متفرق مضامین

تر بیتِ اولا داور انصار اللہ کی ذمہ داریاں(قسط 10 ۔ آخری)

(قرآن و حدیث اورحضرت اقدس مسیح موعود ؑ اورآپ کے خلفاء کرام کے ارشادات کی روشنی میں)

٭ دیندار ساتھی کے لئے دعا کی عا دت اور ساتھی کے انتخاب میں دینداری کو فوقیت دیتے ہوئے مدد کر نا اور عائلی زندگی کے حوالہ سے رہنمائی:

جوانی میں قدم رکھنے والے بچے بچیوں کو مستقبل میں مبارک اور نیک جوڑا ملنے کی دعا کرنے کی بھی نصیحت کرتے رہنا چاہئے۔ حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ فرماتی ہیں:

 ’’خاص تا کید سے حضرت خلیفہ اوّل بار بارمجھے فرماتے کہ دیکھو !اللہ تعالیٰ کے سامنے کوئی شرم نہیں ،تم چھوٹی ضرور ہو مگر خدا سے دعا کرتی رہا کرو کہ اللہ تعالیٰ مبارک اور نیک جوڑا دے۔

یہ بات میرے ساتھ پڑھنے والی دوسری لڑکیوں سے بھی اکثر کہی کہ ابھی سے چپکے چپکے دعائیں کرتی رہا کرو کہ اللہ تم کو نیک جوڑے بخشے ،بالکل نہ شرمانا،اپنے خدا سے ہر گز نہیں شرماتے۔اسی سے تو سب کچھ مانگنا ہے ۔پس لڑکے بھی اور لڑکیاں بھی یہ دعا ضرور کیا کریں۔مگر یہ دعائیں اس لئے ہیں کہ بچے اپنی آئندہ زندگی کے لئے خزانے جمع کریں ۔کہیں نیک جوڑا مانگتے مانگتے ابھی سے خیالی پلاؤ پکانے نہ شروع کر دینا! ابھی ہر گز تمہاری شادی وادی نہیں ہو سکتی،ابھی تم نے قابل بننا ہے۔ انشاء اللہ‘‘

(ملاطفات صفحہ 33,32 )

پس بچوں کو دیندار اور با اخلاق ساتھی سے رشتہ کے لئے دعا کی عادت ڈال کر اس بارے میں بھی دینداری کو فوقیت دیتے ہوئے بوقتِ ضرورت مدد مہیا کرنا والدین کی ذمہّ داری ہے۔

اسی طرح شادی سے پہلے اپنے بیٹے کو یہ سمجھا نا بھی ضروری ہے کہ بیوی سے اُس کا سلوک کیسا ہونا چاہئے۔اُس کی دلجوئی کا کس طرح خیال رکھنا ہے،اس کے رشتہ داروں سے نرمی اور محبت کا کس کس رنگ میں سلوک کیا جائے۔اور اپنی بیٹی کو خاوند کے حقوق ، خاوند کے رشتہ داروں کا خیال اور عائلی زندگی کے اہم معاملات کے بارے میں ہر ممکن رہنمائی مہیا کرنی چاہئے۔

قریباً سب عمر کے بچوںکی تربیت کے لئے بعض اہم امور بچوں سے محبت و پیار:

جس طرح بچوں کے اخلاق کی نگرانی کرنے اور اُنہیں برائیوں سے روکنے کے لئے کسی قدر سختی یا تنبیہ کی ضرورت ہے اسی طرح ان سے پیار کرنا بھی ضروری ہے کیونکہ جو شخص بچے سے پیار نہیں کرتا بچے کو بھی اس سے اُنس نہیں پیدا ہوتا اور جب تک اُنس نہ ہو بچہ پر کبھی اُس کی باتوں کا اثر نہیں ہو گا۔اس لئے بچوں سے پیار اور محبت سے پیش آنابھی نہایت ضروری ہے۔

