سویڈن کے شمالی شہروں کے سرمائی بازاروں میں تبلیغی سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لولیو کو رواں سال شمالی سویڈن کے مختلف تاریخی اور ثقافتی سرمائی بازاروں میں اسلام کا پُرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ یہ سالانہ بازار ہزاروں افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں، چنانچہ جماعت نے ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے
’Ask a Muslim‘ مہم کے تحت تبلیغی سٹالز قائم کیے جہاں عوام کو اسلام کے متعلق سوالات کرنے، غلط فہمیوں کے ازالے اور حقیقی اسلامی تعلیمات سے آگاہ ہونے کا موقع ملا۔ اس دوران جماعتی لٹریچر اور ’Muslims for Peace‘ کے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ مقامی افراد نے ان کاوشوں کو بین المذاہب مکالمے، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔

آریپ لوگ (Arjeplog) سرمائی بازار:اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۷؍مارچ کو جماعت احمدیہ لولیو نے دوسری مرتبہ آریپ لوگ کے تاریخی سرمائی بازار میں تبلیغی سٹال لگایا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ لولیو)، مکرم صدیق احمد صاحب، مکرم خاقان محمود صاحب اور مکرم طلحہ کاشف صاحب کے ہمراہ تقریباً ۲۵۰؍کلومیٹر کا سفر طے کرکے اس میلے میں شریک ہوا۔ متعدد افراد نے اسلام اور جماعت احمدیہ کے بارے میں سوالات کیے اور مدلل جواب سن کر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، آریپ لوگ کے میئر اور ڈپٹی چیئرمین کونسل سے ملاقات ہوئی جنہیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات و خطوط پر مشتمل کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بطور تحفہ پیش کی گئی۔ ان ملاقاتوں میں بین المذاہب ہم آہنگی، کمیونٹی روابط اور سماجی تعاون پر مثبت تبادلۂ خیال ہوا۔ سوشل میڈیا پر بھی جماعت کی شرکت کو بھرپور پذیرائی ملی۔

ییلیوارے (Gällivare) سرمائی بازار: ۱۵؍مارچ کو جماعت احمدیہ لولیو کو دوسری مرتبہ ییلیوارے کے سالانہ سرمائی بازار میں تبلیغی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر خاکسار کے ہمراہ مکرم صدیق احمد صاحب اور مکرم جاہد خان صاحب نے تقریباً ۲۵۰؍کلومیٹر کا سفر کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑی تعداد میں افراد نے اسلام، مذہب، امن اور معاشرتی ہم آہنگی سے متعلق سوالات کیے اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔
مقامی افراد نے جماعت کی اس خدمت کو سراہا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی نہایت مثبت تبصرے سامنے آئے۔ اس دوران حکومتی جماعت کے ایک ریجنل سیاست دان، جو قبل ازیں سویڈش نیشنل ڈے کی جماعتی تقریب میں شریک ہو چکے تھے، سٹال پر آئے، جماعت کی سرگرمیوں کو سراہا اور آئندہ بھی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
لولیو (Luleå) سرمائی بازار:۱۸تا۲۱؍مارچ لولیو کے سالانہ سرمائی بازار میں جماعت احمدیہ لولیو کو پہلی مرتبہ
’Ask a Muslim‘ مہم کے تحت تبلیغی سٹال لگانےکی توفیق ملی۔ تین روزہ سرگرمی کے دوران ہزاروں شرکاء میں سے بڑی تعداد نے سٹال پر آکر اسلام، مذہب، عالمی حالات اور سماجی ہم آہنگی سے متعلق سوالات کیے جبکہ متعدد افراد نے جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔
ایک ایرانی نژاد شخص ابتدا میں اسلام کے بارے میں منفی خیالات کی بنا پر گفتگو کیے بغیر آگے بڑھ گیا، مگر بعد میں واپس آکر طویل مکالمے میں شریک ہوا۔ گفتگو کے اختتام پر اس نے اعتراف کیا کہ اسلام کے متعلق اس کے منفی تصورات مثبت انداز میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی جماعت کی شرکت کو مثبت پذیرائی حاصل ہوئی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے شمالی سویڈن کے ان تمام سرمائی بازاروں میں جماعت احمدیہ لولیو کی شرکت ہر لحاظ سے کامیاب رہی اور اسلام کے حقیقی، پُرامن اور محبت پر مبنی پیغام کو وسیع حلقے تک پہنچانے، نئی شخصیات سے روابط قائم کرنے اور متعدد غلط فہمیوں کے ازالے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو قبول فرمائے، ان کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں آئندہ بھی خدمت دین کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: سیرالیون میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد



