خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(22؍نومبر ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 257,927,463
صحت یاب ہونے والے: 232,828,623
وفات یافتگان: 5,170,545
٭…مسجد الحرام کی پہلی منزل کو صرف طواف کرنے والوں کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔ نگراں حرم اسپیشل فورسز نے بتایا کہ طواف کرنے والوں کے لیے اوقات کار رات 12 سے 3 اور صبح 6 سے 10 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ توکلنا ایپ پر اوقات متعین کیے جائیں گے تاکہ طواف پرمٹ کا حصول آسان ہوسکے۔
٭…وزارت حج و عمرہ کی جانب سے زائرین کی عمر کی حد کی تعیین سے متعلق اعلامیہ کے مطابق بیرون ملک سے صرف 18 تا 50 سال کی عمر کے زائرین کو عمرہ کے پرمٹ اور مسجدالحرام میں نماز کی ادائیگی کے پرمٹ جاری ہوں گے۔ نیز ان کاکہنا ہے کہ عمرہ ویزہ لینے والے غیر ملکی زائرین اپنے ملک میں لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی سے رابطہ کریں۔ اس ٹریولنگ ایجنسی کا کسی سعودی عمرہ کمپنی کے ساتھ منسلک ہونا بھی ضروری ہے۔
٭… امریکہ کی ریاست وسکونسن میں ایک گاڑی ایک کرسمس پریڈ سے جا ٹکرائی جس میں ’کئی ہلاکتوں‘کا خدشہ ہے اور بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔اتوار کی رات کو ملواکی شہر کے علاقے واکیشا میں سالانہ کرسمس پریڈ جاری تھی کہ مقامی وقت شام ساڑھے چار بجے ایک گاڑی پریڈ کے شرکا سے ٹکرا گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی معلومات ابھی اکٹھی کی جا رہی ہیں مگر اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 20 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
٭… افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے چند نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے جن کے تحت خواتین پر ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔انھی قواعد کے مطابق خواتین صحافی اور ٹی وی اینکرز کو پابند کیا گیا ہے کہ ٹی وی پر آنے سے قبل انھیں سر ڈھانپنا ہو گا۔افغانستان میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے نافذ کیے گئے چند قواعد مکمل طور پر واضح نہیں ہیں اور ان کی تشریح (وضاحت) کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس اگست میں جب طالبان افغانستان میں برسراقتدار آئے تھے تو کئی لوگوں کو خدشہ تھا کہ وہ آہستہ آہستہ ملک میں سخت نوعیت کی پابندیاں لاگو کریں گے خاص کر خواتین کے حوالے سے۔ شدت پسند اسلامی گروپ، طالبان، نے امریکی اور اتحادی افواج کے جانے کے بعد ملک پر قبضہ کر لیا تھا اور خواتین اور بچیوں کے سکول جانے سے پابندی عائد کر دی تھی۔نوے کی دہائی میں ان کے پہلے دور حکومت میں بھی خواتین کو کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے پر پابندی تھی۔افغانستان میں ٹی وی چینلز کو حکومت کی جانب سے آٹھ ضوابط پر مبنی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ان میں شریعت یعنی اسلامی قوانین اور افغان اقدار کے منافی فلموں پر پابندی اور مردوں کے برہنہ جسم کی نمائش پر پابندی ہے۔اس کے علاوہ مزاح کے ایسے پروگرام جس میں مذہب کی تضحیک اڑائی جائے یا جو کسی کو ناگوار گزریں، اُن پر بھی پابندی ہو گی۔طالبان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسی غیر ملکی فلمیں جو غیر ملکی ثقافتی اقدار کا پرچار کریں، اُن کی نمائش بھی نہیں ہو سکتی۔افغانستان کے ٹی وی چینلز پر عمومی طور پر غیر ملکی ڈرامے نشر کیے جاتے ہیں جن میں خواتین مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔
٭…امریکی نائب صدر کمیلا ہیرس نے امریکہ کی پہلی خاتون صدر بننے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن کے میڈیکل چیک اپ کے دوران 1 گھنٹہ 25 منٹ تک صدارت کا عہدہ سنبھالا۔ امریکی صدر جوبائیدن نے اپنے ایک چیک کے باعث صدارتی پاورز کملا ہیرس کو دیں تھیں، بعد ازاں ان سے صدارتی ذمے داریاں واپس لے لی گئیں۔ ان کے پاس انتہائی مختصر مدت کے لیے امریکی فوج اور جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول بھی رہا۔
٭…ایران سے متعلق خلیجی امریکی کمیٹی کے مشاورتی اجلاس میں خلیجی گروپ نے ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے عالمی کوششوں پر زور دیا۔ اس اجلاس میں اردن، مصر، جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ خلیجی گروپ نے کہا کہ ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے اور خطے کے استحکام کے سلسلے میں بین الاقوامی کوششوں کی حمایت ناگزیر ہے۔
٭…سعودی اتحادی فورسز کا کہنا ہے کہ یمن کے شہر صنعا، صعدہ اور مارب میں حوثیوں کے 13 فوجی ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں حوثیوں کے اسلحہ ڈپو، فضائی دفاعی نظام اور ڈرون مواصلاتی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
٭…افغانستان کے لیے جرمنی اور ہالینڈ کے خصوصی نمائندوں نے وفد کے ہمراہ گذشتہ روز افغان نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر اور نگراں وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔ جرمن دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جرمنی اور نیدرلینڈز افغان محکمہ تعلیم و صحت کے اسٹاف کی تنخواہیں براہِ راست ادا کریں گے۔ افغان ملازمین کی تنخواہوں کے لیے دی جانے والی امداد طالبان حکومت کو نہیں دی جائے گی۔ترجمان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے بھی اساتذہ اور ڈاکٹرز کی تنخواہیں براہ راست اکاؤنٹس میں منتقل کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
٭…برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل کا حماس کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حماس کے پاس نمایاں دہشت گردی کی صلاحیت اور جدیدہتھیار اور دہشت گردی کی تربیت دینے کی سہولیات ہیں۔برطانوی وزیر داخلہ کی جانب سے پابندی کے اعلان کے بعد حکومت جلد ملکی پارلیمنٹ سے رجوع کرے گی۔ اس پابندی کے بعد کوئی بھی برطانوی شہری اس کی حمایت نہیں کرسکے گا جبکہ حماس کے جھنڈے اور دیگر ملبوسات پر اس کی تشہیر کی بھی پابندی ہوگی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکہ اور یورپی یونین بھی حماس پرپابندی عائد کرچکے ہیں۔برطانیہ کے پابندی کے فیصلے پر حماس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی غاصبیت کی طرفداری کرنے والے برطانیہ کا اقدام مکمل طور پر متعصبانہ ہے۔
٭…19 نومبر بروز جمعۃ المبارک کو 12ہویں صدی کے بعد طویل ترین جزوی چاند گرہن کا نظارہ یورپ کے بیشتر ممالک ،امریکا، چلی ،شمالی امریکا اور آسٹریلیا کے شہریوں نے کیا۔ جزوی چاند گرہن کا کل دورانیہ تین گھنٹے 28 منٹ اور 24 سیکنڈز رہا اور عمومی طور پر یہ گزشتہ ایک ہزار سال میں سب سے طویل دورانیے کا چاند گرہن تھا البتہ جزوی چاند گرہن کی بات کی جائے تو گزشتہ 580 برس میں اس سے طویل جزوی چاند گرہن نہیں ہوا۔اس طرح کا چاند گرہن مستقبل میں ممکنہ طور پر 648 برس بعد یعنی 8 فروری سن 2669 عیسوی میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
٭…روس کے دو اسٹریٹیجک بمبار طیاروں کی الاسکا کے قریب پرواز کے حوالہ سے روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی ٹی یو 95 اسٹریٹیجک بمبار طیاروں نے الاسکا کے قریب غیر جانبدار پانیوں (بین الاقوامی سمندری حدود) میں 10 گھنٹے طے شدہ پرواز کی ہے۔گزشتہ روز روسی صدر پیوٹن نے روسی فضائی حدود کے قریب مغربی فوجی طیاروں کی پرواز کی شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی اسٹریٹیجک بمبار طیاروں نے روسی سرحد کے 20 کلومیٹر اندر پرواز کی۔ انہوں نے کہا کہ مغرب روس کی وارننگز کو غیر سنجیدہ طور پر لے رہا ہے۔
٭…20؍ نومبر عالمی یوم اطفال کے موقع پر اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈز کے ادارے یونیسیف نے افغانستان میں 10 لاکھ بچوں کی جان کے خطرے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان ہی حالات کی وجہ سے ہم نے اس سال افغانستان میں بچوں کاعالمی دن نہیں منایا۔یونیسیف نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں وہاں غذائی قلت سے 10 لاکھ بچوں کی جان کو خطرہ ہے۔
٭…آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے آسٹریلین انڈین کمیونٹی سینٹر کے باہر بھارت کے بانی رہنما مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ تاہم اگلے روز ہی کسی نامعلوم شخص نے مجسمے کا سر دھڑ سے الگ کرنے کے لیے تیز دھار آلے سے کاٹنے کی کوشش کی جس سے مجسمے کو شدید نقصان پہنچا۔ وکٹوریہ پولیس نے عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاتما گاندھی کے مجسمے کو نقصان پہنچانے والے نامعلوم افراد کا سراغ لگانے میں مدد کریں تاکہ جلد از جلد ملزم کو سزا دی جاسکے۔
٭…امریکہ میں انسانی حقوق کے علمبردار میلکم ایکس کے قتل میں ملوث دو مسلمانوں کو واقعے کے 56برس بعد نظر ثانی کرتے ہوئے عدالت نے بری کردیا ہے۔ عدالت نے نظر ثانی فیصلے میں تسلیم کیا کہ محمد عزیز اور خلیل اسلام کو غلط سزائیں سنائی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ محمد عزیز کو 1985ء اور خلیل اسلام کو 1987ء میں رہائی دے دی گئی تھی، خلیل کاانتقال بارہ سال پہلے ہوچکا ہے۔محمد عزیز کا کہنا ہےکہ انہیں ایسے کرپٹ نظام کا سامنا کرنا پڑا جسے امریکہ میں سیاہ فام بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ یہ عدالتی نظام اس نقصان کی بھی ذمہ داری قبول کرے جو انہیں 55 برس بھگتنا پڑا۔
٭…برطانوی لڑاکا طیارہ ایف 35 معمول کے آپریشن کے دوران بحیرۂ روم میں گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثہ میں پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔
٭…خود مختار کار، ریل، بسوں اور دیگر کئی ایجادات کے بعد ناروے میں دنیا کے سب سے پہلے مکمل طور پر الیکٹرک خود مختار کارگو جہاز کی نقاب کشائی کی گئی ہے۔ یہ خودمختار کارگو جہاز میری ٹائم انڈسٹری کے آب و ہوا کے منفی اثرات کو کم کرنے کی جانب ایک چھوٹا لیکن حوصلہ افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
٭…جرمنی کے شہر ڈزلڈورف میں 15 سے 18 نومبر تک جاری رہنے والی انسانی عوارض کی تشخیص اور ان کے علاج سے متعلق مصنوعات کی سب سے بڑی نمائش Medica 2021اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش میں دنیا کے 50 ممالک سے 500 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی اور اپنی مصنوعات پیش کیں۔ اس حوالے سے الیکٹرو میڈیکل ایکویپمنٹ، لیبارٹری ٹیکنالوجی، آئی ٹی ڈائیگنوسٹک، فزیو اور آرتھوڈوپیڈیک ٹیکنالوجیز، کموڈٹیز کنزیومر گڈز، صحت کی دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمیونیکیشن، میڈیکل سروسز اور صحت کے میدان میں مختلف ضروریات کے لیے مصنوعات شامل تھیں۔
٭…پاکستان میں ڈینگی میں مبتلا مزید 6مریض لقمہ اجل بن گئے جبکہ مزید 279نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اکثر مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی درجنوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
٭…ہالینڈ کے شہر روٹرڈم میں کئی عرصے سے جاری کورونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کیا اور فائر کریکر استعمال کیے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے فائرنگ کردی جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے اور ہجوم میں بھگدڑ مچنے سے بھی متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ نیدرلینڈز کی حکومت کورونا وائرس کی نئی لہر پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے، جمعہ کو ملک میں 21 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ حکومت نے نئی کورونا پابندیاں نافذ کی ہیں جس کے مطابق مخصوص مقامات پر صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو ہی جانے کی اجازت ہے۔
٭…فائزر نے انسداد کورونا گولیوں کی فراہمی کے لیے امریکی حکومت سے 5.3 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق فائزر، امریکی حکومت کو ایک کروڑ افراد کےلیے انسدادِ کورونا گولیاں فراہم کرے گی۔
٭…آسٹریا میں بڑھتے کورونا کیسز پر قابو پانے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن اور کورونا ویکسینیشن لازمی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آسٹرین چانسلر الیگزینڈر شالن برگ کا کہنا تھا کہ آسٹریا میں پیر سے دس روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جو بیس روز تک بھی جاری رہ سکتا ہے جبکہ ملک میں ویکسینیشن اگلے سال یکم فروری سے لازمی کر دی جائے گی۔ فیصلے کے بعد آسٹریا کورونا لاک ڈاؤن دوبارہ کرنے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیا ہے۔واضح رہے کہ آسٹریا میں جمعرات کو کورونا کے ریکارڈ 15 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ ملک میں 66 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