آنحضور صلی اللہ علیہ و سلم اپنے بچوں کو پیار کرتے ، اُن کو گودی میں اُٹھاتے ،اُن کا دل بہلاتے تھے حالانکہ اُس دَور کے جاہل عربوں کے نزدیک یہ اَمر وقار کے خلاف تھا۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:

 ’’پس انسان کی نیک بختی یہی ہے کہ خدا کو ہر ایک چیز پر مقدّم رکھے۔ جو شخص اپنی اولاد کی وفات پر بُرا مناتا ہے وہ بخیل بھی ہوتا ہے کیونکہ وہ اس امانت کے دینے میں جو خدا تعالیٰ نے اس کے سپرد کی تھی بخل کرتا ہے اور بخیل کی نسبت حدیث میں آتا ہے کہ اگر وہ جنگل کے دریاؤں کے برابر بھی عبادت کرے تو وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ پس ایسا شخص جو خدا سے زیادہ کسی چیز کی محبت کرتا ہے اس کی عبادت نماز، روزہ بھی کسی کام کے نہیں۔‘‘  

( الحکم22 اگست1908ء ،ملفوظات جلد پنجم صفحہ 603)

چنانچہ ہمیں بچوں سے میانہ روی کا برتاؤ کرنا چاہئے۔ یعنی نہ زیادہ نرمی اور نہ زیادہ سختی۔اُن سے ناجائز محبت بھی نہ کی جائے بلکہ محبت اور سرزنش میں حسین توازن کو قائم رکھنے کی کوشش کی جائے۔ حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہاسے ایسی محبت رکھتے اور رحم کا ایسا سلوک فرماتے کہ دیکھنے والے بھی رشک کرتے۔حضرت امام حسن اور حسین رضی اللہ عنہما کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت کوئی ڈھکی چھپی چیز نہ تھی لیکن ان کی تربیت کی خاطر مناسب سلوک فرماتے تھے۔ ایک مرتبہ صدقے کی کچھ کھجوریں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کہیں سے آئیں تو حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ نے ایک کھجور اٹھا کر منہ میں ڈال لی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کے منہ میں انگلی ڈال کر وہ کھجور باہر نکالی اور فرمایا کہ ہم پر اور ہمارے اہل بیت پر صدقہ حرام ہے۔

ہر بچے کو اس کی عمر کے مطابق نصیحت کرتے رہنا:

بچے کی عمر کے مطابق اچھی اچھی باتیں اُسے بتاتے رہنا اور اُس کے ذہن نشین کروانا بڑوں کی ذمّہ داری ہے۔ حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں:

’’اگر ماں باپ اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور وہ بچوں کو اُن کی عمر کے مطابق نصیحت کرتے رہیں تو یہ نصیحتیں انہیں اپنے اوقات کو صحیح طور پر استعمال کرنے اور اعلیٰ تربیت حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہیں …عمر کے ساتھ کچھ مسائل کا تعلق ہوتا ہے اور ما ں باپ کا فرض ہے کہ جیسی عمر ہو ویسی ہی نصیحت کریں ‘‘۔

(خطبات مسرور جلد 30صفحہ 67,66)

بچوں سے عزت کے ساتھ پیش آنا اور اُن کی ضروریا ت پوری کرنا:

