پریس ریلیز (Press Release)

پریس ریلیز: احمدی ڈاکٹر ذکا الرحمٰن صاحب آف لالہ موسیٰ ضلع گجرات کو ان کے ڈینٹل کلینک میں ہدف بنا کر شہید کر دیا گیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

وطن عزیز میں احمدیوں کے خلاف مسلسل اشتعال انگیز پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

احمدیوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور تشدد کی تلقین کرنے والوں کے خلاف حکومت کارروائی کیوں نہیں کرتی؟

چناب نگر: (پریس ریلیز) عقیدے کے اختلاف کی بنا پر احمدی ڈینٹسٹ ڈاکٹر ذکا الرحمٰن کو آج ۲۷؍جولائی ۲۰۲۴ء کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ذکا الرحمٰن صاحب ڈینٹسٹ اپنے کلینک ذکا ڈینٹل کلینک جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ ضلع گجرات پر موجود تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد ان کے کلینک کے باہر آئے۔ ایک شخص کلینک کے اندر داخل ہوا اور اس نے ڈاکٹر ذکا الرحمٰن صاحب پر فائرنگ کر دی۔ ان کے دل، پیٹ اور بازو پر تین گولیاں لگیں۔ جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ وقوعہ کے بعد قاتل موقع سے فرار ہوگئے۔ ان کے قتل کا افسوسناک وقوعہ تھانہ لالہ موسیٰ ضلع گجرات کی حدود میں پیش آیا۔ مقتول ڈاکٹر ذکاالرحمٰن صاحب کی عمر تقریباً ۵۳سال تھی۔ وہ جماعت احمدیہ کے مقامی عہدیدار تھے۔ ان کا کسی سے کوئی تنازعہ یا لین دین نہ تھا۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود صاحب نے ڈاکٹر ذکا الرحمن صاحب کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ماہ ۸؍جون کو دو احمدیوں، غلام سرور صاحب اور راحت احمد باجوہ صاحب کو سعد اللہ پور ضلع منڈی بہاالدین اور ۴؍مارچ کو حاصل پور ضلع بہاولپور میں طاہر اقبال چیمہ صاحب کو احمدی ہونے کی بنا پر شہید کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے جانب سے ایک احمدی کو ضمانت دینے اور اس پر نظر ثانی کے حالیہ فیصلے کے بعد احمدیوں کے خلاف جاری نفرت انگیز مہم میں انتہائی شدت آگئی ہے۔ اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کو بھی اس مذموم مہم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ نفرت انگیز مہم چلانے والے ظاہر ہیں۔ حکومت ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کیوں نہیں کرتی؟ نفرت اور تشدد کی تلقین کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے تو مذہب کی بنا پر قتل و غارت گری کو روکا جا سکتا ہے۔ ترجمان جماعت احمدیہ نے پاکستان میں احمدیوں کے خلاف متعصبانہ نفرت انگیز مہم کو روکنے اور ڈاکٹر ذکاالرحمٰن کے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔###

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button