ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:افغانستان کی آسٹریلیا کے خلاف اہم اور تاریخی فتح،سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 48 (گروپ 1۔سُپراَیٹ)
آسٹریلیا بمقابلہ افغانستان
(Australia vs Afghanistan)
Kingstown, Saint Vincent & the Grenadines
22جون 2024ء
ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سپراَیٹ مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نےآسٹریلیا کے خلاف 21 رنز سے یادگار کامیابی حاصل کر کے تاریخ رقم کردی۔انٹرنیشنل کرکٹ میں افغانستان کی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔اس جیت کے بعد افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔
کنگزٹاؤن کے آرنس ویل گراؤنڈمیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔افغانستان کے اوپنرز نے ایک مرتبہ پھراپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 118 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔اس ٹورنامنٹ میں افغان اوپنرزکی یہ تیسری سینچری پارٹنرشپ ہے جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔رحمت اللہ گربازچارچوکوں اور چارچھکوں کی مددسے 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ابراہیم زادران نے 51 رنزکی اننگزکھیلی۔
افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنا سکی،آسٹریلیا کے پیٹ کمنز (Pat Cummins)نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے لگاتاردوسرے میچ میں Hat-trickمکمل کی۔
بیٹنگ کے بعد افغان باؤلرز نے بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔نوین الحق نے پہلے اوور میں ٹریوس ہیڈ(Travis Head) اور اپنے دوسرے اوور میں مچل مارش(Mitchell Marsh)کی اہم وکٹ حاصل کی۔چھٹے اوور میں 32کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈوارنر(David Warner)محمدنبی کا شکاربنے۔دوسری جانب گلین میکسویل(Glenn Maxwell) نے شانداربلےبازی کی اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔تاہم گلبدین نائب (Gulbadin Naib)نے اپنے چاراوورزمیں 20رنزدے کرچاربڑی وکٹیں اڑائیں اور اپنی ٹیم کو ناقابل فراموش جیت سے ہمکنارکیا۔نوین الحق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گلین میکسویل 41گیندوں پر59رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ کوئی بھی آسٹریلوی بلےبازجم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز بنا سکی۔افغانستان نے بیٹنگ اور باؤلنگ کے ساتھ ساتھ زبردست فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔
سپراَیٹ راؤنڈ میں افغانستان کا آخری مقابلہ بنگلادیش کے ساتھ ہوگا جبکہ آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرنا پڑے گی۔
(رپورٹ:ن م طاہر)