بچے کا ادب کریں تو بچہ ماں باپ کا ادب کرتا ہے۔ اگر ادب نہ سکھائیں تو پھر بچہ بے ادب کے طور پر بڑا ہوتا ہے اور بڑے ہو کر بھی پھر ماں باپ کا ادب نہیں کرتا۔بعض نوجوان صرف اس لئے باپ کا مقابلہ کرتے اور نا فرمان بن کر دین و دنیا کی تباہی خرید لیتے ہیں کہ باپ اپنے باپ ہونے کے زعم میں ان سے بات چیت میں وہ سلوک کرتے ہیں جسے بچے اپنے دوستوں کی نگاہ میں باعث ِ ذلّت سمجھتے ہیں۔ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ’’ اَکْرِمُوْا اَوْلَادَکُمْ‘‘کہ اے مومنو! اے میرے ماننے والو! اپنی اولادوں کی عزت و تکریم اور توقیر قائم کرو ،ان کی ذلّت اور رُسوائی کے سامان نہ کرو تاکہ و ہ بھی تمہارے لئے باعث ِ صد افتخار بنیں نہ کہ ذلّت کا باعث۔ مثلاً ایک عام سی بات ہے کہ بعض والدین بچوں کی غلطی پر ان کو دوسرے لوگوں کے سامنے ہی ڈانٹتے ہیں یا تنبیہ کرتے ہیںجس سے ان کی عزتِ نفس مجروح ہوتی ہے۔ حالانکہ ایسا نہیں کرنا چاہئے تاکہ ان کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔ اس کے برعکس اگر بچے سے کوئی غلطی ہو بھی جائے اوّل تو اس کو محبت سے سمجھانا چاہئے اور اگر ڈانٹ ضروری بھی ہو تو علیحدگی میں ڈانٹنا چاہئے اور اس بات کا احساس بھی اُسے ہو کہ میرے والدین میرے ساتھ پیار کرتے ہیں اور میری عزت بھی کرتے ہیں اور یہ بھی محسوس کرے کہ میرے ماں باپ نہ صرف میری عزت کرتے ہیں بلکہ میرے جذبات و احساسات کو اہمیت اور جگہ بھی دیتے ہیں۔

 پس ہمیں اپنی اولاد کا احترام کرنا چاہئے اور اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے اُن کی ضروریات پوری کرنے کی حتی المقدور کوشش کرنی چاہئے۔

ماحول کی نگرانی اور بچوں کی دلچسپیوں پر نظر رکھنا :

حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فر ماتے ہیںکہ دشمن تفریح اور وقت گزاری کے نام پر ہما رے گھروں میں گھس گھس کر ہما ری جما عت کے نوجوانوں اور کمزور طبع لو گو ں کو متاثر کر رہا ہے ، ان میں نقص پیدا کر نے کی بھی کو شش کر رہا ہے ۔ (بحوالہ خطبات مسرور جلد 11صفحہ 675)تمام جدید مواصلاتی ذرائع خدا نے اس لئے بنا ئے ہیں کہ ہم ان کا صحیح استعمال کریں اس لئے انٹر نیٹ اور مو بائل کے غیر ضروری اور غلط استعمال سے گریز کیا جائے ۔والدین نگرانی کریں ۔ ٹی وی دیکھنے کے لئے بھی بچوں کو اکیلے نہ چھوڑ دیا جائے بلکہ ان کی تر بیت کی جائے کہ اخلاق سوز پروگرام نہیں دیکھنے ۔ حضور فرماتے ہیں :

ــ’’بار بار میں والدین کو توجہ دلاتا ہوں کہ اپنے بچوں کے باہر کے ماحول پر بھی نظر رکھا کریں اور گھر میں بھی بچوں کے جو پر وگرام ہیں ،جو ٹی وی پروگرام وہ دیکھتے ہیں یا انٹرنیٹ وغیرہ استعمال کرتے ہیں اُ ن پر بھی نظر رکھیں۔‘‘ (خطبات مسرور جلد 11صفحہ 690)

 پھرماں باپ کو یہ نظر بھی رکھنی چاہئے کہ بچے باہر جاتے ہیں تو کہاں جاتے ہیں ،دوستوں کے ساتھ دوسری کھیلوں یا مشاغل میں مصروف ہوں تو کیا حالات ہیں۔مگرہر وقت یہ نظرعملاً رکھی ہی نہیں جا سکتی۔اس کا ایک بہتر طریق یہ ہے کہ بچے کی دلچسپیوں پر نظر رکھی جائے اور یہ دلچسپیاں گھروں سے دکھائی دیتی ہیں ۔

 حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’یہ ناممکن ہے کہ بچہ گھر میں پہچانا نہ جائے۔اس کا اُٹھنا بیٹھنا،اس کی ٹیلیویژن کے پروگراموں میں دلچسپیاں، اس کی کتابیںخریدنا،اس کی تصویریں بنانا،اپنی دیواروں پر تصویریں لٹکانایاکچھ ماٹو بنا کر لکھتے رہنا۔ یہ ساری ادائیں ہیں جو اس کے دل کا حال بتا رہی ہیں اور ان تصویروں کو پڑھ کر آپ دل کا حال پڑھ سکتے ہیںاور پھر اگر یہ بچہ باہر نکلے گا تو آپ کو پتہ ہے کہ یہ محفوظ ہے یا غیر محفوظ ہے۔وہ بچے جوگھروں میں محفوط نہیں وہ باہر بھی محفوط نہیں ہوا کرتے۔‘‘ (رو ز نا مہ الفضل 8 اگست 1997ء )

 دوسرے بچوں سے سیکھنے والے اخلاق کا پتہ لگاتے رہنا چاہئے کہ کیا سیکھ رہے ہیں۔ اور کوئی بُری بات نظر آئے تو اُسے سرزنش کریں لیکن ایسی بھی سختی نہ ہو کہ پھر بچہ آپ سے چھپ کر بدی کرنے لگے ۔اس لئے یہ نگرانی بھی کرتے رہیں کہ بچہ چھپ کر عیب نہ کرے تا کہ اُس کے عیوب کا پتہ لگتا رہے اور اصلاح کی جا سکے۔

مساوات اور انصاف کا سلوک کرنا:

 بعض بچے ماں باپ کو زیادہ پیارے ہوتے ہیں مگر جو کم پیارے ہیں اُن سے بھی انصاف کا معاملہ کرنا چاہئے اور اس ا رشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو یاد رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور اپنی اولاد سے انصاف اور مساوات کا سلوک کرو۔ایسا نہ کرنے کی صورت میں دیگر خرابیوں کے علاوہ بچے میں حسد کی برائی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

ایک دفعہ ایک صحابیؓ نے اپنے بیٹے کو کوئی قیمتی تحفہ دیا اور اپنی بیوی کی خواہش پر رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کو اس پر گواہ بنانے کے لئے حاضر ہوا۔ آنحضورؐ نے اس سے پوچھا کہ کیا سب بچوں کوایساہی ہبہ کیا ہے۔ انہوں نے نفی میں جواب دیا۔ آپؐ نے فرمایا پھر ظلم کی اس بات پرمَیں گواہ نہیں بن سکتا۔ ( بخاری کتاب الھبۃ باب12) یوں آپؐ نے اولاد میں بھی عدل کرنے کا سبق دیا۔

خود بھی مالی قربانیاں کرنا اور بچوں کو بھی مالی قر با نی کی عا دت ڈالنا:

