جلسہ سیرت النبیﷺجامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا
اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
یوں تو جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل میں دوران سال حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ،سوانح اور آپ کے کامل اخلاق کے بیان پر مبنی پروگراموں کا سلسلہ کسی نہ کسی رنگ میں جاری رہتا ہے تاہم ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں10؍ نومبر 2019ء بروز اتوار صبح ساڑھے نو بجے خصوصی طور پر ایک جلسہ سیرت النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ الحمد للہ۔ طلبا اور اساتذہ اس اہم پروگرام سے فیض پانے کے لیے موجود تھے۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو ترجمہ کے ساتھ کیا گیا جو عزیزم حافظ عبدالباسط نے پیش کی۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کانعتیہ منظوم کلام ‘ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے’ عزیزم طاہر رمضان مرونڈا نے خوش الحانی کے ساتھ پڑھا۔ ‘آنحضورﷺ کی صفتِ سخاوت’ کے موضوع پر ایک تقریر عزیزم حفیف ابراہیم نے انگریزی زبان میں پیش کی جس کے بعد آنحضرتﷺ کی مدح میں لکھا گیا حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا قصیدہ ‘یا عین فیض اللّٰہ والعرفان’عزیز حافظ عثمان ییبواہ نے ترنم کے ساتھ پڑھا۔ مکرم محمد نصیر اللہ صاحب استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل نے ‘صداقت نبویﷺ از روئے بائبل’ کے موضوع پر ایک مدلّل تقریر پیش کی۔
بعد ازاں عزیزم الیاس آدم اور ان کی ٹیم نے ایک نعتیہ ترانہ چار مختلف زبانوں میں ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ ‘آنحضرتﷺ ایک مربی اعظم’ کے موضوع پر مکرم عبدالسمیع خان صاحب نے ایک تقریر پیش کی۔ جلسہ کے دوران طلبا فرطِ جذبات سے نعرہ ہائے تکبیربھی بلند کرتے رہے اور درود شریف کا ورد بھی جاری رہا۔ صدر مجلس مکرم مرزا خلیل احمد بیگ صاحب نے اختتامی کلمات کے بعد دعا کے ساتھ اس بابرکت اور روحانی جلسہ کا اختتام کروایا۔ جس کے بعد تمام طلبا ء کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
(رپورٹ: انتصار احمد۔استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)