نائیجر میں امسال فارغ التحصیل ہونے والے معلمین کرام کی امیر صاحب کے ساتھ ایک نشست
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کے دفتر انتظامیہ میں ۱۲؍نئے معلمین سلسلہ کے لیے مورخہ ۱۴؍اگست ۲۰۲۶ء کو خصوصی تعارفی و تربیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ پروگرام کا مقصد نئے معلمین کو جماعتی نظام، فیلڈ ورک، دینی تعلیم، تبلیغ اور تربیتی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا اور خدمت دین کے لیے عملی راہنمائی فراہم کرنا تھا۔ میٹنگ کا آغاز دعا سے ہوا جس کے بعد شاملین کا تعارف کروایا گیا۔

مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نائیجر نے میدان عمل میں کام کرنے کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں سچائی، دیانت، امانت اور جماعتی اموال، وقت اور سپرد کردہ ذمہ داریوں کی حفاظت و احسن ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے معلمین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اخلاق و کردار کے ذریعہ دین کی نمائندگی کرتے ہوئے لوگوں سے محبت، احترام، صبر اور حکمت کے ساتھ پیش آئیں، تبلیغی گفتگو میں نرمی اور حسن اخلاق اختیار کریں اور افراد جماعت کے سوالات و مسائل توجہ سے سن کر مناسب راہنمائی کریں۔

معلمین کو خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے اور اطاعت، دعا اور عملی نمونے کے ذریعہ افراد جماعت میں جماعت اور خلافت سے محبت و وابستگی پیدا کرنے کی تلقین کی گئی۔
اللہ تعالیٰ تمام معلمین سلسلہ کو مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں حقیقی معنوں میں خلافت کے دست و بازو بننے کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے نئے میس ہال کا افتتاح




