جرمنی میں اوپن مسجد ڈے ۲۰۲۶ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۹۹۷ء سے جماعت احمدیہ جرمنی کو ہر سال ۳؍اکتوبر کو اپنی تمام مساجد میں ’Open Mosque Day‘ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے، الحمدللہ۔ امسال جلسہ سالانہ جرمنی سے قبل اس پروگرام کے ڈیجیٹل دعوت نامے تیار کرکے نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب کی جانب سے ہدایات اور راہنمائی پر مشتمل سرکلر کے ساتھ تمام مساجد اور کشادہ نماز سینٹرز کو بھجوائے گئے۔
امسال جرمنی کی ۶۳؍مساجد اور ۳۵؍نماز سینٹرز میں یہ پروگرام منعقد ہوئے۔ تمام مساجد اور نماز سینٹرز کی وقار عمل کے ذریعے تزئین و آرائش کی گئی۔ مہمان خاندانوں کی دلچسپی کے لیے مختلف انتظامات کیے گئے۔ لجنہ اماء اللہ کی جانب سے بچیوں کے لیے خطاطی اور ڈرائنگ کا سامان مہیا کیا گیا جبکہ بچوں کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے جماعت کے بچوں نے بھی پروگرام میں حصہ لیا۔ مہمانوں کے لیے اسلام کی تعلیمات متعارف کروانے کی غرض سے خوبصورت نمائشیں اور بک سٹالز لگائے گئے۔ علاوہ ازیں مہمانوں کی تواضع کے لیے بھی مناسب انتظام کیا گیا۔

صبح ۱۰؍بجے سے شام ۶؍بجے تک مساجد اور نماز سینٹرز میں مہمانوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا۔ امسال تقریباً ۴۹۲۵؍مہمانوں کو اسلام احمدیت کا تعارف کروانے کے لیے مقامی مبلغین سلسلہ کے علاوہ فارغ التحصیل مربیان، جامعہ احمدیہ کے طلبہ اور جرمن زبان پر عبور رکھنے والے بعض نوجوان بھی ڈیوٹی پر موجود رہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس روز جماعتوں میں مہمانوں کی تعداد کے حوالے سے بھی فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِ کے تحت ایک مسابقت کا ماحول پیدا ہوتا ہے۔ امسال مہمانوں کی تعداد کے لحاظ سے پہلی دس پوزیشنیں حاصل کرنے والی جماعتوں کی تفصیل درج ذیل ہے:

مزید ۲۱؍جماعتوں میں مہمانوں کی حاضری ۵۰؍سے ۱۰۰؍کے درمیان رہی، جبکہ ۶۵؍جماعتوں میں مہمانوں کی تعداد ۵۰؍سے کم تھی۔
پروگرام کی تشہیر کے لیے جرمنی کے مختلف ریڈیو اور ٹی وی چینلز نے بھی تعاون کیا۔ ملک بھر کے مقامی اور قومی اخبارات نے پروگرام سے قبل اور بعد میں خبریں شائع کیں۔ مجموعی طور پر ۱۰۰؍سے زائد پرنٹ اور آن لائن اخبارات میں جماعت احمدیہ کی مساجد کے حوالے سے خبریں شائع ہوئیں۔ اسی طرح ۸؍ٹی وی چینلز اور ۱۰؍ریڈیو چینلز پر پروگرام کے متعلق خبریں نشر ہوئیں۔
سوشل میڈیا پر بھی اس پروگرام کی وسیع تشہیر ہوئی۔ تقریباً ۸۰؍مقامی جماعتوں سمیت متعدد اکاؤنٹس اور سیاست دانوں نے اس مہم میں حصہ لیا۔ مرکزی اکاؤنٹ کی پوسٹس کو تقریباً ۳۰؍لاکھ ویوز ملے، جبکہ مقامی جماعتوں کی جانب سے تیار کردہ معیاری مواد نے بھی پروگرام کی تشہیر میں اہم کردار ادا کیا۔ بعض مساجد میں نمائشوں کے علاوہ پینل ڈسکشنز اور مختلف موضوعات پر لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیاب رہے۔

اس موقع پر ۵۷؍ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، وزراء، میئرز اور لارڈ میئرز نے جماعتی مساجد کا دورہ کیا۔ ان کے علاوہ ۹۵؍دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات بھی مساجد اور نماز سینٹرز میں تشریف لائیں اور اسلام احمدیت کی تعلیمات سے آگاہی حاصل کی۔
پروگرام میں شامل ہونے والے مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا۔ مختلف جماعتوں کی رپورٹس کے مطابق مہمانوں کے مجموعی تاثرات نہایت مثبت تھے۔ وہ مساجد کے ماحول اور ڈیوٹی دینے والے احباب و خواتین کے حسن اخلاق سے بہت متاثر ہوئے۔ بعض مہمانوں نے کہا کہ مسجد میں آنے اور جماعت کے افراد سے گفتگو کرنے کے بعد ان کے تعصبات دور ہوئے ہیں اور باہمی پُرامن تعلقات کو فروغ ملا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں میں خلافت احمدیہ کا سلطان نصیر بنائے اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ میرپور، بنگلہ دیش میں اشاعت سیمینار کا انعقاد



