جماعت احمدیہ پورٹ آف پرنس، ہیٹی میں اطفال، ناصرات و لجنہ اماءاللہ کی تربیتی کلاس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۳تا۳۰؍اگست ۲۰۲۴ء کو ہیٹی کے مرکزی مشن میں جماعت احمدیہ پورٹ آف پرنس کو اطفال، ناصرات اور لجنہ اماءاللہ کی تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان دنوں میں ہیٹی کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات ہوتی ہیں۔
نصاب:یہ کلاس جمعہ کے علاوہ بقیہ چھ دن روزانہ بعد از نماز عصر تین گھنٹے مغرب تک جاری رہتی تھی۔ اس کلاس میں نماز سادہ مکمل، ۱۰؍احادیث مع ترجمہ، قصیدہ ’’یَا عَیْنَ فَیْضِ اللّٰہِ وَالْعِرْفَانٖ‘‘کے پہلے دس اشعار، دینی معلومات کے نوّےسوال وجواب، الشہادۃ، قرآن کریم کی آخری چار سورتیں، حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے سلسلہ کا تعارف مع تصاویر، وضو کا طریق، نماز کا طریق اور رکعات کی تعداد، اذان، مسجد میں داخل ہونے اور نکلنے کی دعائیں، مسجد کے آداب اور نظم ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ کے کچھ اشعار فرنچ زبان میں یاد کروائے گئے۔
اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات و خطابات بھی باقاعدگی سے سنائے گئے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خط لکھنا سکھایا گیا۔
امتحان اور تقسیم انعامات:کلاس کے آخر پر امتحان لیا گیا اور مورخہ ۳۰؍اگست کو بعد از نماز جمعہ مسجد میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تمام شاملین کلاس کو سکول کی اشیاء جن میں سکول بیگ، کاپیاں، پنسلیں، جیومیٹری بکس ودیگر اشیاء تحفۃً دی گئیں جبکہ پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مذکورہ بالا اشیاء کے علاوہ خصوصی انعامات بھی دیے گئے۔
اس کلاس میں کُل حاضری ۵۲؍رہی جن میں ۱۶؍اطفال ۲۰؍ناصرات اور ۱۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے علم میں اضافہ فرمائے اور اپنی زندگیوں میں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: قیصر محمود طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)