اطلاعات و اعلانات
سانحہ ہائے ارتحال
٭…مکرم وقاص احمد صاحب اطلاع دیتے ہیں کہ ان کے والد محترم اسحاق احمد صاحب ولدرانا اشفاق احمد صاحب ساکن دارالیمن وسطی ربوہ حال آگرہ تاج صدر کراچی مورخہ 8؍اپریل 2021ءکو بعمر56سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآاِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
مرحوم گزشتہ تقریباً 11 سال سے مختلف عوارض کی وجہ سے صاحب فراش تھے۔ 2009ء میں ان کا گردہ بھی تبدیل کیا گیا تھا ۔ مرحوم کراچی میں عرصہ 30 سال سے بطور مکینک کام کرتے تھے ۔ مارکیٹ میں اچھے اثر و رسوخ کے مالک تھے۔ غیر از جماعت احباب بھی ان کے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے آپ اچھی شہرت کے مالک تھے ۔
آپ نے اپنے چھوٹے بھائیوں کو روزگار دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ آپ ایک خدا ترس ، ہمدرد اور ہر ایک کے دکھ درد میں شریک ہونے والے انسان تھے ۔ اپنے والدین کی بھر پور خدمت کرنے والے تھے۔ آپ خد اتعالیٰ کے فضل سے موصی تھے آپ کی نماز جنازہ مورخہ 9؍اپریل 2021ء کو محلہ دارالیمن میں پڑھائی گئی جبکہ بہشتی مقبرہ توسیع میں قبر تیار ہونے پر دعا کروائی گئی ۔
مرحوم نے اپنے لواحقین میں بیوہ کے علاوہ تین بیٹے ، دو بیٹیاں اور تین بھائی یادگار چھوڑے ہیں۔ جبکہ ایک بیٹی مکرم حافظ رانا انصر محمودصاحب کی اہلیہ ہیں ۔
احباب جماعت کی خدمت میں مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی نیز لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا کی درخواست ہے ۔
٭… مکرم محمد افضل ظفر صاحب کینیاتحریر کرتے ہیں کہ نیروبی جماعت کی ایک نہایت ہی مخلص ممبر مکرمہ امۃ الرشید صا حبہ اہلیہ محترم شیخ مشہود احمد صاحب سابق صدر مجلس انصار اللہ کینیا طویل علالت کے بعد مورخہ 7؍مئی 2021ءکو وفات پا گئیں۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآاِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
اسی روز ان کی نماز جنازہ مکرم مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے پڑھائی اور احمدیہ قبرستان نیروبی میں قطعہ موصیان میں تدفین ہوئی۔
مرحومہ کے دادا حضرت ڈاکٹر عبداللہ احمدی صاحب اور نانا حضرت ڈاکٹر عمر دین صاحب دونوں کو سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی ہونے کا شرف حاصل تھا ۔آپ کے والد مکرم اکرام احمدی صاحب بھی نیروبی جماعت کے نہایت مخلص رکن تھے۔مرحومہ مکرم شیخ شاہد احمد صاحب سابق صدر جماعت کیمبرج برطانیہ،مکرم شیخ سمیر احمد صاحب نائب امیر و صدر مجلس انصاراللہ کینیا اور مکرم شیخ وقار احمد صاحب سیکرٹری تحریک جدید کینیا کی والدہ محترمہ تھیں ۔آپ بفضل خدا موصیہ تھیں ایک لمبے عرصہ تک لجنہ اماءاللہ میں خدمات بجا لانے کی توفیق ملی ۔آپ چندوں میں بہت باقاعدہ تھیں اس کے علاوہ ہر تحریک میں بھرپور حصہ لیتیں۔ نہایت خلیق، ہمدرد اور غریب پرور تھیں ۔آپ کے پسماندگان میں خاوند کے علاوہ تین بیٹے دو بہوئیں اور دو پوتے شامل ہیں۔
احباب جماعت سے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
٭…مکرمہ عطیۃالقدیر صاحبہ اہلیہ مکرم عمران حفیظ صاحب سربٹن یوکے تحریر کرتی ہیں کہ
خاکسار کے والد محترم صوبیدار میجر ریٹائرڈ فاروق احمد صاحب تاج پورہ لاہور مورخہ 2؍اپریل 2021ءکو وفات پا گئے۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآاِلَیْہِ رَاجِعُوْن۔
آپ سلمیٰ بیگم آف ساہیوال کے بیٹے اور بابو فقیراللہ صاحب ابن شیخ برکت علی را ہوا ں جالندھر کے نواسے تھے۔ آپ ترکھئی بنگلہ تحصیل عارف والا ضلع ساہیوال میں ایک مخلص احمدی گھرانے میں پیدا ہوئے ننگل الانبیاء ہائی سکول سے کلاس نہم پاس کرکے پہلے بطور رضاکار پاک فوج میں بھرتی ہوئے پھر 20؍نومبر1965ءکومستقل شمولیت اختیار کر لی جہاں سے 30 سال خدمت کے بعد مئی 1994ءمیں صوبیدار میجر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے۔بعد ازاں مختلف اداروں میں بطور سٹور کیپر کام کیا اپنی تمام تر ملازمت کے دوران جہاں جہاں تبادلہ ہوتا وہاں کی جماعت سے اپنا اور فیملی کا تعلق ضرور قائم رکھتے۔ چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرتے اور خلیفۂ وقت کی ہر تحریک پر لبیک کہتے۔ 2010ء میں جب آپ نے نوکری چھوڑی تو جماعتی کاموں میں مشغول ہو گئے آپ 2010ءسے 2015ء تک نائب زعیم اعلیٰ گلشن پارک رہے۔
