….قدیم زمانے میں، اسلام سے پہلے، فارس کی سرزمین کی حدود یہ تھیں: مشرق میں بلخ کے دریا سے شروع ہو کر مغرب میں آذربائیجان اور فارسی ارمینیہ کی آخری حد تک، پھر فرات تک، جنوب مغرب میں عرب کے بیابان تک، جنوب میں عمان اور مکران تک، اور مشرق کی جانب کابل اور طخارستان تک پھیلی ہوئی تھیں۔ ان کے بقول یہ زمین دنیا کے بہترین اور سب سے زیادہ معتدل علاقوں میں شمار ہوتی تھی۔ ‘‘
فارسی لوگ فارس سے کونسا علاقہ مراد لیتے ہیں۔ اس بارے میں ایک تحقیقی مقالے سے ایک اقتباس پیش ہے:’’زمین چهار قسمت دارد، یک جزء زمین ترک میان مغارب هند تا مشارق روم، و جزء دوم میان روم و قبط و بربر، و جزء سوم سیاهان از بربر تا هند، و جزء چهارم این زمین، که منسوب است به پارس و لقب بلاد الخاضعین میان، میان جوی بلخ تا آخر بلاد آذربایگان و ارمنیه، فارس و فرات و خاک عرب تا عمان و مکران و از آنجا تا کابل و تخارستان، و این جزء چهارم، برگزیدهٔ زمین است‘‘ (مرتضیٰ تهامی و آزاده حیدرپور، ’’پارس به چه معنی است؟‘‘، پژوهشنامهٔ فرهنگ و زبانهای باستانی، سال اول، شمارهٔ اول، پاییز و زمستان ۱۳۹۹، صفحہ ۲۴۵)’’زمین کے چار حصے ہیں: ایک حصہ ترکوں کی سرزمین ہے، مغربِ ہند سے لے کر مشرقِ روم تک؛ دوسرا حصہ روم، قبط اور بربر کے درمیان واقع ہے؛ تیسرا حصہ سیاہ فام لوگوں کا ہے، بربر سے ہند تک؛ اور اس زمین کا چوتھا حصہ، جو پارس سے منسوب ہے اور جسے ’بلادِ خاضعین‘ (مطیع سرزمینوں) کا لقب دیا گیا ہے، وہ بلخ کے دریا (جیحون؍آمو) سے لے کر آذربائیجان اور ارمینیہ کے علاقوں کی انتہا تک، فارس اور فرات اور عرب کی سرزمین سے عمان اور مکران تک، اور وہاں سے کابل اور تخارستان تک پھیلا ہوا ہے۔ اور یہ چوتھا حصہ زمین کا منتخب (بہترین) حصہ ہے۔ ‘‘
مندرجہ بالا حوالہ جات کا خلاصہ یہ ہے کہ آج کل کے زمانے میں یہ نہیں سمجھ لینا چاہیے کہ فارس سے مراد صرف ایران کا علاقہ ہے۔ یہ تو صرف آج کے زمانہ کی حدود بندی ہے۔ ورنہ عربیوں کے نزدیک فارس سے مراد عربوں کے علاوہ تمام عجم بھی ہوتے تھے۔ اکثر علماء نے اس سے مراد فارس، عمان، مکران، خراسان، آرمینیہ، بلخ، شیراز، آذربائیجان، تبریرز، بخارا، سمرقند یا مارواالنہر کا علاقہ، جسے آج کل ہم سینٹرل ایشیا کا علاقہ کہتے ہیں۔ یہ سب مراد لیا ہے۔ اور بہت سے علماء جو ان علاقوں سے تعلق رکھتے تھے جن میں تابعین اور بعد میں آنے والے علماء جیسے امام ابو حنیفہؒ، امام بخاری ؒ وغیرہ شامل ہیں ان کو اس حدیث کا مصداق قرار دیا ہے۔
حدیث میں موجود الفاظ اور ان کے معنی جاننے کے بعد جب ہم اس عظیم الشان پیشگوئی اور اسلامی تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں تو اس کا لطیف تعلق سمرقند سے نظر آتا ہے۔ خاکسار کے نزدیک سمرقند اور حدیثِ رجالِ فارس کا تعلق کم از کم چار نمایاں رنگوں میں ظاہر ہوتا ہے۔ ہر رنگ اسلامی تاریخ کا ایک الگ باب کھولتا ہے۔
