خلاصہ خطبہ جمعہ

سادگی اور بے تکلّفی کے حوالے سے آنحضورﷺ کے غلامِ صادق حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سیرتِ طیبہ کا بیان۔ خلاصہ خطبہ جمعہ ۲۷؍نومبر ۲۰۲۶ء

٭… ایک سال سے زیادہ کاعرصہ گزرا ہے کہ مَیں نے گوشت کا منہ نہیں دیکھا ۔اکثر مسّی روٹی ،آچار اور دال کے ساتھ کھا لیتا ہوں۔ آج بھی آچار کے ساتھ روٹی کھائی ہے(حضرت مسیح موعودؑ)

٭… سرسری نظر سے تو یہ معلوم ہوتا تھا کہ حضورؑ خوب کھا رہے ہیں مگر غور کے ساتھ دیکھنے سے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ حضور ؑصرف چند دانے کھاتے ہیں۔جب حضورؑ کھانا کھا رہے تھے تو دائیں بائیں دوستوں کو بار بار فرماتے تھے اَور کھائیے۔اَور لیجیے۔یہ کھائیے

٭… عبدالحٔی وقار صاحب( مربی سلسلہ ربوہ) کی وفات پر مرحوم کا ذکر خیر اور نماز جنازہ غائب

خلاصہ خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ ۲۷؍نومبر ۲۰۲۶ء بمطابق ۲۷؍نبوت ۱۴۰۵؍ہجری شمسی بمقام مسجد مبارک،اسلام آباد،ٹلفورڈ(سرے)، یوکے

اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۲۷؍نومبر ۲۰۲۶ء کو مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ، يوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو مسلم ٹيلي وژن احمديہ کے توسّط سے پوري دنيا ميں نشرکيا گيا۔ جمعہ کي اذان دينےکي سعادت مولانا فیروز عالم صاحب کے حصے ميں آئي۔

تشہد،تعوذ اورسورة الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سیرت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ جب آپؑ کے والد صاحب فوت ہو گئے تو آپؑ نے تمام کاموں سے قطع تعلق کر لیا اور مطالعۂ دین اور روزہ داری اور شب بیداری میں اوقات بسر کرنے لگے اور اخبارات اور رسائل کے ذریعے دشمنانِ اسلام کے حملوں کا جواب دیتے رہے۔ اس زمانے میں لوگ ایک ایک پیسے کے لیے لڑتے ہیں مگر آپؑ نے اپنی کُل جائیداد اپنے بڑے بھائی کے سپرد کر دی ۔آپؑ کے لیے کھانا ان کے گھر سے آجاتا اور جب وہ ضرور ت سمجھتے کپڑے بنوا دیتے اور آپؑ ان سے جائیداد کی آمدن کا حصہ نہ لیتے تھے۔ لوگوں کو نماز روزے کی تلقین کرتے ۔تبلیغِ اسلام کرتے ۔غریبوں مسکینوں کی خبر رکھتے ۔ جو کھانا آتا اسی کو غرباء میں بانٹ دیتے ۔

حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ اوائل میں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام گوشہ ٔتنہائی میں رہتے تھے اور رات کا بڑا حصہ عبادت میں گزارتے تھے۔ان ایام میں آپؑ بھُنے ہوئے چنے اور ریوڑیاں ملا کر استعمال کیا کرتے تھے اور یہ بطور شوق کے نہیں تھا بلکہ اس لیے کہ نیند کا وقت ٹل جائے ۔اور بعض اوقات اس وجہ سے کہ آپؑ اپنا کھانا چونکہ دوسروں کو دے دیا کرتے تھے اس لیے آپؑ چنوں پر گزارہ کر لیتے تھے۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے،کھانے کے متعلق مَیں اپنے نفس میں اتنا تحمل پاتا ہوں کہ ایک پیسے پر دو دو وقت بڑے آرام سے بسر کر سکتا ہوں ۔ایک دفعہ میرے دل میں آیا کہ انسان کہاں تک بھوک برداشت کر سکتا ہے۔اس کے امتحان کے لیے چھ ماہ تک میں نے کچھ نہ کھایا۔ کبھی کوئی ایک آدھ لقمہ کھا لیا اور چھ ماہ کے بعد مَیں نے اندازہ کیا کہ چھ سال تک بھی یہ حالت لمبی کی جا سکتی ہے۔ میں وہ دو وقت کی روٹی دو تین مسکینوں میں تقسیم کر دیتا اس حال میں نماز پانچ وقت مسجد میں پڑھتا اور کوئی میرے آشناؤں میں سے کسی نشان سے یہ پہچان نہ سکا کہ مَیں نےکچھ نہیں کھایا ۔

