یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ ترکی کا چوتھا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کو اپنا چوتھا سالانہ نیشنل اجتماع ’’محبت الٰہی‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۷و۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو بیت الہاد ی، استنبول میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس بابرکت اجتماع میں ۱۶؍خدام، ۱۴؍اطفال اور ۶؍انصار سمیت کُل ۳۶؍احباب نے شرکت کی۔ مہمانان کرام کی شرکت سے خدام و اطفال کی حوصلہ افزائی ہوئی۔

اجتماع کے پہلے دن کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس اور انفرادی تلاوت قرآن کریم کی گئی۔ ناشتے کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدہ سے ہوا۔ بعد ازاں صدر جماعت احمدیہ ترکی مکرم صادق احمد بٹ صاحب نے افتتاحی تقریر میں اجتماع کی غرض و غایت اور ایک خادم کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں خدام و اطفال نے بھرپور جوش و خروش سے حسن قراءت، اذان، فی البدیہہ تقریر، تقریر، قصیدہ، حفظ قرآن کریم، مشاہدہ و معائنہ اور کوئز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ امسال اطفال کے لیے مشاہدہ و معائنہ کا مقابلہ ایک نئے انداز میں ترتیب دیا گیا تھا جس میں اطفال مختلف اشیاء کو چھو کر محسوس کرتے اور ان کے متعلق اپنے مشاہدات قلم بند کرتے تھے۔ اس منفرد سرگرمی کو اطفال نے بہت پسند کیا۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد نماز کے طریق اور درست ادائیگی کے متعلق درس دیا گیا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔

شام کو نماز مغرب و عشاء کے بعد سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ ترکی مکرم فاتح اوزترک صاحب کی الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صدر جماعت احمدیہ ترکی نے ان کی گذشتہ خدمات کو سراہا۔ بعد ازاں خدام و اطفال کے ساتھ ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں مرکزی موضوع کو اجاگر کیا گیا۔ اس دوران خدام نے قبولیت دعا اور تائید الٰہی کے واقعات بھی بیان کیے۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد، نماز فجر، درس اور انفرادی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ ناشتے کے بعد خدام و اطفال کے لیے انڈور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ بعد ازاں تمام شرکاء سپورٹس گراؤنڈ روانہ ہوئے جہاں بیت الہادی اور قریبی کھیل کے میدان میں فٹ بال سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔ خدام و اطفال کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا گیا جنہوں نے نظم و ضبط اور باہمی اخوت کے جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیا۔

نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کے بعد خدام و اطفال نے مل کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط تحریر کیے۔

اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور قصیدے سے ہوا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم حسن کیروت صاحب نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی اور تمام ناظمین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں خاکسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ ترکی) نے محبت الٰہی اور توکل علی اللہ کے موضوع پر اختتامی تقریر کی۔ علمی اور ورزشی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے خدام و اطفال میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا اور آخر پر تمام شرکاء کی گروپ تصویر بنائی گئی۔

اللہ تعالیٰ تمام کارکنان کی خدمات قبول فرمائے اور اس اجتماع کے نیک اور بابرکت ثمرات کو آئندہ نسلوں تک جاری رکھے۔ آمین

(رپورٹ:عبد النور خواجہ۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ ترکیہ)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ میرپور، بنگلہ دیش میں اشاعت سیمینار کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button