یہ دونوں باتیں بچوں کی نیک تربیت کے لئے بے حد ضروری ہیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’خدا سے مال کے معاملے میں بدظنی کرنا بہت ہی بڑا گناہ ہے یعنی خدا جب مانگے آپ سے اس وقت آپ کہیں کہ نہیں مجھے ڈر ہے میں کہیں غریب نہ ہو جائوں ۔ بیوقوفی کی بھی حد ہے۔ دیا خدا ہی نے تو ہے اور وہی آپ کو آزما رہا ہے۔ آپ اپنا ہاتھ روکیں توآپ کی خدا کے سامنے کیا حیثیت رہ جائے گی۔ کسی بچے کو آپ پیار سے ٹافیاں دیں، کچھ چاکلیٹ دیں اور اس کے بعد محبت سے کہیں مجھے ایک چاکلیٹ تو واپس کر دو ایک ٹافی تو دو میں بھی کھائوں اور وہ ہاتھ پیچھے کر کے اکڑ کر آپ کے سامنے کھڑا ہو جائے کہ نہ میںتو نہیں دوں گا میری کم ہو جائیں گی۔ کیا آپ کی محبت اس بچے سے ویسے ہی ہوگی جیسی دوسرے بچے سے جس کو آپ نے چند ٹافیاں دی ہوں کھانے کے لئے، ایک مانگیں اور وہ ساری پیش کر دے اور اصرار کرے کہ ابّا آپ نے ضرور لینا ہے۔ دونوں تعلقات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ دونوں سے خون کا ایک ہی طرح کا رشتہ ہے، لیکن وہ جو اپناسب کچھ نچھاور کرنے کے لئے تیار ہے اس کے ساتھ اور قسم کے تعلقات ہوا کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو کبھی خدا اکیلا نہیں چھوڑا کرتا ،کبھی ان پر غربت نہیں آیا کرتی۔ ان کے اموال میں بھی برکت پڑتی ہے،اُن کی نسلوں میں بھی برکت پڑتی ہے۔ اور جو خدا سے ہاتھ روک لیا کرتے ہیں ان کی اولادیں بھی ضائع ہو جایا کرتی ہیں ۔یہ تو میرا تجربہ ہے ساری دنیا میں۔ یعنی ساری دنیا کے احمدیوں پر نظر ڈال کے مَیں جانتا ہوں کہ جو لوگ خدا سے اموال کے معاملہ میں کنجوسی کریں ان کی اولادیں بھی ضائع ہو جایا کرتی ہیں۔ نہ ا نفس رہیں گے نہ اموال رہیں گے۔اس لئے خود اپنی خاطر اگر اور کسی وجہ سے نہ سہی عقل اور ہوش سے خدا کے ساتھ معاملہ کریں۔ وہی رازق ہے، وہی عطا کرنے والا ہے۔ جب وہ دین کی ضرورتوں کے لئے آپ سے مطالبہ کرے تو کھل کر اس کو دیا کریں اور پھر دیکھیں کہ خدا تعالیٰ اُس سے کتنا بڑھ کر آپ کو عطا کرتا ہے۔ ‘‘   

 (خطبہ جمعہ فرمودہ 2ستمبر1988ء بمقام نیروبی، کینیا بحوالہ خطباتِ طاہر جلد 7 صفحہ613،614)

پس ہم جہاں خود مالی قربانیوں میں کسی سے پیچھے نہ رہیں وہاں اپنے بچوں کو بھی بچپن سے ہی اپنے ہاتھ سے چندے،صدقات وغیرہ دینے کی عادت ڈالنا اُن کی تربیت کے لئے نہایت دُور رس نتائج کا حامل ہوا کرتا ہے۔

سالگرہ جیسی رسومات سے اجتناب:

 سالگرہ کی رسم ( یعنی بچے کی پیدائش کا دن منانا اور دعوت پارٹی وغیرہ دینی) مغربی قوموں کی تقلید میں اب ہمارے معاشرے میں بھی پھیلتی جا رہی ہے۔ایسے مواقع پر کثرت سے فضول خرچی کی جاتی ہے اور خوشی کے اس ہنگامہ میں کسی کو یہ خیال تک نہیں گزرتا کہ سالگرہ منانے والے موت سے ایک برس اورقریب ہو گئے ہیں۔چنانچہ ایسے مواقع پر اللہ تعالیٰ کے بے پایاں انعامات پر کسی کے دل میں شاذ ہی شکر کے جذبات پیدا ہوتے ہیں اور وہ دعا کے ساتھ صدقہ خیرات کی طرف توجہ کرتا ہے۔ بچوں کویہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ یہ لغو کے زمرہ میں آتی ہے ، محض مغربی تہذیب کی نقّالی ہے اور اس کا فائدہ کچھ بھی نہیں۔اس کی بجائے والدین اپنے بچے کے ایک سال اور خیریت سے گزرنے پراگر اللہ تعالیٰ کے غریب اور ضرورتمند بندوں کے کپڑوں، تعلیم اور علاج وغیرہ پر خرچ کریں تو قوم کو بھی فائدہ ہو اور اللہ تعالیٰ بھی خوش ہو۔ بچہ بڑا ہو جائے تو یہی کام اگر مناسب طریق پربچے کے ذریعہ سر انجام پائے توبچے کی تربیت پر بھی یقیناً اس کا اچھا اثر پڑے گا۔

 بچوں کی جسمانی صحت کی بہتری کے لئے کوشش کرنا:

بچوں کی تربیت کے لئے ضروری ہے کہ ان کی صحت کا بھی خیال رکھا جائے ،متوازن غذا استعمال کروائی جائے جس میں بالعموم گو شت کم اور سبزیاں زیا دہ ہوں۔ اُن میں صفائی ستھرائی کی عادت پیدا کی جائے۔ بچہ روزانہ کسی کھیل میں شامل ہو یا ورزش کرے۔ آج کل بچے گھروں میں کمپیوٹر اورموبائل فونز وغیرہ پر گیمز کھیلتے رہتے ہیں ۔ والدین اور ذیلی تنظیموں کا فرض ہے کہ بچوں کے لئے صحت مندتفریح کا اہتمام کریں۔

بچے کی بیماری کی صورت میں والدین مستند معالج سے اُس کے فوری علاج کا انتظام کریں اور سال میں کم از کم ایک مرتبہ اُن کا طبی معائنہ بھی ضرور کروایا جائے۔

سیر و تفریح کے علاوہ بچوں کومطالعاتی دورے کروانا:

مختلف مقاماتِ مقدسہ ،صنعتی اور فلاحی اداروں اورتاریخی عمارات وغیرہ کے مطالعاتی دورے کروانا بھی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے نہایت مفید طریق ہے جسے گاہے بگاہے والدین اور عہدیدارانِ مجلس انصار اللہ کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے اوران میں سرِ فہرست زیارتِ مرکز ہے۔لیکن جس مقام کا بھی دورہ کروایا جائے اُس کا تفصیلی پروگرام قبل از وقت تیار کرکے اُس کی مکمل تیاری کا انتظام کر لینا چاہئے ۔دورانِ پروگرام بچوں کے نوٹس لینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پروگرام سے واپس آنے کے بعد اُس کا حال احوال اور بچوں کو اپنے تأثرات لکھنے کی طرف بھی توجہ دلانی چاہئے اور اچھی تحریرات کو اخبارو رسائل میں اشاعت کے لئے بھجوانا بھی یقیناًبچوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے۔

پس اولاد کی تعلیم وتربیت کے اہم فریضہ سے کبھی غافل نہ ہوں۔اپنے عملی نمونے اور دعاؤں کے ساتھ خلافت کے با برکت سایہ کے نیچے رہتے ہوئے اُنہیں اُن ذمہ داریوں کے بار اُٹھانے کے قابل بنائیں جو کل اُن کے کندھوں پر رکھا جانے والا ہے۔کیونکہ آئندہ جماعت کے سپہ سالار وہی ہیں اور وہی دنیا کے رہنما بننے والے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے بچوں کی اس رنگ میں تربیت کرنے کی تو فیق عطا فرمائے تا کہ ہماری نسلیں صحیح تعلیم و تربیت حاصل کر کے بڑی ہو رہی ہوں اور تمام بنی نوع انسان کی خدمت اور رہنمائی کی عظیم ذمہ داریوں کو کما حقہ اٹھانے والی ہوں اور ہماری دنیا اور آخرت بھی سنوارنے والی ہوں۔ آمین

با نی تنظیم انصار اللہ حضرت مصلح مو عودؓ کا یہ ارشاد ہم سب انصار بھا ئیوں کو یا د رکھنے کی ضرو رت ہے کہ :

 ’’یاد رکھو تمہارا نام انصاراللہ ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے مددگار۔گویا تمہیں اللہ تعالیٰ کے نام کی طرف منسوب کیا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ ازلی اور ابدی ہے۔ اس لئے تم کو بھی کوشش کرنی چاہئے کہ ابدیّت کے مظہر ہو جائو۔ تم اپنے انصار ہونے کی علامت یعنی خلافت کو ہمیشہ ہمیش کے لئے قائم رکھتے چلے جائواور کوشش کرو کہ یہ کام نسلاً بعدَ نسلٍ چلتا چلا جاوے اور اس کے دو ذریعے ہو سکتے ہیں۔ ایک ذریعہ تو یہ ہے کہ اپنی اولاد کی صحیح تربیت کی جائے اور اس میں خلافت کی محبت قائم کی جائے۔اسی لئے میں نے اطفال الاحمدیہ کی تنظیم قائم کی تھی اور خدام الاحمدیہ کا کام عمل میں لایا گیا تھا۔ یہ اطفال اور خدام آپ لوگوں کے ہی بچے ہیں۔ اگر اطفال الاحمدیہ کی تربیت صحیح ہوگی تو خدام الاحمدیہ کی تربیت صحیح ہوگی اور اگر خدام کی تربیت صحیح ہوگئی تو اگلی نسل انصاراللہ کی اعلیٰ ہوگی۔ مَیں نے سیڑھیاں بنا دی ہیں۔ آگے کام کرنا تمہارا کام ہے۔ پہلی سیڑھی اطفال الاحمدیہ ہے۔ دوسری سیڑھی خدام الاحمدیہ ہے۔ تیسری سیڑھی انصاراللہ کی ہے۔اور چوتھی سیڑھی خدا تعالیٰ ہے۔ تم اپنی اولاد کی صحیح تربیت کرواور دوسری طرف خدا تعالیٰ سے دعائیں مانگو تو یہ چاروں سیڑھیاں مکمل ہو جائیں گی۔ اگر تمہارے اطفال اور خدّام ٹھیک ہو جائیں اور پھر تم بھی دعائیں کرو اور خدا تعالیٰ سے تعلق پیدا کر لو تو پھر تمہارے لئے عرش سے نیچے کوئی جگہ نہیں اور جو عرش پر چلا جائے وہ بالکل محفوظ ہو جاتا ہے۔ دنیا حملہ کرنے کی کوشش کرے تو وہ زیادہ سے زیادہ سو دو سو فٹ تک حملہ کر سکتی ہے۔ وہ عرش پر حملہ نہیں کر سکتی۔ پس اگر تم اپنی اصلاح کر لو گے اور خدا تعالیٰ سے دعائیں کرو گے تو تمہار ا اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم ہو جائے گا اور اگرتم حقیقی انصار اللہ بن جائو اور خدا تعالیٰ سے تعلق پیدا کرلو تو تمہارے اندر خلافت بھی دائمی طور پر رہے گی۔‘‘ (سبیل الرشاد جلد اول صفحہ114 ،115)

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا انصار بھائیوں کے لئے’’ڈائمنڈ جوبلی ‘‘کے موقع پر خصوصی پیغام جسے ہم سب کو حرزِ جان بنانا چا ہئے

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فر ما تے ہیں :