۱۔ اگر عمومی طور پر دیکھیں تو بہت سے اسلامی علماء جنہوں نے اسلام کی خدمت میں اپنی زندگیاں صَرف کیں ان کا تعلق سمرقند سے بھی تھا۔ جن امیں امام ابوالمنصور ماتریدیؒ، امام بخاریؒ، ابو لیث سمرقندیؒ جیسے سینکڑوں علماء شامل ہیں۔ یعنی رجال فارس کی پیشگوئی ان مسلم علماء کے ذریعہ سے پوری ہوئی۔
۲۔ مسلم علماء میں جو مقام امام بخاریؒ کو حاصل ہے وہ بہت ہی کم علماء کو حاصل ہوا۔ آپ کو ’’اَصَحُّ الْکُتُبِ بَعْدَ کِتابِ اللّٰہ‘‘ لکھنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ آپؒ نے اپنی زندگی کے آخر ایام سمرقند میں گزارے۔ اور آج بھی آپ کا مزار سمرقند میں موجود ہے۔ گویا رجل فارس کے الفاظ آپ کی ذات سے خاص تعلق رکھتے ہیں۔
۳۔ دنیاوی لحاظ سے بھی اسلامی حکومتوں کو جو معراج حاصل ہوا۔ اس میں امیر تیمور کی حکومت کو خاص مقام حاصل ہے۔ شش جہت پر حکومت کرنے والے امیر تیمور نے اپنا دارالحکومت سمر قند کو بنایا۔ اور اس شہر کو اپنے زمانہ میں اسلامی تعلیم اور ثقافت کا مرکز بنایا۔ اس نے اپنی تزک میں بھی اس بات کا جا بہ جا ذکر کیا ہے کہ میری مہمات اسلام کے فروغ کے لیے تھیں اور جو علاقہ بھی اس نے فتح کیا اس میں اسلام کی ترویج کی کوشش علماء اور مدرسوں کے ذریعہ بھی جاری رکھی۔ اس کے بعد اس کے جانشینوں نے بھی اس سلسلہ کو جاری رکھا۔ اسی طرح ہندوستان میں قائم ہونے والی مغلیہ سلطنت بھی در حقیقت کئی رنگ میں امیر تیمور کی اولاد اور خاندان کی ہی حکومت کا تسلسل تھی۔ مغل حکومت میں مغل خاندان کے ساتھ بہت سے شاہی خاندان کے لوگوں کا تعلق سمرقند سے ہی تھا۔ دوسرے لفظوں میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے الفاظ رجل فارس اور رجال فارس دنیاوی لحاظ سے امیر تیمور کی حکومت اور مغل حکومت میں ایک الگ رنگ میں پورے ہوتے ہیں۔
۴۔ اسلام کی احیاء نَو اور دین کو دوبارہ ثریا سے زمین پر لانے والے امام وقت، مسیح الزماں اور امام مہدی کے خاندان اور آباءو اجداد کا تعلق بھی سمرقند سے تھا۔ اس پیشگوئی کا پورا ہونا ایک رنگ میں رسول اللہ ﷺ کی پیشگوئی رجل فارس، رجال فارس اور ابنائے فارس کی پیشگوئی کے پورا ہونے کی عظیم الشان مثال ہے۔ اور مسیح موعود علیہ السلام کے بعد آپؑ کے خلفاء بھی اس پیشگوئی کی ایک زندہ تصویر ہیں۔ خلفائےاحمدیت جو روحانی لحاظ سے تو فارسی النسل ہیں ہی لیکن خاص کر چار خلفاء کا تعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خاندان سے ہے، جو سمرقندی خاند ان ہے، اس پیشگوئی کو آج بھی پورا کرتے چلے جا رہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے روحانی تعلق رکھنے والے وہ ہزاروں احمدی جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پیغام کو آگے پہنچا رہے ہیں اور آپؑ کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں وہ بھی اس پیشگوئی کے مصداق کہلانے کے لائق ہیں۔ گویا خدمت اسلام میں صرف ہونے والا آج کا ہر دن یا یوں کہہ سکتے ہیں کہ احمدیت کی اشاعت اور ترقی کا ہر دن اس پیشگوئی کی سچائی اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہونے کی ایک زندہ دلیل ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام، جن کا خاندان سمرقند سے ہجرت کرکے ہندوستان میں آباد ہوا تھا، اس حدیث کے اوّل مصداق ہیں۔ اس حدیث میں موجود تینوں طرح کے الفاظ آپ علیہ السلام پر منطبق ہوتے ہیں۔ رجل فارس، رجال فارس اور ابنائے فارس۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام کی وہ کھوئی ہوئی میراث دوبارہ زندہ کرنے کے لیے جو خدمت اسلام انجام دی اس لحاظ سے دیکھیں تو آپؑ رجل فارس ہیں۔ آپ کے خلفاء اور جماعت احمدیہ جو آپؑ کی تعلیم اور مشن کی تکمیل میں ساری دنیا میں جو خدمت اسلام کر رہی ہے وہ ابنائے فارس اور رجال فارس ہونے کی ایک وسیع تفسیر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو جو الہام کیے ہیں اگر ان کا جائزہ لیں تو ان احادیث کی تائید اور صداقت مزید واضح ہوجاتی ہے۔ ان احادیث میں اسلام اور خاص کر توحید کو دوبارہ زندہ کرنے کا ذکر ہے، فارسی خاندان اور فارسی تعلق کا ذکر ہے۔ حضرت سلمان فارسی ؓکی اولاد کا ذکر ہے، اسلام کی دوبارہ بادشاہت کے لوٹ آنے کا ذکر ہے۔ یہ تمام باتیں حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات میں پائی جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو خود ابنائے فارس کا لقب عطا فرمایا ہے۔ آپؑ کو اللہ تعالیٰ نے الہاماً فرمایا: خُذُواالتَّوْحِیْدَ التَّوْحِیْدَیَآاَبْنَآءَ الْفَارِسِ۔ توحید کو پکڑو۔ توحید کو پکڑو۔ اے فارس کے بیٹو۔ (براہین احمدیہ حصہ سوم، صفحہ۲۳۸تا۲۴۲ حاشیہ در حاشیہ نمبر۱ روحانی خزائن جلدنمبر۱ صفحہ ۲۶۷)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام اس الہام کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’ اس الہام سے صریح طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ہمارے بزرگ در اصل بنی فارس ہیں۔ ‘‘(تریاق القلوب، روحانی خزائن جلد ۱۵ صفحہ۲۷۳)
ایک اَور الہام میں آپؑ کو رجل فارس قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’اِنَّ الَّذِ یْنَ کَفَرُوْا وَصَدُّ وْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ رَدَّ عَلَیْھِمْ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ شَکَرَ اللّٰہُ سَعْیَہٗ۔ جن لوگوں نے کفر اختیار کیا اور خدا تعالیٰ کی راہ کے مزاحم ہوئے اُن کا ایک مرد فارسی الاصل نے ردّ لکھا ہے۔ اُس کی سعی کا خدا شاکر ہے۔ (روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۵۹۱حاشیہ در حاشیہ)
ایک الہام میں آپؑ کو حضرت سلمان فارسی سے نسبت دی گئی ہے۔ اَنْتَ سَلْمَانُ وَمِنِّیْ یَا ذَا الْبَرَکَات۔تُو سلمان ہے اور مجھ سے ہے اے صاحبِ برکات۔(بدر جلد ۲ نمبر ۱۱ مؤرخہ ۱۶ مارچ ۱۹۰۶ء صفحہ ۲۔ الحکم جلد ۱۰ نمبر ۹ مؤرخہ ۱۷ مارچ ۱۹۰۶ء صفحہ۱)
