کلام حضرت مرزا طاہر احمد خلیفۃ المسیح الرابع ؒ

آ مرے چاند میری رات بنے

تو مرے دل کی شش جہات بنے
اِک نئی میری کائنات بنے

کبھی مخلوق ہو گئی ہمہ اُوست
آتش و آب، عین ذات بنے

سب جو تیرا ہے لاکھ ہو میرا
تُو جو میرا بنے تو بات بنے

کتنے منصور چڑھ گئے سرِ دار
کتنے نعرے تعلّیات بنے

نیچ ہے تجھ سے منقطع ہر ذات
جس کا تُو ہو اُسی کی ذات بنے

کتنے عزیٰ بنے؟ مٹے کَے بار؟
کتنے لات اُجڑے کتنے لات بنے

عالمِ رنگ و بو کے گل بوٹے!
خواب ٹھہرے، توہمات بنے

کتنے محمود آئے، کتنی بار
سومنات اُجڑے، سومنات بنے

سادہ باتوں کا بھی ملا نہ جواب
سب سوالات مظلمات بنے

جو کھنڈر تھے محل بنائے گئے
کتنے محلوں کے کھنڈرات بنے

یہ شب و روز و ماہ و سال تمام
کیسے پیمانۂ صفات بنے!

عالم بے ثبات میں شب و روز
آج کی جیت کل کی مات بنے

ہوئی میزانِ ہفتہ کب آغاز؟
کیسے دن رات سات سات بنے؟

تیرے منہ کے سبک سہانے بول
دل کے بھاری معاملات بنے

عالم حیرتی کے مندر میں
کبھی بت مظہرِ صفات بنے

دن بہت بے قرار گزرا ہے
آ مرے چاند، میری رات بنے

(کلام طاہر، ایڈیشن ۲۰۰۴ء صفحہ۴۱-۴۲)

مزید پڑھیں: اے شاہِ مکّی و مَدَنی سید الوَریٰؐ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button