سالانہ تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانامنعقدہ ۲؍مئی۲۰۲۶ء بروزہفتہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کا ۱۰واں سالانہ کانووکیشن ۲؍مئی ۲۰۲۶ء بروزہفتہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس جامعہ کی بنیاد ۲۰۱۲ء میں امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے بابرکت دور خلافت میں رکھی گئی تھی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا کے مختلف ممالک سے طلبہ تحصیل علم کے ليے یہاں آتے ہیں اور فارغ التحصیل ہونے کے بعد مختلف ممالک میں خدمات سلسلہ بجا لاتے ہیں۔ اس سال ۱۰؍ممالک کے ۴۵؍طلبہ میدان عمل میں جارہے ہیں۔ ان ممالک کے نام یہ ہیں:گھانا، نائیجیریا، یوگنڈا، گیمبیا، تنزانیہ، لائبیریا، سیرالیون، ماریشس، روانڈا اور کینیڈا۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کلاس کے فارغ التحصیل ہونے کے بعد جامعہ احمدیہ کی اس شاخ سے ۲۸؍ممالک کے کل ۲۴۱؍طلبہ شاہد کی ڈگری لے کرفارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ ان ممالک کے نام اور مبلغین کی تعداد مندرجہ ذیل ہے:


محض خدا تعالیٰ کے فضل اور احسان سے امسال جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے کانووکیشن کی یہ تاریخی تقریب جامعہ احمدیہ یوکے، جرمنی، کینیڈا اور انڈونیشیا کے مشترکہ کانووکیشن کے ساتھ ہوئی جس کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت منظوری عطافرمائی تھی۔ اس تقریب میں جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل کوگھانا سے دو طرفہ مواصلاتی رابطے کے ذریعےشامل کیا گیا تھااور یہ پروگرام بذریعہ MTAبراہ راست تمام دنیا میں نشر کیا گیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تلاوت قرآن کریم اورنظم کے بعد جامعہ انڈو نیشیا کی رپورٹ کے بعد جامعہ گھانا کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے ليے موقع دیا جسےپیش کرنے کی سعادت مکرم فرید احمد نوید صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کو حاصل ہوئی۔ دیگر جامعات کی رپورٹ پیش ہونے اور اسناد کی تقسیم کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ان پانچوں جامعات میں موجود حاضرین سے خطاب فرمایا اوروقف زندگی کے تقاضے اور ان کی اہمیت کے حوالے سے بہت اہم نصائح فرمائیں۔ دوران خطاب طلبہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت نصائح کو براہ راست سنا اور ان کے نوٹس بھی ليے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ بعدازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اجتماعی دعا کروائی۔


حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے دعا کے بعد جماعت احمدیہ گھانا کے قائم مقام امیر مکرم عبدالوہاب عیسیٰ صاحب نے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں اور طلبہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی تعمیل میں بہترین واقفین زندگی بننےکی تلقین کی۔ اس تقریب میں نائب امراء، ممبران مجلس عاملہ، صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ، نائب صدر صاحب مجلس انصار اللہ، ریجنل صدرو مشنری سنٹرل ریجن نیز مقامی جماعتی عہدیداران اور دیگرمعززین بھی موجود تھے۔



تقریب کے اختتام پر گروپ فوٹو لیا گیا اور نماز ظہر و عصر ادا کرنے کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے ساتھ یہ پروگرام اختتام کو پہنچا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: مرزا خلیل احمد بیگ، انچارج اکیڈیمکس جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لتھوانیا کا تیسرا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء



