امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ جماعت احمدیہ کوسوو کی نیشنل مجلس عاملہ کی ملاقات
نماز کی اہمیت، قرآن کی اہمیت، دین سیکھنے کی اہمیت، اللہ کی عبادت کی اہمیت پر مختلف وقتوں میں جماعت کے ممبران کو میسج بھیجتے رہا کریں۔
ہر ایک کو کوسووو میں مضبوط احمدی بنائیں۔ ایک سو تینتیس(۱۳۳)کو ایک لاکھ تینتیس ہزار(۱۳۳,۰۰۰)بنائیں
مورخہ ۳۱؍اکتوبر۲۰۲۶ءبروزہفتہ امام جماعتِ احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ جماعت احمدیہ کوسووو کی نیشنل مجلس عاملہ کے نو (۹) افراد کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ بابرکت ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں واقع حضورِ انور کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ وفد نے خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے کوسووو سے اسلام آباد (ٹِلفورڈ) کا سفر اختیار کیا۔
ملاقات کے آغاز میں تمام شاملین مجلسِ کو حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں فرداً فرداً اپنا تعارف پیش کرنے اور اپنی مفوّضہ ذمہ داریوں کی بابت بیش قیمت راہنمائی حاصل کرنے کا بھی موقع ملا۔

سیکرٹری تبلیغ،جو کہ بحیثیت معلّم بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، سے حضورِ انور نےان کی تبلیغی مساعی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دریافت فرمایا کہ کیا انہوں نے اپنے تبلیغی کام کے لیے کوئی اہداف مقرر کیے ہیں؟ ان کی جانب سے یہ عرض کیے جانے پر کہ فی الحال انہوں نے کوئی ہدف مقرر نہیں کیا، حضورِ انور نے راہنمائی فرمائی کہ ٹارگٹ بنائیں اور پھر اس کے حساب سے اس کو achieve کرنے کے لیےکوشش کریں اور بیعتوں کو بڑھائیں۔ اگر ٹارگٹ سامنے نہ ہو تو پھر آدمی کوشش نہیں کرتا۔
سیکرٹری تربیت سے گفتگو کے دوران حضورِ انور نے کوسووو میں احبابِ جماعت کی دینی و اخلاقی تربیت اور انہیں مضبوط احمدی بنانے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ کوشش کریں کہ ہر ایک کو وقتاً فوقتاً بوسنین میں قرآنِ شریف کی کوئی آیت، اس کا ترجمہ، حدیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا کوئی اقتباس آپ ہی ترجمہ کر کے دیں۔ ہر ایک کے پاس فون پر سوشل میڈیا تو ہوتا ہی ہے، میسج بھیجا کریں۔ نماز کی اہمیت، قرآن کی اہمیت، دین سیکھنے کی اہمیت، اللہ کی عبادت کی اہمیت پر مختلف وقتوں میں جماعت کے ممبران کو میسج بھیجتے رہا کریں۔ ہر ایک کو کوسووو میں مضبوط احمدی بنائیں۔ ایک سو تینتیس (۱۳۳) کو ایک لاکھ تینتیس ہزار (۱۳۳۰۰۰) بنائیں۔
جنرل سیکرٹری سے گفتگو کرتے ہوئے حضورِ انور نے نظامِ وصیّت کی اہمیت اور اس سے وابستہ دینی و اخلاقی ذمہ داریوں کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ وصیّت کی کتاب پڑھ لیں، پھر وصیّت کریں۔ عاملہ کے ممبروں کو کہیں کہ کتاب پڑھیں اور وصیّت کریں ۔ اور نیکی کی عادت ڈالیں۔ اس لیے کہ وصیّت کرنے سے احساس پیدا ہوگا کہ ہم نے اللہ کی عبادت زیادہ کرنی ہے اور دین کا علم زیادہ سیکھنے کی کوشش کرنی ہے۔ ایک موصی کو یہ خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے۔
دورانِ ملاقات شاملینِ مجلس کو حضور انور کی خدمت میں متفرق سوالات پیش کرنے نیز ان کے جوابات کی روشنی میں حضورِانور کی زبانِ مبارک سے نہایت پُرمعارف، بصیرت افروز اور قیمتی نصائح پر مشتمل راہنمائی حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔
حاضرینِ مجلس میں سے ایک معلّم صاحب نے راہنمائی کی درخواست کی کہ وہ اللہ تعالیٰ پر کامل توکّل رکھتے ہوئے زندگی کے مختلف چیلنجز کا کس طرح مقابلہ کر سکتے ہیں؟
اس پر حضورِ انور نے نماز، دعا اور صبر و قناعت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کرنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ تو معلّم ہیں۔دینی علم ہے۔ قرآن ِشریف پڑھتے ہیں۔ نماز پڑھتے ہیں۔ نماز میں دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے مدد مانگیں اور اس سے مدد مانگتے ہوئے دعا کریںکہ اللہ تعالیٰ مجھ میں صبر اور قناعت پیدا کرے اور توکّل پیدا کرے۔ غیروں کے آگے نہیں جھکنا۔ اللہ کے آگے جھکنا ہے۔
ایک سوال کیا گیا کہ بعض احمدی احباب، جو سرکاری اداروں میں پروفیسر یا اساتذہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، ملازمت کی مصروفیات کے باعث نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے رخصت حاصل نہیں کر پاتے۔ ایسے احباب کو کس طرح اس بات کی طرف توجہ دلائی جا سکتی ہے کہ وہ نمازِ جمعہ میں ضرور شامل ہوں؟
اس حوالے سے حضورِ انور نے حتّی المقدور نمازِ جمعہ کے لیے رخصت حاصل کرنے، باہمی تعاون سے نمازِ جمعہ کا انتظام کرنے اور معلّمین کو احباب کی اس ضمن میں تربیت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ چھٹی لینے کی کوشش کریں، جس حدّ تک مل سکتی ہے، اتنی لیا کریں۔ باقی ان کی مجبوری ہے تو وہ اپنے ہاں جہاں بھی ہوں، وہاں فقط نماز پڑھ لیا کریں۔ اپنے افسر کو کہیں کہ مجھے چھٹی دے دو۔ اگر مسجد، سینٹر یا ایسی کوئی جگہ قریب ہے جہاں دو چار احمدی آدمی اکٹھے ہو جاتے ہیں، تو وہاں اکٹھے ہو کے وہ نمازِ جمعہ ادا کر سکتے ہیں۔ بعض دفعہ کام کی جگہ دُور ہے، مسجد اور سینٹر بھی دُور ہے، قریب قریب احمدی بھی کوئی نہیں، وہاں تو مجبوری ہے کہ نمازِ جمعہ ادا نہیں کر سکتے۔ لیکن جہاں قریب قریب احمدی رہتے ہیں اور مسجد دُور ہے، وہاں نہیں آ سکتے تو پھر اکٹھے ہو کے دو یا تین آدمی، جتنے ہوں، وہ آپ ہی جمعہ پڑھ لیا کریں۔ معلّمین کا کام ہے کہ ہر ایک کو معلّم بنا دیں اور جمعہ پڑھنا سکھا دیں۔
ایک شریکِ مجلس نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ بلقان ریجن میں بہت سے ایسے لوگ آباد ہیں کہ جو اپنے آپ کو مسلمان تو کہتے ہیںلیکن ان کے اعمال مسلمانوں جیسے نہیں ہیں۔ بلقان میں احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کے لیے کیا طریقِ کار اختیار کیا جانا چاہیے؟
[بلقان ریجن (Balkan Region) جنوب مشرقی یورپ کا ایک اہم جغرافیائی و تاریخی خطّہ ہے۔جسے جزیرہ نمائے بلقان بھی کہا جاتا ہے۔ اس خطّے میں عموماً البانیہ، بوسنیا و ہرزیگووینا، بلغاریہ، کروشیا، کوسووو، مونٹی نیگرو، شمالی مقدونیہ، سربیا، سلووینیا، رومانیہ اور یونان شامل کیے جاتے ہیں، جبکہ ترکی کا یورپی حصّہ بھی اس خطّے کا حصّہ شمار ہوتا ہے۔ تاہم بلقان ریجن کی جغرافیائی اور تاریخی حدود کے تعیّن میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔]
اس پر حضورِ انور نے تلقین فرمائی کہ ان کو پیغام پہنچائیں جس طرح باقیوں کو پیغام پہنچاتے ہیں۔ اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہیں، تو ان سے کہو کہ اگر تم کلمہ پڑھتے ہو، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی مانتے ہو، تو پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا تھا کہ آخری زمانے میں ایک مسیح و مہدی آئے گا ، اس کو مان لینا۔ تو ہم وہ پیغام تمہارے تک پہنچا رہے ہیں۔ وہ آئے ہیں۔ مان لوتو اچھی بات ہے۔تمہارے دل کا معاملہ ہے ۔ نہیں مانتے تو بس پیغام پہنچانا ہمارا کام ہے۔ باقی یہ ہمارا کام تو نہیں کہ زبردستی کسی کو منوائیں۔
ملاقات کے اختتام پر تمام شاملینِ مجلس کو اپنے محبوب آقا کے ساتھ گروپ تصویر بنوانے اور آپ کے دستِ مبارک سے بطورتبرک قلم کا تحفہ حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔
٭…٭…٭




