آئیوری کوسٹ کے اُومے ریجن میں ریجنل جلسہ سالانہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو اُومے ریجن میں اپنا پہلا ریجنل جلسہ مورخہ 24 نومبر 2019ء بروز اتوار ریجن کی ایک جماعت Kagbé(کاگبے)میں منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
جلسہ میں شرکت کے لیے قافلوں کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل ہی شروع ہو گیاتھا۔
جلسہ کا آغاز مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیر جماعت آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت تلاوتِ قرآنِ کریم مع فرانسیسی ترجمہ سے ہوا۔ حضرت مسیح موعود ؑکا حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی شان میں معرکہ آرا عربی قصیدہ پیش کیے جانے کے بعد خاکسار نے مہمانوںکو جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے کے حوالہ سے خوش آمدید کہا۔
اس کے بعد مکرم طورے عبد السلام صاحب نے ‘آنحضورؐ کا سادہ طرزِ زندگی’ کے موضوع پر فرانسیسی اور جولا دونوں زبانوں میں تقریر کی۔ اس تقریر کے بعد ایک نو مبائع مکرم Diabaté Siaka جباتے سیاکا صاحب نے احباب جماعت کو بتایا کہ وہ کیوں احمدی ہیں؟کیسے انہیں جماعت کے بارہ میں پتا چلا اور کیسے وہ بیعت کر کےجماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہوئے۔ اور یہ کہ بیعت کے بعد وہ اپنے اندر کیا تبدیلیاں محسوس کرتے ہیں۔
اس کے بعد دو مختلف مسیحی مشنز کے نمائندگان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
آخر پر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے ‘ختم نبوت کا حقیقی مفہوم’ کے موضوع پر تقریر کی۔ تقریر کے آخر میں مکرم امیر صاحب نے سب حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اوردعا کروائی۔ بعد ازاں احباب جماعت کو کھانا پیش کیا گیا۔ مسیحی مہمانوں کے کھانے کا انتظام امیر صاحب کے ساتھ کیا گیا تھا جس پر وہ بہت حیران ہوئے اور اس پر شکر یہ ادا کرتے رہےکیونکہ ان کا خیال تھا کہ مسلمان مسیحیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا پسند نہیں کرتے۔ نماز ِظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیںجس کے ساتھ یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس ریجنل جلسہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے 756 ؍احباب و خواتین شامل ہوئے۔
(رپورٹ:صادق احمد لطیف۔ مبلغ سلسلہ اُومے ریجن، آئیوری کوسٹ)
٭…٭…٭