حضور انور نے صراحت فرمائی کہ حضرت مسیح موعودؑ نے ایک جگہ یہ بھی فرمایا ہے کہ میری جماعت کےلوگ اس طرح نہ کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے مجھے خاص طاقت دی تھی ۔چنانچہ آپؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے چھ ماہ تک متواتر روزے رکھے۔

حضرت مصلح موعود ؓ فرماتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام جب کھانا کھایا کرتے تو بمشکل ایک پھلکا کھاتے اور جب اٹھتے تو روٹی کے ٹکڑوں کا بہت سا چورا آپؑ کے سامنے سے نکلتا ۔آپؑ کی عادت تھی کہ روٹی توڑتے اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرتے جاتے۔پھر کوئی ٹکڑا اٹھا کر منہ میں ڈال لیتے اور باقی ٹکڑے دسترخوان پر رکھتے ۔معلوم نہیں کہ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام ایسا کیوں کرتے تھے مگر کئی دوست کہا کرتے تھے کہ حضرت صاحبؑ یہ تلاش کرتے ہیں کہ ان روٹی کے ٹکڑوں میں سے کون سا تسبیح کرنے والا ہے اور کون سا نہیں۔

جب اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ زمین و آسمان کی ہر چیز تسبیح کر رہی ہے تو اس کا یہی مطلب ہو سکتا ہے کہ اے لوگو !تم اس تسبیح کو سنو ۔جب ہم کہتے ہیں کہ چاند نکلا تواس کا مطلب یہ ہوا کرتا ہے کہ لوگ آئیں اور دیکھیں ۔یا جب ہم کہتے ہیں کہ فلاں شخص گارہا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ چلو چلو اور اس کا راگ سنو۔اسی طرح جو خدا تعالیٰ کہتا ہے کہ زمین و آسمان کی ہر چیز تسبیح کر رہی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ تم اس تسبیح کو سنو ۔اس سے معلوم ہوا کہ یہ تسبیح ایسی ہے جسے ہم سن بھی سکتے ہیں۔ایک سننا توادنیٰ درجے کا ہے اور ایک اعلیٰ درجے کا ۔اس لیے مومن کو یہ کہا جاتا ہے کہ جب وہ کھانا شروع کرے تو بسم اللہ الرحمٰن الرحیم کہے۔کھانا ختم کرے تو الحمدللہ کہے۔کپڑا پہنے یا کوئی اَور نظارہ دیکھے تو اسی کے مطابق تسبیح کرے۔گویا مومن کا تسبیح کرنا کیا ہے ،وہ ان چیزوں کی تسبیح کی تصدیق کرنا ہے۔

ایک مجلس میں حضرتؑ نے فرمایاکہ

ایک سال سے زیادہ کاعرصہ گزرا ہے کہ مَیں نے گوشت کا منہ نہیں دیکھا ۔اکثر مسّی روٹی ،آچار اور دال کے ساتھ کھا لیتا ہوں ۔آج بھی آچار کے ساتھ روٹی کھائی ہے۔

حضرت مسیح موعودؑ کے کھانے کے طریق کے متعلق حضور انور نے ایک روایت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حضورؑ روٹی کو پکڑ کر دو چار ٹکڑے کر دیتے۔پھر ان کو نہایت باریک گولیوں کی شکل میں بنا کر ان میں سے ایک آدھ منہ میں ڈال لیتے ۔

سرسری نظر سے تو یہ معلوم ہوتا تھا کہ حضورؑ خوب کھا رہے ہیں مگر غور کے ساتھ دیکھنے سے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ حضور ؑصرف چند دانے کھاتے ہیں۔جب حضورؑ کھانا کھا رہے تھے تو دائیں بائیں دوستوں کو بار بار فرماتے تھے اَور کھائیے۔اَور لیجیے۔یہ کھائیے۔

حضرت شیخ عبدالوہاب صاحب نَو مسلم ؓبیان کرتے ہیں کہ حضورؑ نے ایک مرتبہ شہتوت منگوا کر درختوں کے سائے کے نیچے خدا م کے ساتھ مل کر کھائے۔بڑی بےتکلّف مجلس تھی۔

حضرت ام المومنینؓ فرماتی تھیں کہ میں پہلے پہل جب دہلی سے آئی تو مجھے معلوم ہوا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو گُڑ والے چاول بہت پسند تھے۔چنانچہ مَیں نے شوق سے اور اہتمام سے میٹھے چاول پکانے کا انتظام کیا ۔تھوڑے سے چاول منگائے اور ان میں چار گنا زیادہ گُڑ ڈال دیا ۔ جب مَیں نے چاول چولہے سے اُتارے اور برتن میں نکالے تو اسے دیکھ کر مجھے بڑا سخت رنج ہوا کہ یہ تو خراب ہو گئے ہیں ۔اِدھر کھانے کا وقت ہو گیا ۔ حیران تھی کہ اب کیا کروں ۔حضور انور نے وضاحت فرمائی کہ اب یہ نہیںکہ کئی قسم کے کھانے پک رہے تھے۔ اگر گُڑ کے چاول پکائے تھے تو وہ گُڑ کے چاول ہی تھے۔ اَور کوئی سالن ،روٹی وغیرہ نہیں تھی۔ اتنے میں حضرت صاحب ؑآگئے ۔میرے چہرے کو دیکھا جو رنج اور صدمے سے رونے والا بنا ہوا تھا ۔آپؑ دیکھ کر ہنسے اور فرمایا کیا چاول اچھے نہ پکنے کا افسوس ہے؟ پھر فرمایا کہ نہیں، یہ تو بہت اچھے ہیں ۔میرے مذاق کے مطابق ہیں۔ایسے زیادہ گُڑ والے چاول مجھے پسند ہیں اور بہت خوش ہو کے کھائے ۔آپؓ فرماتی تھیںکہ حضرت صاحب ؑنے مجھے خوش کرنے کی اتنی باتیں کہیں کہ میرا دل بھی خوش ہو گیا ۔

حضور انور نے یہ روایت بیان کرنے کے بعد فرمایا کہ آج کل کے جھگڑوں میں یہ باتیں بہت سامنے آتی ہیں کہ ہماری بیوی کو کھانا پکانا نہیں آتا یا کھانا غلط پکایا ہے۔ ایسے لوگوں کو بھی اپنے دلوں میں نرمی پیدا کرنی چاہیے اور بلا وجہ ناراضگیوں کو طول نہیں دینا چاہیے۔نہ ہی گھروں میں جھگڑے ہونے چاہئیں۔

ایک دفعہ حضرت حافظ حامد علی صاحبؓ حضور ؑکو کھانا دینا بھول گئے۔بارہ بجے کے قریب جب دن ڈھلنے کو آیا تو حامد علی صاحبؓ نے آ کر حضرت صاحبؑ سے عرض کیا کہ حضور! کھانا ختم ہو گیا ہے اور مجھے یاد نہ آیا کہ حضورؑ نے کھانا تناول نہیں فرمایا ۔اب یاد آیا ہے۔حضور ؑحکم دیں تو کھانا دوبارہ تیار کر لیا جائے۔ فرمایاکہ کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ڈبل روٹی اور دودھ لے آؤ ،مَیں وہی کھا لوں گا۔ فوراًحافظ حامد علی صاحبؓ ڈبل روٹی اور دودھ لینے کے لیے گئے ۔ڈبل روٹی تو مل گئی مگر دودھ نہیں ملا۔ فرمایا کہ پانی کے ساتھ لے آؤ۔حضورؑ نے ڈبل روٹی کو پانی میں بھگو کر کھا لیا۔

