نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۶؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ امۃ الودود غفار صاحبہ اہلیہ مکرم میاں محمد عبد الغفار صاحب مرحوم (ایپسم۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور تین مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ امۃ الودود غفار صاحبہ اہلیہ مکرم میاں محمد عبد الغفار صاحب مرحوم (ایپسم۔یوکے)

۲۰؍نومبر بروز جمعرات ۸۲؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت میاں عبد العزیز مغل صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی اور حضرت میاں عبدالمجید صاحب رضی اللہ عنہ کی نواسی تھیں۔ آپ میجر عبدالرحمٰن مغل صاحب کی بیٹی تھیں۔مرحومہ انتہائی نیک، تہجد گزار، قرآن کریم کی تلاوت میں باقاعدہ، نماز وروزہ کی پابند، غریبوں کا خیال رکھنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ بہت ہمدرد، خدمت خلق کے جذبہ سے سر شار، مہمانوں اور عہدیداروں کی عزت و احترام کرنے والی ا ور خلافت سے گہری محبت کر نےوالی بزرگ خاتون تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم ملک محمد خان صاحب (Büdelsdorf،جرمنی)

۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ۸۳؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نہایت خاموش طبع، صوم وصلوٰۃ کے پابند،تہجد گزار، ملنسار،باقاعدگی سے تلاوتِ قرآنِ کریم کرنے والے، ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔بیماری سے پہلے تک مختلف جماعتی خدمات بجا لاتے رہے۔ آپ لازمی چندہ جات بروقت ادا کرتے اور دیگر مالی تحریکات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے اور تین بیٹیاں اور پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی ایک کثیر تعداد شامل ہے۔

۲۔مکرمہ صدیقہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم رشید احمد شاہد صاحب مرحوم (دارالفتوح ربوہ)

۱۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو ۹۲؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت میاں قادر بخش صاحب رضی اللہ عنہ آف چک سکندر صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔آپ کا بچپن قادیان میں گزارا۔ آپ اکثر قادیان کے واقعات سنایا کرتی تھیں۔ مرحومہ آخری عمر تک تہجد اور نمازِ فجر کے بعد لمبی تلاوت کرتی رہیں اور اس کے ترجمہ کا بھی بغور مطالعہ کرتیں۔ تلاوت سے فارغ ہوتیں تو دعائیہ خزائن کا مطالعہ شروع کر دیتیں۔ آپ کی نمازیں اس قدر لمبی ہوتیں کہ اکثر ظہر کی نماز شروع کرتیں تو عصر تک اسی نماز میں مصروف رہتی تھیں۔ بچوں کو جگا کر نماز پڑھانا اور تلاوتِ قرآنِ کریم کی پابندی کروانا آپ کا روز کا معمول تھا۔ آپ نے اپنے بچوں کے علاوہ جماعت اور غیر از جماعت بچوں کو بھی قرآنِ کریم ناظرہ پڑھایا۔ خلافت سے آپ کو بے پناہ محبت تھی۔ آپ کو چک نمبر ۲۳،ڈی این بی ضلع بہاولپور میں ایک لمبا عرصہ صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ آپ انتہائی سادہ، صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، دعا گو، ملنسار، غریب پرور، مالی قربانی میں پیش پیش ایک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دوبیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم محمد طاہر ندیم صاحب(مربی سلسلہ،عربی ڈیسک) کی والدہ تھیں۔

۳۔مکرمہ فرحت آراء خانم صاحبہ اہلیہ مکرم بشارت رضا خاں صاحب مرحوم(کینیڈا)

۵؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ۷۹؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے صحابہ حضرت ڈاکٹر حاجی محمد محمود خان صاحب سنوری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پوتی اور حضرت خانصاحب رجب علی خان سنوری رضی اللہ تعالی عنہ کی پڑپوتی تھیں۔ آپ انتہائی نیک، صوم و صلوٰۃ کی پابند، غریبوں کی ہمدرد، مالی قربانی میں پیش پیش ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ کا نکاح حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے ۷؍جولائی ۱۹۶۷ء کو پڑھایا۔آپ نےرحیم یار خان پاکستان میں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔آپ کو چار خلفاء احمدیت کی بیعت کا شرف حاصل ہوا اور ان کا زمانہ پانے کی توفیق ملی۔آپ انتہائی دین دار اور با پردہ خاتون تھیں۔آپ نے کراچی یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کیا۔اُس زمانہ میں آپ کے علاوہ کراچی یونیورسٹی کی ایک بھی طالبہ برقعہ نہیں پہنتی تھی۔ اس وجہ سے اخبار جنگ میں ان کا تفصیلی انٹرویو بعنوان ’’جامعہ کراچی کی واحد پردہ دار خاتون‘‘ بھی شائع ہوا۔ آپ کینیڈا نقل مکانی سے قبل تدریس کے شعبہ سے منسلک رہیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم ڈاکٹر محمد علی ممتاز صاحب اور مکرم ڈاکٹر مبشر ممتاز صاحب (ہارٹ سرجنز آف امریکہ) کی ممانی تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق بخشے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button