افتتاح مسجد صادق، جماعت کریزوکوئے، آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ (Côte d’Ivoire) کو مورخہ 19؍جون 2022ء بروزاتوار کریزوکوئے (Krezoukoé) گاؤں ریجن اومے (Oumé) میں واقع نئی تعمیر کردہ مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔
مختصر تاریخ
کریزوکوئے گاؤں میں جماعت احمدیہ کا قیام 2008ء میں ہوا۔ تبلیغ کے ذریعے گاؤں کی اکثریت بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہوگئی نیز پہلے سے موجود ایک چھوٹی مسجد، جو کہ تعمیر کی جارہی تھی، جماعت کو دے دی گئی۔ اس مسجد کی تکمیل کے لیے بعدازاں کچھ مدد بھی کی گئی۔ تاہم کچھ عرصہ بعد مقامی امام نے جو کہ بیعت کر چکے تھے جماعت احمدیہ سے علیحدگی اختیار کر لی اور مسجد پر بھی قبضہ کرلیا۔ لیکن کئی ایک لوگ بفضل خداتعالیٰ احمدیت پر قائم رہے اور لمبا عرصہ مسجد نہ ہونے کے باوجود بھی علیحدہ احمدی معلم سلسلہ کے پیچھے نماز پڑھتے رہے۔
سال 2016ء میں جماعت کو اس گاؤں میں 2400 مربع میٹر جگہ خریدنے کی توفیق ملی۔ مسجد کی تعمیر کے مراحل کا آغاز 2016ء میں کیا گیا تاہم 07؍دسمبر 2017ء کو جماعتی جگہ میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب تھے۔ مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ نے اس تقریب کے انتظامات کیے۔ پروگرام سنگ بنیاد کے بعد اس مسجد کی تعمیر کا کام جاری رہا اور دوران سال ماہ جون میں اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ علی ذلک
تعارف مسجد
مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعا اور مسجد کے نام کے لیے درخواست کی گئی جس پر حضور انور نے ازراہِ شفقت مسجد کا نام ’’مسجد صادق‘‘ عطا فرمایا۔ اس دو منزلہ مسجد کا کل رقبہ 288 مربع میٹر پر مشتمل ہے۔ زمینی منزل پر 135 مربع میٹر کا ہال برائے جماعتی پروگرامز جبکہ پہلی منزل پر16 میٹر لمبا اور 18 میٹر چوڑا مسجد کا ہال برائے نماز تعمیر کیا گیا ہے۔ مسجد کی چھت پر گنبد بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ مسجد کے ساتھ ہی مینارہ نیز دوسری جانب چار بیوت الخلاء کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ جبکہ ملحقہ جگہ پر ایک کنواں بھی کھدوایا گیا ہے تاکہ مسجد کے غسل خانہ میں پانی کے حصول میں آسانی رہے۔ اس مسجد میں اندازاً 500 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ مسجد کی تعمیر میں23.5 ملین فرانک سیفا سے زائدرقم خرچ ہوئی۔ مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ کی فیملی کی تعمیرِ مسجد کی خواہش و درخواست پرازراہ شفقت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے منظوری عنایت فرمائی جس کے بعد اس مسجد کے کل اخراجات ان کی فیملی نےہی ادا کیے۔ جس کا ایک خطیر حصہ ان کے ماموں مکرم سردار احمد سلطان صاحب آف لندن نے ادا کیا۔
اس مسجد کی تعمیر میں وقتاً فوقتاً کئی مبلغین کرام کو خدمت کی توفیق ملی جن میں خود مکرم صادق احمد لطیف صاحب کے علاوہ مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم مبشر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیز وقاص احمد صاحب انجینیر بھی شامل ہیں۔
تقریب افتتاح مسجد
مورخہ 19؍جون 2022ء کو جماعت آئیوری کوسٹ کو مسجد صادق کے افتتاح کی توفیق ملی۔ پروگرام کے انتظامات موجودہ ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم مبشر احمد صاحب نے بجا لائے نیز کونے کریم صاحب معلم سلسلہ نےقرب وجوار میں موجود دیگر مکتبہ فکر کے آئمہ، سرکاری و غیر سرکاری عہدیداران نیز مقامی عوام کو دعوت دی۔ مکرم امیر صاحب آئیور ی کوسٹ مرکزی قافلہ کے ہمراہ پروگرام میں شرکت کے لیے ایک روز قبل ہی تشریف لے آئے تھے۔ چنانچہ مسجد کے افتتاح کے دن کا آغاز باقاعدہ باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم جیالو صدیقی صاحب نے درس بعنوان ’’الٰہی جماعتوں کی تائید اور مختلف رونما ہونے والے واقعات‘‘ پر دیا۔ ناشتہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے مسجد کے کام کا جائزہ لیا۔ ساڑھے دس بجے امیر صاحب نے مع گاؤں کے چیف کے مسجد کی تختی کشائی کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد ریجنل مبلغ سلسلہ نے مقامی روایات کے مطابق مہمان کرام کو استقبالی کلمات پیش کیے۔ بعد ازاں عبدالرحمان وترا صاحب معلم سلسلہ نے تقریر کی جس میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا۔ اسی طرح صدر مجلس انصار اللہ، نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور صدر لجنہ اماءاللہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ بعد ازاں گاؤں کے چیف صاحب، مختلف غیر از جماعت مقامی آئمہ، مقامی چرچ کے پادری صاحب اور دیگر مہمانان سمیت کل 14افراد نےاپنے اپنے مختصر خطاب میں مسجد و جماعت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے بعنوان ’’تعمیر مساجد کی اہمیت‘‘ کی نیز مسجد کے لیے عطیہ کرنے والی فیملی کا بھی خاص شکریہ ادا کیا۔ دعا اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا بعد ازاں شاملین کو طعام پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں شاملین کی کل تعداد 788 رہی۔ الحمد للہ علی ذلک
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والی فیملی کے اموال ونفوس میں بے انتہا برکت عطا کرے نیز انہیں دین و دنیا کے اعلیٰ حسنات سے نوازے۔ اس مسجد کی تعمیر کے مراحل کی خدمت حاصل کرنے والے مبلغین کرام نیز دیگرافراد کوبھی اجر عظیم عطا کرےنیز مقامی افراد کو مساجد کی تعمیر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقویٰ کے ساتھ مسجد کو آباد رکھنے کی توفیق عطا کرے اور جماعت آئیوری کوسٹ کو بھی ترقیات سے نوازے۔ آمین