’’…آپ میں سے بہت سے انصار کے آباء و اجداد کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی ہونے کا شرف حاصل ہوا اور بہت سے ایسے ہیں جن کے بزرگوں نے خلافت احمدیہ کے ابتدائی دور میں شمولیت اختیار کی۔گویا کثیر تعداد ایسے انصار کی ہے جنہوں نے احمدی گھرانوں میں آنکھ کھولی اور احمدیت کے ماحول میں پرورش پائی۔آپ نے اپنے بزرگوں کے طرزِ زندگی کو دیکھا ہوگا۔اُن کی عبادات اور دعاؤں کے طریق دیکھے ہوں گے۔اولاد کو نیکیاں بجالانے اور دین کے خادم بننے کی نصائح کرتے دیکھا ہوگا۔وہ اپنے عقائد کا گہرا علم رکھتے تھے۔ وہ دلائل سے بخوبی واقف تھے اور لوگوں کو حکمت کے ساتھ پیغام بھی پہنچاتے رہتے تھے۔ اُنہیں دینی علم بڑھانے کا بڑا شوق تھا۔اُنہیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتابیں جمع کرنے اور اُن کے مطالعہ کا خاص شغف تھا۔وہ نماز،روزہ کے پابند تھے۔تلاوت میں باقاعدہ اور دعاؤں کے عادی تھے۔وہ بار بار مرکز سلسلہ میں آتے، امامِ وقت سے ملتے،جلسوں اور اجتماعات میں شمولیت کرتے اور اپنی وضع قطع کو دینی تعلیمات کے مطابق بنانے کی کوشش کرتے تھے۔اُن لوگوں نے بیعت کی حقیقت کو سمجھا اور اپنے اندر رُوحانی انقلاب برپا کیا۔

تاریخی اعتبار سے ایک خاص مدت کی تکمیل پر اب آپ کو انصار اللہ کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کی جو توفیق مل رہی ہے تو یہ اس لئے ہے تا کہ آپ کو اپنی تاریخ سے آگاہی ہو، آپ اپنے ماضی پر غور کر سکیں،آپ کو انصار اللہ کی ترقی کے سفر کے بارہ میں معلومات مل سکیں، یہ پتہ چل سکے کہ مالی کمزوریوں اور دیگر نامساعد حالات کے باوجود آپ کے بزرگ نیکی اور خدمتِ دین کے کاموں کے لئے کیسے ہمہ وقت تیار رہتے تھے۔ وہ ہمیشہ اپنے قدم آگے سے آگے بڑھاتے رہے ،کبھی تھکے نہیں،کہیں رُکے نہیں اور نہ کبھی گھبرائے ۔ آپ نے اُن کے نیک نمونوں کو ہمیشہ جاری رکھنا ہے۔اپنے آباء و اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے دینی معیار بلند کرنے ہیں۔ اولاد کی نیک تربیت کرنی ہے،اُنہیں دینیات سکھانی ہے،اُنہیں خلافت سے وابستہ رکھنا ہے،اُنہیں ایم ٹی اے پر خلیفہ ٔ وقت کے خطبات اور تقاریر سنانی ہیں۔ اُن سے خلیفہ ٔ وقت کو خطوط لکھوانے ہیں،اُنہیں نظام ِجماعت کی اطاعت اور احترام سکھانا ہے اور اُن میں خدمت دین کے جذبے کو اُبھارنا ہے۔

انصار اللہ کی عمر ایک پختگی کی عمر ہے۔اپنے نمونوں کو بھی نیک بنائیں۔ اپنے اہلِ خانہ کو بھی اَمر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی نصیحت کرتے رہیں اور خود کو اور اپنے اہل و عیال کو خلافت اور نظامِ جماعت سے چمٹائے رکھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو اور آپ ہمیشہ پھلتے پھولتے رہیںاور خدا تعالیٰ کے فضلوں کے وارث بنتے چلے جائیں۔ آمین‘‘

 (ماہنامہ انصار اللہ ڈائمنڈ جو بلی نمبر جو لا ئی ،اگست 2015ء)

مرا مرشد غنی بھی ہے سخی بھی

 بھلا کس چیز کی مجھ میں کمی ہے

 خلافت کا ہے ہم پہ ٹھنڈا سایہ

 بَلا سے دھوپ جتنی بھی کڑی ہے

 سنور جائیں مقدر اُن کے بگڑے

کرم کی اِک نظر جن پر پڑی ہے

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button