افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے لنسر (LUNSAR) ریجن میں دو مساجد کا با برکت افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 22؍ جون 2019ء کو جماعت احمدیہ سیرالیون کو لنسر (LUNSAR) ریجن میں دو مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذلک۔

دونوں مساجد کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم رانا بابر شہزاد صاحب، ریجنل مبلغ لنسر ریجن کو حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔ہر دو مساجد کے افتتاح کی تقریب کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج سیرالیون محترم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب تھے۔

ان مساجد اور پروگراموں کے افتتاح کی مختصر روئداد ذیل میں درج ہے۔

مسجد بشیر OLD TOWN LUNSAR

یہ مسجد OLD TOWN LUNSAR کی مرامپا چیفڈم (MARAMPA CHIEFDOM)میں احمدیہ مسلم پرائمری سکول میں تعمیر کی گئی۔ مسجد کا سنگ بنیاد احمدیہ مسلم سکول کے ہیڈ ٹیچر MR. A O BAH نے ستمبر 2018ء میں رکھا۔

مسجد کی تعمیر کے لیے رقم مکرم رانا بابر شہزاد صاحب، ریجنل مبلغ لنسر ریجن کے خاندان نے اپنے دادا جان مرحوم مکرم چوہدری بشیر احمد صاحب آف رائے پور، سیالکوٹ کی طرف سے عطیہ کی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے ازراہ شفقت اس مسجد کا نام ’’مسجد بشیر‘‘ عطا فرمایا۔

جیسا کہ ذکر ہو چکا ہے کہ یہ مسجداحمدیہ مسلم پرائمری سکول میں تعمیر کی گئی ہے۔مسجد کا کل مسقف احاطہ 30×40 فٹ ہےاور اس میں 200نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیر پر کل 55؍ملین لیونز خرچ ہوئے۔

افتتاحی تقریب:

سادگی کے ساتھ منعقد ہونے والے اس مسجدکے افتتاح کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن 11؍ بجےتلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ PA FODAY MANGAY نائب صدر جماعت نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا۔ آپ نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف کروایا اور مساجد کی تعمیر اور نماز باجماعت کی اہمیت بیان فرمائی۔ پیراماؤنٹ چیف PC KOBLO QUEEN II نے (جو احمدی ہیں )مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے دعا کے ساتھ مسجد کا باقاعدہ افتتاح کروایا۔ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا

اس بابرکت تقریب میں ایک پیراماؤنٹ چیف، ایک ممبر آف پارلیمنٹ HON. ABDUL KARIM KOROMA، موصوف اللہ کے فضل سے احمدی ہیں، ریجنل ڈپٹی چیف امام، پورٹ لوکو ڈسٹرکٹ، BOYA CHIEFDOM کے چیف امام، صدر خدام الاحمدیہ سیرالیون مولوی ابو بکر منیر یوسف صاحب، 10 غیر ازجماعت امام، اور 24 جماعتوں کے نمائندوں سمیت کل 275 افراد نے شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔

مسجد کی تعمیر سے قبل جب اس جگہ پر عارضی نماز گاہ بنائی گئی تو علاقہ کے غیر از جماعت احباب نے اس کے قیام پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا کہ وہ جماعت اور اس کی تعلیمات سے آگاہ نہیں ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ یہاں کوئی مسجد بنے۔ مگر جب ان سے باقاعدہ ملاقات کر کے انہیں جماعت کا تعارف اور مسجد کی تعمیر کے اغراض و مقاصد بتائے گئے تو وہ مطمئن ہوگئے اور مسجد کی تعمیر کی اجازت دے دی۔ اب الحمد للہ ان میں سے کئی احباب جماعت میں شامل ہوچکےہیں اور فعال ممبر ہیں۔

MTA AFRICA اورLUNSAR COMMUNITY RADIO اورAHMADIYYA MUSLIM RADIO کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

2.احمدیہ مسجد EYE CLINC JUNCTION, LUNSAR REGION

سنگِ بنیاد:

مسجد کا سنگ بنیاد LUNSAR ریجن کے صدر جماعت MR. ABU BAKAR SIDDIKI KABIA نے اپریل 2019ء میں رکھا۔ یہ مسجد بھی LUNSARریجن کی مرامپا چیفڈم (MARAMPA CHIEFDOM) میں تعمیر کی گئی ہے۔

مسجد کی تعمیر کے لیے رقم حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت سے ہیڈ کوارٹرنے فراہم کیے۔ مسجد کا کل رقبہ ایک ٹاؤن لاٹ ہے اور یہ جگہ ایک مقامی خاندان نے مسجد کے لیے پیش کی۔مسجد کا کل مسقف احاطہ 30×40 فٹ ہےاور اس میں 200نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیر پر 53؍ ملین لیونز خرچ ہوئے۔

مسجد کی باقاعدہ عمارت کی تعمیر سے قبل جب یہ جگہ عارضی طور پر نماز کے لیے استعمال ہورہی تھی تب تبلیغی جماعت کے بعض لوگ اس خاندان اور علاقہ کے لوگوں کے پاس آئے اور یہ جھوٹا پراپیگنڈا کیا کہ احمدیہ جماعت کے لوگ تو اصل میں عیسائی ہیں اور آپ کو ان کو مسجد کی تعمیر کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ اس موقع پر موجود ہمارے لوکل امام نے ان کو اس عارضی مسجد میں آنے اور بیٹھ کر بات کرنے کی دعوت دی مگر وہ اس پر آمادہ نہ ہوئے۔ ان کی ان باتوں نے مقامی لوگوں کو تذبذب میں ڈال دیا تھا۔ اس پر ریجنل مبلغ مکرم رانا بابر شہزاد صاحب ایک وفد کے ہمراہ ان لوگوں سے ملے اور جماعت کا مکمل تعارف کروایا۔ چنانچہ اللہ کے خاص فضل سے اس ملاقات کے نتیجہ میں علاقے کے لوگ مطمئن ہو گئے۔ اور جب تبلیغی جماعت والے دوبارہ ان کے پاس آئے تو مقامی لوگوں نے ان پر واضح کردیا کہ ہم جماعت کی تعلیمات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور احمدیہ جماعت ہی حقیقی مسلمان ہے۔ اور ہم بھی اللہ کے فضل سے احمدی ہیں۔

افتتاحی تقریب:

مسجد کے افتتاح کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے قبل از نماز ظہر ہوا۔ اس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب کے بعد دعا کے ساتھ مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور حاضرین نے مسجد میں نماز ظہر باجماعت ادا کی۔

اس بابرکت تقریب میں6؍غیر از جماعت اماموں سمیت کل 180؍ افراد نے شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔

MTA AFRICA اورLUNSAR COMMUNITY RADIO اورAHMADIYYA MUSLIM RADIO کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(رپورٹ:عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button