متفرق شعراء

’’اِک چراغِ آرزو‘‘ مکرم صاحبزادہ مرزا غلام احمد صاحب کی وفات پر

(عبد الکریم قدسی)

(مادۂ تاریخ ’’اِک چراغِ آرزو‘‘)

1439ھ

شہد سے لہجے میں ڈوبی ان کی طرزِ گفتگو

ان کی باتوں سے مہک سی پھیلتی تھی چار سُو

غور سے پڑھتے تھے تحریرِ ضرورت کے

مستحق لوگوں کی کرتے تھے تلاش و جستجو

ان کی پیشانی پہ حُزن و یاس کی سِلوٹ نہ تھی

مسکراہٹ کی ردا اوڑھے رہا وہ ماہ رُو

عزم و ہمّت کی زِرہ بکتر کے آگے کچھ نہ تھی

جس قدر بھی تیز چلتی تھی پریشانی کی لُو

وہ تو منشاءِ خلافت کا شناسا تھا بہت

اس نے رکھی اپنے منصب کی ہمیشہ آبرُو

اس کے ہاں ناپید تھا جھوٹی تسلّی کا خضاب

اس نے کر رکھا تھا گویا صاف گوئی کا وضو

دل کے پھولوں پر پڑی جیسے اُداسی کی پھوار

بجھ گیا ہے آج قدسیؔ ’’اِک چراغِ آرزو‘‘

1439ھ

(عبدالکریم قدسیؔ۔ امریکہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button