ایک الہام میں اللہ تعالیٰ نے آپؑ کے خاندان کو بنی فارس قرار دیا۔ حضور علیہ السلام اپنا الہام یوں درج فرماتے ہیں: وَلٰکِنَّ اللّٰہَ اَوْحٰی اِلَیَّ اَنَّھُمْ کَانُوْا مِنْ بَنِیْ فَارِسٍ لَا مِنَ الْاَقْوَامِ التُّرْکِیَّةَ۔ (حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد۲۲ صفحہ ۷۰۳)یعنی لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھ پر وحی کی کہ وہ یعنی میرے آباء و اجداد بنو فارس میں سے تھے نہ کہ ترک۔
اپنے خاندان کا ذکر کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنا الہام یوں تحریر کیا ہے: ’’قریباً اٹھارہ برس سے ایک یہ پیشگوئی ہے اَلْحَمْدُلِلّٰہِ الَّذِیْ جَعَلَ لَکُمُ الصِّھْرَ وَ النَّسَبَ۔ ترجمہ: وہ خدا سچا خدا ہے جس نے تمہارا دامادی کا تعلق ایک شریف قوم سے جو سید تھے، کیا۔ اور خود تمہارے نسب کو شریف بنایا۔ جو فارسی خاندان اور سادات سے معجون مرکّب ہے۔ اس پیشگوئی کو دوسرے الہامات میں اور بھی تصریح سے بیان کیا گیا ہے۔ ‘‘ (تریاق القلوب، روحانی خزائن جلد ۱۵ صفحہ۲۷۲، ۲۷۳ حاشیہ)
’’سَوَّیْتُہٗ وَنَفَخْتُ فِیْہِ مِنْ رُّوْحِیْ۔ یُقِیْمُ الشَّرِیْعَۃَ وَیُحِیِ الدِّیْنَ وَلَوْکَانَ الْاِیْمَانُ مُعَلَّقًا بِالثُّرَیَّا لَنَا لَہٗ۔ سُبْحَانَ الَّذِیْٓ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ لَیْلًا۔ خَلَقَ اٰدَمَ فَاَکْرَمَہٗ۔ جَرِیُّ اللّٰہِ فِی حُلَلِ الْاَنْبِیَآءِ۔ اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا وَصَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ رَدَّ عَلَیْھِمْ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ۔ مَیں نے اس کو برابر کیا اور اپنی رُوح اس میں پھونکی شریعت کو قائم کرے گا۔ اور دین کو زندہ کرے گا۔ اور اگر ایمان ثریا سے معلّق ہوتا تب بھی اسے پالیتا۔ پاک ہے وہ جس نے اپنے بندہ کو رات میں سیر کرایا، آدم کو پیدا کیا اوراس کو عزت دی۔ خدا کا فرستادہ نبیوں کے حلّہ میں۔ وہ لوگ جو کافر ہوگئے اور خد اکی راہ سے روکنے لگے۔ ایک فارسی الاصل آدمی نے اُن کے خیالات کو ردّ کیا۔ ‘‘ (انجام آتھم ، روحانی خزائن جلد ۱۱ صفحہ ۵۳)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنے خاندان کے فارسی الاصل ہونے کی تفصیل کا ذکر کرتے ہوئے تحریر کرتے ہیں: ’’خدا تعالیٰ اپنی پاک وحی میں وعدہ دیتا ہے اور مجھے مخاطب کرکے فرماتا ہے کہ اَب یہ خاندان اپنا رنگ بدل لے گا اور اِس خاندان کا سلسلہ تم سے شروع ہوگا اور پہلا ذکر منقطع ہوجائے گا۔ اور اِس وحیِ الٰہی میں کثرتِ نسل کی طرف بھی اشارہ ہے یعنی نسل بہت ہوجائے گی اور جیسا کہ بظاہر سمجھا گیا ہے یہ خاندان مغلیہ خاندان کے نام سے شہرت رکھتا ہے لیکن خدائے عالم الغیب نے جو دانائے حقیقت ِ حال ہے بار بار اپنی وحیِ مقدّس میں ظاہر فرمایا ہے جو یہ فارسی خاندان ہے اور مجھ کو ابناءِ فارس کرکے پکارا ہے جیسا کہ وہ میری نسبت فرماتا ہے اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا وَصَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ رَدَّ عَلَیْھِمْ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ شَکَرَاللّٰہُ سَعْیَہٗ۔ یعنی جو لوگ کافر ہوکر خدا تعالیٰ کی راہ سے روکتے ہیں ایک فارسی الاصل نے ان کا رَدّ لکھا ہے خدا اس کی اس کوشش کا شکر گذار ہے۔ پھر وہ ایک اَور وحی میں میری نسبت فرماتا ہے لَوْکَانَ الْاِیْمَانُ مُعَلَّقًام بِالثُّرَیَّا لَنَالَہٗ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ۔ یعنی اگر ایمان ثریّا کے ساتھ معلّق ہوتا تو ایک فارسی الاصل انسان وہاں بھی اُس کو پالیتا۔ پھر اپنی ایک اَور وحی میں مجھ کو مخاطب کرکے فرماتا ہے خُذُوا التَّوْحِیْدَ التَّوْحِیْدَ یَآ اَبْنَآءَ الْفَارِسِ۔ یعنی توحید کو پکڑو توحید کو پکڑو اے فارس کے بیٹو۔
اِن تمام کلماتِ الٰہیہ سے ثابت ہے کہ اِس عاجز کا خاندان دراصل فارسی ہے نہ مُغلیہ۔ نہ معلوم کِس غلطی سے مغلیہ خاندان کے ساتھ مشہور ہوگیا اور جیسا کہ ہمیں اطلاع دی گئی ہے میرے خاندان کا شجرہ نَسب اِس طرح پر ہے کہ میرے والد کا نام میرزا غلام مرتضیٰ تھا اور اُن کے والد کا نام میرزا عطا محمد۔ میرزا عطا محمد کے والد کا نام میرزا گل محمد۔ میرزا گل محمد کے والد میرزا فیض محمد اور میرزا فیض محمد کے والد میرزا محمد قائم۔ میرزا محمد قائم کے والد میرزا محمد اسلم۔ میرزا محمد اسلم کے والد میرزا دلاور۔ میرزا دلاور کے والد میرزا الٰہ دین۔ میرزا الٰہ دین کے والد میرزا جعفر بیگ۔ میرزا جعفر بیگ کے والد میرزا محمد بیگ۔ میرزا محمدبیگ کے والد میرزا عبدالباقی۔ میرزا عبدالباقی کے والد میرزا محمد سلطان۔ میرزا محمد سلطان کے والد میرزا ہادی بیگ۔
معلوم ہوتا ہے کہ میرزا اور بیگ کا لفظ کسی زمانہ میں بطور خطاب کے ان کو ملا تھا جس طرح خان کا نام بطور خطاب دیا جاتا ہے۔ بہرحال جو کچھ خدا نے ظاہر فرمایا ہے وہی درست ہے۔ انسان ایک ادنیٰ سی لغزش سے غلطی میں پڑ سکتا ہے مگر خدا سہو اور غلطی سے پاک ہے۔ ‘‘(حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد ۲۲ صفحہ ۸۰ تا ۸۱ حاشیہ)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے جس اسلامی اور روحانی بادشاہت کے قیام کے لیے دنیا میں مبعوث فرمایا۔ اس کا ذکر بھی اللہ تعالیٰ کے الہام میں موجود ہے۔ اور آپؑ کے دور کو فارسی بادشاہ کے دور سے تشبیہ دی گئی ہے۔ آپؑ اپنے اس الہام اور اس کی تشریح کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں: ’’ان نشانوں کے بعد دنیا میں ایک تبدیلی پیدا ہوگی اور اکثر دل خدا کی طرف کھینچے جائیں گے اور اکثر سعید دلوں پر دنیا کی محبت ٹھنڈی ہو جائے گی اور غفلت کے پردے درمیان سے اٹھا دئے جائیں گے۔ اور حقیقی اسلام کا شربت انہیں پلایاجائے گا۔ جیسا کہ خدا تعالیٰ خود فرماتا ہے
