جزائر فجی کے 47ویں جلسہ سالانہ (2017ء) کا کامیاب و بابرکت انعقاد
حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
مختلف موضوعات پر تقاریر اور مجلس سوال و جواب
(رپورٹ آصف احمد عارف۔ مبلغ سلسلہ جزائر فجی)
امسال جزائر فجی کی جماعتوں کو مؤرخہ 23-24 ؍ دسمبر 2017ءکو اپنا دو روزہ سینتالیسواں جلسہ سالانہ جماعتی روایات کے مطابق مسجد فضلِ عمر صووا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ پیارے آقا کی خدمت میں جلسہ سالانہ فجی کے لئے پیغام بھجوانے کی عاجزانہ درخواست کی گئی جس کے جواب میں پیارے آقا نے از راہِ شفقت احبابِ جماعت فجی کے لئے جلسے کی اغراض کو بیان کرتے ہوئےنیز احبابِ جماعت فجی کو اُن کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرتے ہوئے انگریزی زبان میں خصوصی پیغام سے نوازا۔ اس پیغام کا خلاصہ اپنی ذمہ داری پر ہدیۂ قارئین ہے۔
خصوصی پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
احمدیہ مسلم جماعت فجی کے پیارے ممبرز
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہُ
میں بہت خوش ہوں کہ آپ اپنا 47 واںجلسہ سالانہ 23 اور 24 دسمبر کومنعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بابرکت اور کامیاب کرے اور تمام وہ افراد جو اس روحانی جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں بہت زیادہ روحانی فائدےاور بے شمار برکات حاصل کرنے والے ہوں۔
ہر احمدی جانتا ہے کہ ہمارا جلسہ سالانہ جہاں کہیں اور جس ملک میں بھی منعقد ہوتا ہےجس کے لئے آپ بھی ایک بار پھر فجی میں اکٹھے ہوئے ہیں یہ دنیاوی امور اور کھیل کود کے لئے نہیں ہے۔ بلکہ ہمارا اکٹھے ہونے اور جلسہ کا مقصد روحانی ماحول ہے جس سے فائدہ اُٹھانا ہے تا اپنی اخلاقی اصلاح کی جا سکے۔ ہمارا بنیادی مقصد اپنے دینی علم کو بڑھانا اور تقویٰ میں ترقی کرنا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اسلام احمدیت کی اس خوبصورت تعلیم کو پہلے سے بڑھ کر جانیں جس کو ماننے کا ہم دعویٰ کرتے ہیں اور جس کو قبول کرکے ہم نے بیعت کی ہے اور اپنے ایمان کی حقیقت کو پہچانیں اور حقوق اللہ اور حقوق العباد سے متعلق اس کی خوبصورت تعلیمات پر بھرپور عمل کرنے کی کوشش کریں۔
آپ اس جلسہ میں جماعت کے مقررین کی تقاریر کو غور اور توجہ سے سنیں۔ یاد رکھیں کہ مقررین بہت محنت اور کوشش سے اپنی تقاریر تیار کرتے ہیں اس لئے ان کو غور سے سننا بہت ضروری ہے۔ یہ ہم پر خدا تعالیٰ کا بہت ہی فضل ہے کہ ہمارے مقررین کی تحقیق کی بنیاد قرآنِ کریم، سنت واحادیث رسول اللہ ﷺاور حضرت مسیح موعودؑ کے پُر حکمت ارشادات پر ہوتی ہے۔ حکمت اور دانائی کی باتیں وہ ہمارے سامنے پیش کرتے ہیں۔ تاہم آپ جلسہ میں اس نیت کے ساتھ شامل ہوں کہ نہ صرف آپ نے اسلام احمدیت کے بارہ میں اپنے علم کو مزید بڑھانا ہے بلکہ عملی طور پر اُسے اپنی زندگیوں میں لاگو بھی کرنا ہے۔ اگر آپ اسلام کی تعلیمات کا پُر خلوص ہو کر اور پوری کوشش کے ساتھ علم حاصل کریں گے تو یقیناً آپ اپنی زندگیوں میں ایک غیر معمولی انقلاب پیدا کر سکتے ہیں۔
ہمیشہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے کئے گئے عہد کو اور بیعت کو یاد رکھیں اور اپنی زندگیوں کو شرائطِ بیعت کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں۔ بطور ایک ذمہ دار احمدی مسلمان تمام امور اور معاملات میں خوبصورت نمونہ دکھائیں اور خاص طور پر نرمی کا مظاہرہ کریں، دوسروں کا احساس کریں اور سب کا خیال رکھیں۔ مزید یہ کہ آپ جس ملک میں بھی رہیں اُس کی خیر خواہی اور وفا داری میں ایک بہترین نمونہ بنیں۔ اپنے ملک کے لئے محبت کا اظہار کریں۔ یہ اس لئے کہ ہمارے نبیﷺ کی بنیادی تعلیم ہے کہ ”اپنے ملک سے محبت ایمان کا ضروری حصہ ہے۔
یہ ہر احمدی مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کی پُر امن تعلیم کو دنیا کے کناروں تک پہنچائے۔ مَیں آپ کو تبلیغ کے بارہ میں بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں جو کہ ہراحمدی کے لئے ضروری ہے اور یہ کہ باقاعدگی سے نئے نئے راستے اور مقامات تلاش کریں جس کے ذریعہ آپ اپنے علاقہ کے تمام لوگوں تک احمدیت کا پیغام پہنچاسکیں۔
اللہ تعالیٰ کا یہ محض فضل ہے کہ اُس نے جماعت احمدیہ کو خلافت جیسی نعمت سے نوازا ہے۔ پس اب جماعت کی ترقی حقیقی رنگ میں احیاءِ اسلام اور تمام دنیا میں قیامِ امن یہ سب اب خلافت ہی سے وابستہ ہیں۔ اس لئے مَیں فجی کے تمام احباب کو توجہ دلاتا ہوں کہ وہ ہمیشہ خلافتِ احمدیہ سے وابستہ رہیں اور وفا کا نمونہ دکھائیں۔ باقاعدگی سے ایم ٹی اے خود بھی دیکھیں اور اپنے فیملی ممبرز کو بھی، خاص طور پربچوں کو اس کے دیکھنے کی تلقین کریں۔ بالخصوص باقاعدگی سے میرے خطباتِ جمعہ اور خطابات اور دوسرے موقع پرکی گئی تقاریر کو سنیں اور میری ہدایات اور نصیحتوں پر عمل کریں۔ یہ امر آپ کو خلافت سے مضبوط تعلق قائم کرنےاور ایمان میں مضبوطی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے گا۔ نیز دنیا بھر کی ہماری جماعت میں ایک ہی سوچ، ایک ہی مقصد ایک سمت کو قائم کرنے کا باعث بنے گا۔
اللہ تعالیٰ ہرایک کو جو جلسہ میں شامل ہواہے اس جلسہ کے مقصد کو پورا کرنے کی توفیق دے اور وہ ہمیں اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔نیکی، اچھے کردار اور اخلاص کے ساتھ اسلام اور انسانیت کی خدمت کی توفیق دے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔ آمین!
والسلام
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس
کئی وقارِ عمل کے ذریعہ خدام، انصار و لجنہ نے دن رات مسجد فضلِ عمر کے احاطہ کی تیاری و صفائی کی ، جلسہ سالانہ کیلئے باقاعدہ سٹیج تیار کیا گیا، اور مسجد فضلِ عمر کو خوبصورت بینرز، جھنڈیوں اور پھولوں سے سجایا گیا۔
زیرِ نگرانی افسر صاحب جلسہ سالانہ اور جلسہ گاہ جمعۃالمبارک کے روزمورخہ 22 ؍دسمبر 2017ء بعد نماز مغرب و عشاء امیر و مبلغ انچارج فجی محترم مولانا محمود احمد صاحب نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے منتظمین اور معاونین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ۔
23 ؍دسمبر 2017 بروز ہفتہ
جلسہ کے پہلے دن کا آغاز باقاعدہ با جماعت نمازِ تہجد سے ہوا اور بعد از نمازِ فجر مساجد کے آداب کے عنوان پر قرآن وحدیث، حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کرام کے ارشادات کی روشنی میں درس بھی پیش کیا گیا ۔
صبح 10:30بجے محترم امیر صاحب اور افسرصاحب جلسہ سالانہ نے پُر جوش نعروں کی گونج میں لوائے احمدیت اور فجی کے جھنڈے کو ہوا میں بلند کیا اور دعا کرواکر باقاعدہ جلسہ کا آغاز کیا ۔ جس کے بعد مسجد کے ہال میں تلاوت قرآن کریم کے ساتھ اجلاس اوّل کی باقاعدہ کارروائی شروع ہوئی۔ گروپ قصیدہ اورنظم کے بعد امیر و مبلغ انچارج فجی مکرم مولانا محمود احمد صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں شاملین جلسہ کے سامنے پیارے آقا کے پیغام کو پڑھ کر سُنایا اور احبابِ جماعت کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے محبت بھرے پیغام کی روشنی میں خلافت کے ساتھ اطاعت ووفا کے تعلق کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کی طرف توجہ دلائی اور بتایا کہ یہ بات اُسی وقت ممکن ہے جب ہم حضور پُر نور کے ارشاد کے مطابق ایم ٹی اے باقاعدہ سننے کی عادت ڈالیں گے ۔نیز پیارے آقا کے پیغام میں بیان فرمودہ نصائح، مقاصد جلسہ سالانہ، پاک خیالات اور نیک زندگی کے حصول کی کوشش، عبادات میں باقاعدگی اور تبلیغ کی طرف توجہ جیسے ارشادات کو بڑے درد اور تفصیل سےسمجھایا اور دعا کروائی۔ اس اجلاس میں اس کے علاوہ دونظمیں اور دوتقاریر بعنوان حضرت امیر المومنین کی ایمان افروز مصروفیات اور احبابِ جماعت کی ذمہ داریاں اور مالی قربانی کی اہمیت اور ہماری ذمہ داریوں پر پیش کی گئیں ۔
نماز ظہرو عصر اور ظہرانہ کے بعد لجنہ اپنے جلسہ کے پروگرامز کے لئے ایوان ِمصطفیٰ میں چلی گئیں اور لوکل فجین ممبران کے لئے لائبریری میں علیحدہ پروگرام کا انتظام کیا گیا جس میں انگلش اور فجین زبان میں پروگرام کیا جاتا ہے۔ فجین سیشن میں عبادت کی اہمیت اور جماعت کے عالمی تعلقات اور خلافت کی برکات کو بیان کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں نیک نمونے قائم کرنے کی طرف توجہ دلائی اور بتایا کہ حضورِ انور کے ارشاد کے مطابق ہمیں اپنے ماحول میں اس سچائی اورہدایت کی روشنی کا پیغام آگے دوسروں تک بھی پہنچانا چاہئے جس کے بعد آنے والے مہمانوں نے اسی مناسبت سے سوال وجواب بھی کئے جس میں بعض غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے جبکہ مین جلسہ گاہ میں دوسرے اجلاس میں پانچ تقاریر پیش کی گئیں اور خاص طور پر تقویٰ اور نمازوں کی پابندی پر توجہ دلائی گئی۔ یہ دوسرا اجلاس مختلف سیشنز میں منعقد ہونے کے بعد شام 5 بجے اختتام پذیر ہوا۔
مجلس سوال وجواب
نماز مغرب اور عشا ءکے بعد احبابِ جماعت کے ساتھ مجلس سوال وجواب کا اہتمام کیا گیا جس میں شاملین مرد وزن نے مختلف سوالات کئے جس کے مبلغین کرام نے تسلی بخش جوابات دئے الحمدللہ کہ یہ پروگرام بھی نہایت کامیاب رہا ۔
24 ؍جنوری 2017ء
جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی با جماعت نماز تہجد سے ہوااور بعد از نمازِ فجر قومی اصلاح ذاتی اصلاح کے بغیر نہیں ہو سکتی کے عنوان پر درس پیش کیا گیا
8:30بجے صبح تلاوتِ قرآن کریم سے اجلاس سوم کی کارروائی شروع ہوئی جس میں اطاعتِ نظام، بدرسومات کے خلاف جہاد، اور تربیتِ اولاد جیسے عناوین پر تقاریر ہوئیں۔
نظامِ وصیت سیشن
امسال محترم امیر صاحب نے جلسہ سالانہ کے پروگرام میں نظامِ وصیت کےحوالہ سے ایک سیشن رکھا جس میں نیشنل سیکرٹری وصایا کی زیرِ صدارت نظامِ وصیت کی اہمیت و برکات احبابِ جماعت کے سامنے پیش کی گئیں نیز حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز اور خلفاءِ احمدیت کے با برکت ارشادات پر مشتمل ویڈیو بھی دکھائی گئی۔اللہ تعالیٰ اِس کے مثبت نتائج پیدافرمائے اور زیادہ سے زیادہ احبابِ جماعت کو اس بابرکت الٰہی نظام میں شمولیت اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اختتامی اجلاس محترم امیر صاحب کی زیرِ صدارت تلاوتِ قرآن کریم سے شروع ہوا جس میں نظم کے علاوہ ایک گروپ نظم بھی پیش کی گئی جس میں کلمہ لا الٰہ الا للہ کو انگلش ،فجین اور بنابن زبان کے تراجم کے ساتھ ترنّم میں پیش کیا گیا ۔ گروپ نظم کے بعد خلافت علیٰ منہاجِ نبوت نیز اپنے ربّ کے لئے مکمل فرمانبرداری جیسے اہم عناوین پر دوتقاریر بھی پیش کی گئیں۔ تقاریر کے بعد مکرم امیر ومبلغ انچارج صاحب فجی نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ایمان افروز خطبہ جمعہ فرمودہ 31؍مارچ 2017ء کی روشنی میں احبابِ جماعت کو خدا تعالیٰ کی صفت ستاری کے مختلف پہلوؤں کو پیش کرتے ہوئے اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ ہمیں اپنے بھائیوں کی پردہ پوشی کرنی چاہئے اور ایک دوسرے کے لئے دعا کرنی چاہئے تا کہ ہم معاشرے میں ایک پُر امن ماحول قائم کرنے والے بن سکیں۔ تقریر کے اختتام پر محترم امیر صاحب نے گزشتہ سال میں وفات پانے والے احباب ِ جماعت کے نام بغرضِ دعا پیش کئے اور جلسہ سالانہ کا باقاعدہ اختتام دعا سے کیا۔
اس جلسہ میں تین جزائر کی 10 جماعتوں سے 287 احبابِ جماعت کو شمولیت کی توفیق ملی جن کے علم وایمان کی ترقی کے لئے جلسے کے پروگرامز میں تقاریر کے علاوہ جماعت کے علمی خزانے پر مشتمل کتابوں کی نمائش کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اِسی طرح مختلف قرآنی ارشادات، احادیث اور سیدنا حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کے خوبصورت رنگوں کے بینرز بھی آویزاں تھے جو ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔
قارئین سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے شیریں ثمرات و برکات سے تمام شاملین کو نوازے اور فجی میں جماعت کی ترقی کی راہوں کو کشادہ کرے۔
٭…٭…٭