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ گرداسپور کے کرم دین والے مقدمے کے دوران ہم سب خدام حضورؑ کے ساتھ کچہری چلے گئے۔حضورؑ نے فرمایا کہ کھانا کچہری ہی آجائے ۔ جس وقت ہم پہنچے اس وقت حاکم نے حضرتؑ کو طلب کر لیا ۔پیچھے سے کھانا آگیا ۔سب لوگوں نے کھانا کھا لیا اور حضرت صاحبؑ کا انتظار نہیں کیا ۔حضورؑ کا کھانا باقی رکھ چھوڑا ۔بارہ بجے کے قریب لاہور کی جماعت آگئی اورجو کھانا حضورؑ کے لیے رکھا تھا وہ ان لوگوں نے کھا لیا ۔حضورؑ دو بجے کے قریب اندر سے تشریف لائے تو لوگوں نے کہا کہ حضور ؑکا کھانا لاہور کی جماعت نے کھا لیا ہے ۔اگر حکم ہو تو اَور کھانا تیار کرلائیں۔حضورؑنےفرمایا کہ کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اب شام میں تھوڑی ہی دیر ہے۔ شام کو کھالیں گے۔اب تھوڑا سا مصری کی شربت پی لوں گا ۔چنانچہ حضورؑ نے شربت پیا اور اسی طرح دن بسر کر دیا۔

ایک ہندو تھے انہوں نے کسی سے سن لیا تھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام پلاؤ کھاتے اور بادام روغن استعمال کرتے ہیں۔وہ حضرت خلیفہ اوّل ؓکو کہنے لگا :مولوی صاحب !ایک بات پوچھنی ہےکہ بادام ، پلاؤ کھانا جائز ہے ۔حضرت خلیفہ اولؓ نے فرمایا کہ ہمارے مذہب میں یہ چیزیں کھانی جائز ہیں۔ وہ کہنے لگا: جی فُقرا ںنووی جائز ہے؟ یعنی جو یہ بزرگ ہوتے ہیں کیا ان کے لیے بھی ان چیزوں کا کھانا جائز ہے ؟ فرمانے لگے کہ ہمارے مذہب میں فقیروں کے لیے بھی یہ جائز چیز ہے۔وہ کہنے لگا کہ اچھا جی اور یہ کہہ کر خاموش ہو گیا ۔

حضرت مصلح موعودؓ بیان فرماتے ہیں کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام پر لوگوں نے اعتراض کیا کہ حضور ؑمیں سادگی اور فقر نظر نہیں آتا ۔مجھے یاد ہے گا خلیفہ اولؓ ان لوگوں کو یہ جواب دیا کرتے تھے کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے الہام میں سلیمانؑ کے نام سے بھی تو یاد فرمایا ہے اور وہ بادشاہ تھے۔پس اگر حضورؑ میں حضرت سلیمانؑ کے حالات نہ پائے جائیں تو حضور ؑکا یہ الہام غلط ٹھہرے گا ۔حضور کو اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کا رنگ عطا فرمایا تھا ۔حضور میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سی سادگی بھی تھی اور سلیمانؑ کے حالات بھی حضورؑ میں نظر آتے تھے۔

حضور انور نے اپنے خطبہ میں بیان کردہ واقعات کے حوالے سے فرمایا کہ

یہی سادگی اور عاجزی آپؑ ہم میں بھی دیکھنا چاہتے تھے ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ان کو اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

بعد ازاںحضور انور نے ایک مرحوم کا ذکر خیر کرتے ہوئے فرمایا کہ نماز کے بعد ایک جنازہ غائب ہو گا۔