چُو دَورِ خسروی آغاز کردند
مسلماں را مسلماں باز کردند
(یعنی جب فارسی الاصل بادشاہ کا دَور شروع ہوگا تو نام نہاد مسلمان کو از سرِ نَو مسلمان کیا جائے گا۔ )
دَورِ خسروی سے مراد اِس عاجز کا عہدِ دعوت ہے مگر اِس جگہ دُنیا کی بادشاہت مراد نہیں بلکہ آسمانی بادشاہت مراد ہے جو مجھ کو دی گئی۔ خلاصہ معنی اِس الہام کا یہ ہے کہ جب دَورِ خسروی یعنی دَورِ مسیحی جو خدا کے نزدیک آسمانی بادشاہت کہلاتی ہے ششم ہزار کے آخر میں شروع ہوا جیسا کہ خدا کے پاک نبیوں نے پیشگوئی کی تھی تو اُس کا یہ اثر ہوا کہ وہ جو صرف ظاہری مسلمان تھے وہ حقیقی مسلمان بننے لگے جیسا کہ اَب تک چار لاکھ کے قریب بن چکے ہیں۔ ‘‘ (تجلّیاتِ الٰہیہ، روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ ۳۹۶-۳۹۷)
غرض حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ فارسی الاصل قرار دیتا ہے۔ اسی طرح ایک اور حدیث میں بھی امام مہدی کے ماوراء النہر کے علاقہ سے ہونے کا ذکر ہے۔ سمرقند کا شہر بھی ماوراء النہر کے علاقہ میں آتا ہے۔ ابو داؤد اس کی اس حدیث کا ذکر کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام تحریر فرماتے ہیں: ’’یعنی روایت ہے علی کرم اللہ وجہہٗ سے کہ کہا فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ ایک شخص پیچھے نہر کے سے نکلے گا یعنی بخارا یا سمرقند اس کا اصل وطن ہوگا اور وہ حارث کے نام سے پکارا جاوے گا یعنی باعتبار اپنے آباو اجداد کے پیشہ کے افواہ عام میں یا اس گورنمنٹ کی نظر میں حارث یعنی ایک زمیندار کہلائے گا پھر آگے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ کیوں حارث کہلائے گا اس وجہ سے کہ وہ حرّاث ہوگا یعنی ممیّز زمینداروں میں سے ہوگا اور کھیتی کرنے والوں میں سے ایک معزز خاندان کا آدمی شمار کیاجاوے گا۔ پھر اس کے بعد فرمایا کہ اس کے لشکر یعنی اس کی جماعت کا سردار وسرگروہ ایک توفیق یافتہ شخص ہو گا جس کو آسمان پر منصور کے نام سے پکاراجاوے گا کیونکہ خدائے تعالیٰ اس کے خادمانہ ارادوں کا جو اس کے دل میں ہوں گے آپ ناصر ہوگا۔ اس جگہ اگرچہ اُس منصور کو سپہ سالار کے طور پر بیان کیا ہے مگر اس مقام میں درحقیقت کوئی ظاہری جنگ وجدل مراد نہیں ہے بلکہ یہ ایک روحانی فوج ہوگی کہ اُس حارث کو دی جائیگی جیسا کہ کشفی حالت میں اس عاجز نے دیکھا کہ انسان کی صورت پر دو شخص ایک مکان میں بیٹھے ہیں ایک زمین پر اور ایک چھت کے قریب بیٹھا ہے تب میں نے اس شخص کو جو زمین پر تھامخاطب کر کے کہا کہ مجھے ایک لاکھ فوج کی ضرورت ہے، مگر وہ چپ رہا اور اس نے کچھ بھی جواب نہ دیا تب میں نے اُس دوسرے کی طرف رُخ کیا جو چھت کے قریب اور آسمان کی طرف تھااور اُسے میں نے مخاطب کر کے کہا کہ مجھے ایک لاکھ فوج کی ضرورت ہے، وہ میری اس بات کو سن کر بولا کہ ایک لاکھ نہیں ملے گی مگر پانچ ہزار سپاہی دیاجائے گا تب میں نے اپنے دل میں کہا کہ اگرچہ پانچ ہزار تھوڑے آدمی ہیں پر اگر خدائے تعالیٰ چاہے تو تھوڑے بہتوں پر فتح پا سکتے ہیں اس وقت میں نے یہ آیت پڑھی كَمْ مِّنْ فِئَةٍ قَلِيْلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً كَثِيْرَةًم بِاِذْنِ اللّٰهِ۔ (البقرۃ:۲۵۰) پھر وہ منصور مجھے کشف کی حالت میں دکھایا گیا اور کہا گیا کہ خوشحال ہے خوشحال ہے مگر خدائے تعالیٰ کی کسی حکمت خفیہ نے میری نظر کو اُس کے پہچاننے سے قاصر رکھا لیکن امید رکھتا ہوں کہ کسی دوسرے وقت دکھایاجائے۔ اب بقیہ ترجمہ حدیث کا یہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ وہ حارث جب ظاہر ہوگا تووہ آل محمد کو (آل محمدکے فقرہ کی تفسیر بیان ہوچکی ہے) قوت اور استواری بخشے گا اور ان کی پناہ ہوجائے گا یعنی ایسے وقت میں کہ جب مومنین غربت کی حالت میں ہوں گے اور دین اسلام بیکس کی طرح پڑا ہو گا اورچاروں طرف سے مخالفوں کے حملے شروع ہوں گے۔ یہ شخص اسلام کی عزت قائم کرنے کے لئے بقوت تمام اُٹھے گا اور مومنین کوجہال کی زبان سے بچانے کے لئے بجوش ایمان کھڑا ہو گا اور نور عرفان کی روشنی سے طاقت پاکر انکو مخالفوں کے حملوں سے بچائے گا اور اُن سب کو اپنی حمایت میں لے لے گا اور ایسا انہیں ٹھکانا دے گا جیسے قریش نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کودیا تھا یعنی دشمن کے ہرایک الزام اورہر یک باز پُرس اور ہریک طلب ثبوت کے وقت میں سب مومنوں کے لئے سپر کی طرح ہو جائے گا اور اپنے اُس قوی ایمان سے جو نبی کی اتباع سے اُس نے حاصل کیا ہے صدیق اور فاروق اور حیدر کی طرح اسلامی برکتوں اور استقامتوں کو دکھلا کر مومنوں کے امن میں آجانے کا موجب ہوگا۔ ہریک مومن پر واجب ہے جو اس کی مدد کرے یا یہ کہ اس کو قبول کر لیوے۔ یہ اِس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ایک ایسا عظیم الشان سلسلہ اس حارث کے سپرد کیاجائے گاجس میں قوم کی امداد کی ضرورت ہو گی۔ جیسا کہ ہم رسالہ فتح اسلام میں اس سلسلہ کی پانچوں شاخوں کا مفصل ذکر کر آئے ہیں اورنیز اس جگہ یہ بھی اشارتاً سمجھایاگیا ہے کہ وہ حارث بادشاہوں یا امیروں میں سے نہیں ہو گا تا ایسے مصارف کا اپنی ذات سے متحمل ہوسکے اور اس تاکید شدید کے کرنے سے اس بات کی طرف بھی اشارہ ہے کہ اُس حارث کے ظہور کے وقت جو مثیل مسیح ہونے کا دعویٰ کرے گا لوگ امتحان میں پڑ جائیں گے اور بہتیرے اُن میں سے مخالفت پر کھڑے ہوں گے اور مدد دینے سے روکیں گے بلکہ کوشش کریں گے کہ اس کی جماعت متفرق ہوجائے اس لئے آنحضرت صلعم پہلے سے تاکید کرتے ہیں کہ اے مومنو تم پر اُس حارث کی مدد واجب ہے ایسا نہ ہو کہ تم کسی کے بہکانے سے اس سعادت سے محروم رہ جاوٴ۔‘‘ (ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد ۳ صفحہ ۱۴۸-۱۵۱حاشیہ)
(جاری ہے)
٭…٭…٭




