یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالٹا کے آٹھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ءکا کامیاب انعقاد

٭… ’’اِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنۡہٰی عَنِ الۡفَحۡشَآءِ وَالۡمُنۡکَرِ‘‘کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ کے لیے

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام ٭… ۴۰؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ مالٹا کو اپنا آٹھواں جلسہ سالانہ ’’اِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنۡہٰی عَنِ الۡفَحۡشَآءِ وَالۡمُنۡکَرِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۵؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خصوصی شفقت فرماتے ہوئے جلسہ سالانہ کے ليے اپنے محبت بھرے پیغام سے نوازا۔

جلسہ کا آغازصبح دس بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا )کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد خاکسار نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جماعت احمدیہ مالٹا کے نام موصولہ پیغام پیش کیا۔

جلسہ سالانہ کے دوران انگریزی اور اردو زبان میں کُل سات تقاریراورتین ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی جس میں افراد جماعت کی طرف سے موصولہ سوالات کے تفصیلی جواب دینے کی توفیق ملی۔ اسی طرح دوران سال جماعت احمدیہ مالٹا کی کاوشوں کی ایک جھلک پر مبنی پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔

تقاریر کے عناوین یہ تھے: ہستی باری تعالیٰ کے سائنسی دلائل، آنحضرت ﷺ کا تبلیغ کے ليے جوش، خدمت دین کو اک فضلِ الٰہى جانو، بہترین تجارت: جنت کے حصول کے لیے مالی قربانی، احمدیت کا روحانی انقلاب اور ہماری ذمہ داریاں، بدظنی، تجسّس اور غیبت سے بچنے کی اسلامی تعلیمات اور نماز: بے حیائی اور برائی کے خلاف روحانی تدبیر۔

جلسہ سالانہ کا اختتام دعاکے ساتھ ہوا۔ امسال جلسہ سالانہ مالٹا کی حاضری ۴۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے یہ جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کو اس جلسہ کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے والے بنائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نیکی و تقویٰ، اخلاص ووفا اور اطاعت و فرمانبرداری میں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین یاربّ العالمین

(رپورٹ:لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ وصدر جماعت مالٹا)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ مالٹا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ مالٹا

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا آٹھواں جلسہ سالانہ ۲۵؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شاملین بےشمار برکتیں حاصل کریں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بیان فرمایا ہے کہ ہم جلسہ کا انعقاد اس لیے کرتے ہیں تاکہ ہمارے دلوں میں اللہ تعالیٰ کا خوف پیدا ہو، ہم تقویٰ یعنی راستبازی میں ایک دوسرے کے لیے نمونہ بنیں اور نیکی، دل کی نرمی، باہمی محبت اور اخوت میں ترقی کریں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے:’’تمام دوستوں کو محض للہ ربانی باتوں کے سننے کیلئے اور دعا میں شریک ہونے کیلئے اس تاریخ پر آ جانا چاہئے اور اس جلسہ میں ایسے حقایق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کیلئے ضروری ہیں اور نیز اُن دوستوں کیلئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی اور حتی الوسع بدرگاہِ ارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف ان کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان میں بخشے اور ایک عارضی فائدہ ان جلسوں میں یہ بھی ہوگا کہ ہر ایک نئے سال میں جس قدر نئے بھائی اس جماعت میں داخل ہوں گے وہ تاریخ مقررہ پر حاضر ہو کر اپنے پہلے بھائیوں کے منہ دیکھ لیں گے اور روشناسی ہو کر آپس میں رشتہ توَدُّد وتعارف ترقی پذیر ہوتا رہے گا… اور اس روحانی جلسہ میں اور بھی کئی روحانی فوائد اور منافع ہوں گے جو انشاء اللہ القدیر وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گے…‘‘(آسمانی فیصلہ، روحانی خزائن جلد ۴ صفحہ ۳۷۶)

یاد رکھیں کہ جلسہ میں شرکت اسی صورت میں ہمیں فائدہ پہنچا سکتی ہے جب ہم صرف اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے اور اپنی بیعت کے عہد کو تازہ کرنے کے لیے اکٹھے ہوں۔یقیناً حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں ہدایت دی ہے کہ اگر آپ نے حضورؑ کی بیعت کی ہے تو آپ کو اس کے حقیقی مقصد کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے بعد ہی آپ نہ صرف اپنے لیے، بلکہ اپنے بچوں، اپنی آنے والی نسلوں اور وسیع تر معاشرے کے لیے حقیقی معنوں میں ایک فائدہ مند انسان بن سکتے ہیں۔

آپ کو اپنی پنج وقتہ نمازوں کی باقاعدگی سے ادائیگی کا پابند رہنا چاہیے اور تہجد ادا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ کو کثرت کے ساتھ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنا چاہیے، اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے اور کثرت سے استغفار کرنا چاہیے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کے احسانات کو یاد رکھنا چاہیے، ان پر شکر گزاری کا اظہار کرنا چاہیے اور اس کی حمد کرنی چاہیے۔ آپ کو قرآن کریم کے ساتھ اپنی محبت پر غور کرنا چاہیے، اس کی روزانہ تلاوت کرنی چاہیے اور اس کے ترجمہ اور تفسیر کا مطالعہ بھی کرنا چاہیے۔

آپ کو خلافت کے ساتھ وفادار اور فرمانبردار رہنا چاہیے اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ اپنے وفاداری کے تعلق کو مضبوط کرنا چاہیے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ آپ کی مکمل اطاعت اور عقیدت کا عہد، ایک ایسا رشتہ جو ہر دنیوی رشتے سے بڑھ کر ہونا چاہیے، خلیفۂ وقت کے ساتھ آپ کے رشتے میں بھی اسی عزم کا اظہار ہونا چاہیے، کیونکہ خلافت احمدیہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی روحانی جانشین ہے۔

مزید برآں آپ سب کو ایک فعال داعی الىٰ الله بننے کی کوشش کرنی چاہیے اور مالٹا کے تمام باشندوں تک سچائی اور ہدایت کے پیغام کو پہنچانا اور پھیلانا چاہیے۔ اس بات کی پروا نہیں ہونی چاہیے کہ لوگ اسے مانتے ہیں یا نہیں۔ پیغام ہر شہری تک پہنچ جانا چاہیے۔ یہ وہ ذمہ داری ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں دی ہے۔

آخر میں، مَیں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ نظام جماعت، جو خلیفۃ المسیح کی راہنمائی میں کام کرتا ہے، کی پوری طرح قدر اور احترام کریں اور آپ کو ہمیشہ احترام اور خیر سگالی کے ایک خوشگوار ماحول میں جماعت کی خدمت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام اور تعاون کرنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آخر میں مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور آپ کو اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں مزید تقویٰ، حسن سلوک، نیک اعمال اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ تنزانیہ کا پچپنواں(۵۵) جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button