عبدالحٔی وقار صاحب مربی سلسلہ

مبارک احمد صاحب ڈوگر معلم سلسلہ کے بیٹے تھے ۔یہ نارووال کے رہنے والے تھے اور آج کل ربوہ میں تھے ۔ایکسیڈنٹ کی وجہ سے پچیس سال کی عمر میں ان کی وفات ہو گئی ۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے۔ پسماندگان میں والدین اور ایک چھوٹی ہمشیرہ ہے ۔ ان کے والد معلم سلسلہ ہیں۔۳۳؍سال سے جماعت کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کے خاندان میں احمدیت ان کے پڑدادا محمد بوٹا صاحب کے ذریعے سے آئی جنہوں نے قادیان میں۱۹۰۳ء کے جلسے میں شامل ہو کر حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی بیعت کی تھی ۔مرحوم ۲۰۲۴ء میں جامعہ احمدیہ ربوہ سے شاہد کر کے فارغ ہوئے اور آج کل ردّ دہریت میں تخصّص کر رہے تھے ۔مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ میں معاون معتمدکے طور پر بھی کام کر رہے تھے ۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتہائی منکسرالمزا ج ،ملنسار ،خوش اخلاق تھے۔ گھر میں کبھی کسی فرد کو کسی دوسرے کے متعلق شکوہ نہیں کرنے دیتے تھے بلکہ انہیں اپنی اصلاح کی طرف توجہ دلاتے تھے۔کوئی شکوہ کرنے لگتا تو کہتے اپنی اصلاح کر لو دوسرا ٹھیک ہو جائے گا ۔انتہائی سادگی پسند اور نفیس تھے۔ جو بھی الاؤنس ملتا اس میں گزارہ کرتے تھے۔

مرحوم کے والد صاحب کہتے ہیں کہ گمنام رہ کر کام کرنا اس کے نمایاں اوصاف میں سے ایک وصف تھا اور واقفِ زندگی ہونے کا ہر آن ا سے خیال رہتا تھا۔ حضور انور نے فرمایا کہ یہی خاص امتیاز ہے جو ہر واقف زندگی میں ہونا چاہیے ۔

ان کی والدہ ناصر صاحبہ کہتی ہیں کہ عبدالحٔی نہایت ذہین اور صبر والا بچہ تھا ۔دوستوں کی خدمت کرنا اس کے نمایاں او صاف میں سے تھا ۔دوسروں کا غم بانٹنے والا تھا۔ جب بھی گھر آتا تومجھے کوئی کتاب نکال کر دیتا کہ اس کا مطالعہ کریں اور میرے کاموں میں ہاتھ بٹاتا۔

ان کی بہن عزیزہ لبنیٰ کہتی ہیں کہ میرا بھائی دیر تک دفتر میں کام کر رہا ہوتا تھا اور رات گئے واپس آتا تھا ۔اگر کبھی بھی اس کے پاس مَیں کسی کا شکوہ یا گلا کرتی تو مجھے اس شخص کے مثبت پہلو بتاتا۔مَیںاکثر دیکھتی کہ جتنا مرضی دفتر سے لیٹ آئے سوتے ہوئے دو نفل پڑھ کر سوتا تھا ۔

انعام مبشر صاحب مربی سلسلہ ریسرچ سیل کہتے ہیں کہ بہت ہی پرہیزگار اور جماعت کے لیے مخلص وجود تھے ۔ایک مرتبہ مَیں کسی وجہ سے نماز جمع کر رہا تھا تو عبدالحٔی صاحب نے سنتیں ادا کیں اوراس کے بعدمسجد کی دیوار کے ساتھ بیٹھ گئے ۔مَیں نے عشاء کی نماز ادا کی تومجھے احساس ہوا کہ شاید وہ میرے انتظار میں بیٹھےہیں۔چنانچہ جب مَیں نے نماز ختم کی تو میں نے جا کے اس سے پوچھا کہ آپ بیٹھے ہو خیر ہے ؟کیا کوئی کام ہے ؟عبد الحٔی نے کہا کہ میری تخصّص کی کلاس شروع ہونے والی ہے اور اس میں کافی وقت باقی ہے اس لیے بجائے وقت ضائع کرنے کے میں نے سوچا کہ مسجد میں بیٹھ کر تسبیحات کرتا رہوں ،دعائیں کرتا رہا ہوں ،ذکرِ الٰہی کرتا رہا ہوں۔ثواب کا ثواب ہے اور وقت بھی گزر جائے گا ۔حضور انور نے فرمایا کہ یہ نمونہ ہے ہر واقفِ زندگی کے لیے کہ اگر وقت ہے تو دعائیں اور ذکر الٰہی کریں ناکہ انٹرنیٹ پر ،فون پر اور لیپ ٹاپ پر مصروف ہو جائیں۔اگراس طرح کریں گےتو ہر ایک واقفِ زندگی کے کاموں میں برکت بھی پڑے گی ۔اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت رحم کا سلوک فرمائے۔

٭…٭…٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button