2012-2013ءتک جماعت احمدیہ تاج پورہ میں بطور سیکرٹری و صایا خدمت کی توفیق پائی۔وہیں پر 30؍احباب (مرد وزن) کو اس بابرکت نظام میں شامل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔2013ء سے مجلس انصار اللہ ضلع لاہور کے دفتر میں نائب ناظم اعلیٰ عمومی مجلس انصار اللہ خدمت تا وفات کرتے رہے۔2018ءسے تا وفات نائب زعیم اعلیٰ اور منتظم تجنید تاج پورہ کی ذمہ داری ادا کر رہے تھے ۔
آپ متقی، تہجد گزار،حقوق اللہ اورحقوق العباد ادا کرنے والے ہمدرد نافع الناس وجود اور شفیق باپ اور سسر تھے ساری زندگی اپنی اولاد کی پرورش حلال اور پاکیزہ روزی سے کی۔ اولاد کے حقوق بطریق احسن ادا کیے۔آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔
آپ کی تدفین3؍اپریل کی صبح بہشتی مقبرہ ربوہ میں عمل میں آئی۔
مرحوم نے اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے اور چھ بیٹیاں اور ایک بہن سوگوار چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں 23 نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں عطا کیے۔
احبابِ اکرام سے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی درخواست ہے ۔
درخواستہائے دعا
٭ مکرم ذیشان محمودصاحب مربی سلسلہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں : خاکسار کی بھانجی عزیزہ ھیفا سحر بنت غالب احمد صاحب آف کراچی بعمر چار سال کو ماہ اپریل میں موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے سبب بائیں ٹانگ پر ٹخنے سے اوپر دونوں ہڈیوں کا فریکچر ہوا تھا۔ ایک ماہ پلستر رہنے کے بعد بھی ہڈی مکمل طور پر نہیں جڑی جس کے سبب دوبارہ پلستر کیا گیا ہے۔
عزیزہ واقفہ نو اور نہایت ذہین ہے۔ اسی حالت میں سکول جا کر پریپ کا امتحان دیا اور الحمدللہ تمام مضامین اور مختلف شعبوں میں سو فیصد مارکس لے کر نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
احباب کرام سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ پیاری سی بچی کو صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور تمام پیچیدگیوں سے محفوظ رکھے۔ آمین
٭…مکرم محمد یعقوب صاحب کارکن ایوان محمود ربوہ تحریر کرتے ہیں : خاکسا ر کی اہلیہ مکرمہ غلام فاطمہ صاحبہ کو مورخہ 17؍اپریل 2021ء کو بڑا سخت کورونا ہوا تھا پہلے نمونیہ اور شوگر بھی تھی ۔ طاہر ہارٹ ربوہ میں داخل کروایا گیا۔ ان کے پھیپھڑے کورونا کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ آکسیجن اتارنے پر ان کا آکسیجن لیول 55-60 تک آجاتا ہے جو کہ کافی پریشانی کا باعث ہے ۔
احباب جماعت سے خصوصی دعا کی درخواست ہے کہ مولا کریم جلد از جلد کامل صحت عطا کرے او رہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے ۔ آمین
٭… مکرم عظمت اللہ باجوہ صاحب آسٹریلیا سے تحریر کرتے ہیں : خاکسار کے خسر محترم ڈاکٹر محمد اسلم ناصر صاحب آف آسٹریلیا ان دنوں یوگنڈا مشرقی افریقہ میں مقیم ہیں اور گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے بیمار چلے آرہے ہیں ۔ اب ان کے گردوں کا انفیکشن اور دل کی تکلیف بڑھ گئی ہے ۔ کمزوری بہت زیادہ ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق طبیعت کافی تشویشناک ہے ۔
احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ شافیٔ مطلق معجزانہ طور پر شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین
٭… ہشام احمد طاہر صاحب مغلپورہ لاہور تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والدعتیق احمد صاحب مغل پورہ لاہور کا مورخہ 26 مئی کو شالامار ہسپتال میں پتے کا آپریشن ہوا ہے۔ آپریشن سے قبل مختلف ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا تھا کہ جگر کا کچھ حصہ بھی متاثر ہے۔احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والد محترم کو جلد صحت کاملہ سے نوازے اور اپنے فضل سے ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین