اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

اعلان ولادت

٭…عدنان احمد شریف صاحب مربی سلسلہ گولارچی ضلع بدین تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل سے خاکسار کے گھرانے کو یکے بعد دیگرے تین نعمتوں سے نوازا ہے ۔الحمدللہ۔خاکسار کے چھوٹے بھائی فرحان احمد کو مؤرخہ 19؍اکتو بر کو اللہ تعالیٰ نے پہلے بیٹے سے نوازا ہے جس کا نام حضور انور نے اشعر احمد تجویز فرمایا ہے۔اور اللہ تعالیٰ نے خاکسار کو 14؍نومبر 2021ءکو دوسرے بیٹے سے نوازا ہے ۔جس کا نام طلحہ حسان تجویز ہوا ہے اور اسی طرح 13؍دسمبر کو خاکسار کے بڑے بھائی محمد حفیظ کو اللہ تعالیٰ نے دو بیٹیوں کے بعد بیٹے سے نوازاہے اور حضور انو ر نے حاوز احمد نام کی منظور ی دی ہےاور ازراہ شفقت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تینوں کو وقف نو کی بابرکت تحریک میں شمولیت کی منظوری عنایت فرمائی ہے تینوںبچےماسٹر محمد شریف سابق صدر جماعت بشیر نگر ضلع عمر کو ٹ کے پوتے ہیں ۔احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نوزائدگان کودرازیٔ عمر سے نوازے اور والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے اور نیک ،صالح اورخلافت کے فدائی اور خادم دین بنائے ۔آمین

سانحہ ہائے ارتحال

٭… جمیل احمد تبسم صاحب مبلغ سلسلہ اوفا ، بشکرتستان، رشیاتحریر کرتے ہیں کہ میری والدہ محترمہ امتہ المجید صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری عبدالعظیم صاحب مہار مرحوم محمودآبادفارم حال دارالرحمت شرقی ربوہ مورخہ 16؍اکتوبر 2021ءطویل علالت کے بعد بقضائے الٰہی وفات پاگئیں ۔انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ خاکسار کی والدہ خدا تعالیٰ کے فضل سے نماز تہجد اور پنجوقتہ نمازوں کی پابند تھیں۔خداتعالیٰ کے فضل سے پیدائشی احمدی تھیں۔موصیہ تھیں۔میری والدہ کے خاندان میں احمدیت ان کے والد صاحب رحمت علی گجرصاحب آف پھیروچیچی نزدقادیان کے ذریعہ آئی جنہوں نے حضرت مصلح موعودؓ کے دستِ مبارک پربیعت کی سعادت پائی۔آپ نبی کریمﷺ،حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ،خلفائےاحمدیت سے بے پناہ عقیدت و محبت کاتعلق رکھتی تھیں ۔اسی طرح خاندانِ مسیح موعودؑ سے بھی بہت عقیدت واحترام کا اظہار کرتیں۔ خداتعالیٰ کی راہ میں اپنی حیثیت کے مطابق قربانی کرنے والی تھیں۔ انتہائی صابرہ وشاکرہ تھیں۔بیماری کاتمام عرصہ بڑے صبراورحوصلہ سے گذارا اوریہی کہتیں کہ یہ سب خداکی رضاہے۔اسی طرح کچھ سال قبل اپنے جوان بیٹے کی وفات پر اورتین سال قبل خاوندکی وفات پر خداکی رضاپرراضی ہوتے ہوئے کمال صبردکھایااوراپنی اولاد کوبھی یہی نصیحت کی۔دوسال قبل جب خاکساررخصت گذارکرواپس آنے لگا تواس وقت بیماری کا شدید حملہ ہواجب خاکسارنے پوچھا کہ اگر کہیں توکچھ دن آپ کے پاس ٹھہرجاتے ہیں۔ توبڑی ہمت اورعزم سے کہا کہ تم واقفِ زندگی ہوہم نے تمہیں خداکی راہ میں دیا ہے جاؤ اورخدمتِ دین کرواللہ تعالیٰ خودفضل فرمائے گا۔قرآن کریم کی تلاوت بہت زیادہ کرتیں اورہراہم کام کے لیے اوربچوں کے لیے ہمیشہ نوافل اداکرتیں۔ خاکسارکووقفِ نوکی بابرکت تحریک میں پیش کیا اوربتاتی تھیں کہ جب سے تم پیداہوئے ہرروزدونوافل تمہارےلیے اداکرتی ہوں کہ تم خداکی راہ میں وقف ہو اوراللہ تعالیٰ تمہیں جماعت کے لیے مفیدوجودبنائے۔خطبہ جمعہ اور ایم ٹی اے کے پروگرام باقاعدگی سے سنتی تھیں ۔جلسہ ہائے سالانہ کےسارے پروگرام دیکھتیں اورجب بعدمیں جلسہ کےپروگرامRepeatہوتے تو دوبارہ سارے پروگرام سنتیں اگرانگریزی یاکسی دوسری زبان میں پروگرام چلتے توزبان نہ جاننے کے باوجود بھی بڑے انہماک سے ایم ٹی اے دیکھتیں اورکہتیں کہ مجھے سمجھ نہیں بھی آرہی لیکن میں برکت کے طورپر دیکھتی ہوں۔ چندہ جات میں باقاعدہ تھیں ۔بیماری میں خدا تعالیٰ کے شکر کے کلمات ہی زبان پر جاری رہتے تھے اوردرودشریف کا ورد کرتیں ۔واقفین زندگی کا بہت احترام کرنے والی تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے خاکسار،منصوراحمدصاحب ربوہ اورعبدالعلیم صاحب واقفِ زندگی کارکن بیتِ اقصیٰ، پانچ بیٹیاں متعددپوتے پوتیاں اورنواسے نواسیاں یادگار چھوڑی ہیں ۔

دُعا کی درخواست ہے کہ خدا تعالیٰ والدہ صاحبہ کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں بھی صبر جمیل دے ، ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطافرمائے اور ہمیشہ ان کی دُعاؤں کا وارث بنائے رکھے۔ آمین ۔

خاکسار ان تمام بزرگان اوراحباب کا شکریہ اداکرتاہے جنہوں نے غم کی اس کی گھڑی میں تعزیت کرکےڈھارس بندھائی۔فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

٭… عابد انور خادم ناظم تبلیغ مجلس انصار اللہ ساؤتھ ریجن یوکے تحریر کرتے ہیں کہ میری ممانی صالحہ پرویز صاحبہ اہلیہ ملک پرویز احمد صاحب مرحوم آف مغلپورہ گنج(شیزان فیکٹری) 21 دسمبر کو پھیپھڑوں میں کینسر کے عارضہ کے باعث وفات پا گئی ہیں۔ مرحومہ ملک منور احمد جاوید صاحب مرحوم نائب ناظر ضیافت کی بھاوج تھیں اور چودھری محمد یوسف صاحب سابق نائب آڈیٹر صدر انجمن احمدیہ کی صاحبزادی تھیں۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں اور 22؍ دسمبر کو نائب ناظر اصلاح و ارشاد نے ان کا جنازہ پڑھایا جس کے بعد بہشتی مقبرہ ربوہ میں آپ کی تدفین عمل میں آئی۔ مرحومہ نے اکلوتی بیٹی عزیزہ صائمہ یادگار چھوڑی ہیں جنہوں نے چار سالہ طویل بیماری میں نہایت مستعدی سے والدہ کی خدمت اور تیمارداری کا فرض سرانجام دیا۔ مرحومہ نہایت دعا گو خاتون تھیں۔ احباب جماعت سے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

درخواستِ دعا

٭… سعید احمدصاحب نیشنل صدر و مشنری انچارج کونگو برازاویل تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار دو ہفتے سے بوجہ ملیریا و ٹائیفائیڈ بیمار ہے۔ خدا کے فضل اور پیارے اۤقا کی دعاؤں سے اب طبیعت کافی بہتر ہے۔ کھانسی اور کمزوری ابھی ہے۔ ڈاکٹرکی ہدایت کے مطابق ادویات لی جا رہی ہیں۔ احباب سے مکمل شفا یابی کے لیے دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ فعال زندگی عطا فرمائے اور جس مقصد کے لیے ہم میدان عمل میں اترے ہیں اسے کما حقہ پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

٭… مکرم ابوبکر کوزو صاحب نیشنل صدر مجلس انصاراللہ کونگو برازاویل پھیپھڑوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں۔ کافی کمزور ہو گئے ہیں۔ علاج ہو رہا ہے۔ ان کی مکمل صحت یابی کے لیے بھی درخواستِ دعا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button