اطلاعات و اعلانات
اعلان نکاح
٭…نہایت ہی خوشی سے تحریرہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ 25 فروری 2022ء کو احمدیہ مسجد نیروبی میں مکرم و محترم ملک بشارت احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیروبی ریجن نے عزیزہ مکرمہ نائلہ طارق صاحبہ بنت مکرم و محترم مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا کے نکاح کا اعلان عزیزم مکرم مظہر اقبال صاحب ابن مکرم و محترم ظفر اقبال صاحب آف ٹورانٹو کینیڈا کے ساتھ مبلغ چالیس ہزار کینیڈین ڈالرز حق مہرپر کیا۔ عزیزہ مکرمہ نائلہ طارق صاحبہ مکرم و محترم حاجی عبدالرشید صاحب دارالعلوم ربوہ کی پوتی اور مکرم چودھری محمد صادق صاحب مرحوم سابق اکاؤنٹنٹ وکالت تبشیر تحریک جدید ربوہ کی نواسی ہیں اورعزیزم مکرم مظہر اقبال صاحب ویسٹن ساؤتھ نارتھ یارک ٹورانٹو میں نائب قائد مجلس خدا م الاحمدیہ ہیں اور ان کے والد محترم جناب ظفر اقبال صاحب اسی حلقہ میںزعیم انصار اللہ کے طور پر خدمات کی توفیق پا رہے ہیں ۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس رشتہ کو ہر لحاظ سے دونوں خاندانوں کے لیے مبارک فرمائے اور دینی و دنیاوی حسنات سے نوازے آمین۔
اعلان ولادت
٭…محمد اشرف ضیاء صاحب نیشنل پریذیڈنٹ و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ آسڑیاتحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ نے اپنے بے پایاں فضل وکرم کے ساتھ مورخہ 17؍مارچ 2022ء کو خاکسار کے چھوٹے بیٹے عزیزم آدرش اشرف مقیم (Bensheim)جرمنی کو پہلی بیٹی سے نوازا ہے۔ بچی کا نام ’’عنایہ آدرش اشرف‘‘ تجویز ہوا ہےاور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت بچی کو ’’وقف نو ‘‘ کی بابرکت تحریک میں قبول فرمایا ہے۔
نومولودہ محترم خواجہ عبد العزیز مرحوم سابق صدر جماعت احمدیہ گرمولہ ورکاں ضلع گو جرانوالہ کی پڑ پوتی اور پڑنواسی، اور محترم خواجہ محمد اسلم صاحب ساکن میری لینڈ امریکہ کی نواسی ہے۔
بچی کے تایاعزیزم نورالدین اشرف مربی سلسلہ عالیہ احمدیہ کو بھی جرمنی میں خدمت دین کی توفیق مل رہی ہے۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچی کو نیک صالح، خادم دین اور قرۃ العین بنائےاور دین و دنیا کی حسنات سے نوازے۔آمین
سانحہ ارتحال
مکرم ڈاکٹر فاتح الدین احمدصاحب واقف زندگی احمدیہ ہسپتال کینیما سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم چودھری ناصر احمد صاحب ابن چودھری محمد حسین صاحب مرحوم بعمر78 سال کینیڈا میں وفات پا گئے ہیں۔ اناللہ و انا الیہ راجعون ۔آپ کا تعلق دھیرکے کلاں ضلع گجرات سے تھا ۔آپ کے دادا جان چودھری علی محمد صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام تھے۔
مورخہ 22 مارچ 2022ء کو مکرم عبد الرشید انور صاحب مبلغ انچارج کینیڈا نے جنازہ پڑھایا اور مورخہ 23 مارچ کو احمدیہ قبرستان برامپٹن میں تدفین ہوئی جس کے بعد مکرم مرزا محمد افضل صاحب (مربی سلسلہ) نے دعا کروائی۔
آپ نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے، دو پوتے اور تین پوتیاں یادگار چھوڑے ہیں۔ خاکسار کے علاوہ چھوٹے بیٹے مکرم وحید الدین احمد صاحب پیس ویلج کینیڈا میں مقیم ہیں۔آپ پاکستان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر اٹھارھویں گریڈ سے ریٹائرڈ ہوئے اور گذشتہ 5 سال سے کینیڈا میں مقیم تھے۔ آپ ایک مخلص احمدی ہونے کے ساتھ ساتھ اعلی اخلاق کے مالک انتہائی شریف النفس انسان تھے۔ چندوں میں ہمیشہ باقاعدہ رہے۔ جماعتی اور تنظیمی سطح پر مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق ملی۔ ایک لمبا عرصہ قائد مجلس خدام الاحمدیہ اور جماعتی آڈیٹر رہے۔ آپ ایمانداری کی ایک مثال تھے۔ اپنے اور غیر دونوں آپ کی ایمانداری کی گواہی دیتے ہیں۔
خاکسار سیرالیون میں میدان عمل میں خدمت کی توفیق پارہا ہےجس پر فخر کیا کرتے تھے۔ اور خاکسار کو ہمیشہ خلافت احمدیہ کی اطاعت و محبت، وقف اور وصیت کو نبھانے اور اس کا حق ادا کرنے کی تلقین کرتے۔ جماعتی عہدیداران، مربیان و واقفین زندگی اور بزرگان کا بصد احترام کرتے اور ہدایت کرتے کہ یہ خلیفۂ وقت کے ہمہ وقت نمائندے ہیں اس لیے عزت سے پیش آئیں۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والد محترم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ نیز خاکسار ان تمام احباب کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے اس صبر آزما گھڑی میں تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء